وحدت نیوز (لاہور) غلامی سے انکار، آزاد خارجہ پالیسی، داخلی خودمختاری ہماری پاک سرزمین پر غیر ملکی فوجی اڈوں کی مخالفت، پاکستان کے فیصلے پاکستان میں ہی ہونگے، یہ پاکستان کی عوام کا بیانیہ، ہمارا بیانیہ ہے اور پی ٹی آئی کا بیانیہ ہے جو دین اسلام کا حکم بھی ہے، ہم اس بیانیے پر آخری سانس تک ثابت قدم رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے زمان پارک میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ہمارے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا ہے جو وعدے کیئے گئے تھے وہ پورے نہیں ہوئے۔ قرآن بورڈ اور امن کمیٹیوں میں نظر انداز کیا گیا اور عزاداری کے جلوسوں پر کاٹی گئی ایف آئی آرز بھی خارج نہیں کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے پاس صوبائی اسمبلی کا ووٹ عمران خان کی امانت ہے وہ جہاں کہیں گے ہم دے دیں گے کسی کے کال کرنے سے نہیں اور نہ ہی ہمیں کوئی کال کرنے کی جرآت کر سکتا ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ہمارے تحفظات کو سنا ہے اور درست قرار دیا ہے اور یقین دہانی کرائی ہے کہ بہت جلد مجلس وحدت مسلمین کوپنجاب اور خیبرپختونخواہ میں درپیش مسائل کو حل کر دیا جائے گا۔
واضح ریے کہ اس ملاقات میں چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا ، ایم ڈبلیوایم کے رہنما سید ناصرعباس شیرازی ، اسدعباس نقوی اور دیگر بھی موجود تھے، ایم ڈبلیوایم نے عمران خان کی یقین دہانی کے بعد ووٹ ان کے کہنے پر پرویز الہیٰ کو دینے کا یقین دلایا دیا ہے ۔