وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے شہدائے کربلا کی یاد میں منعقدہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کربلا نے دین اسلام کی بقاء اور سر بلندی کے لئے دشت کربلا میں جو بے مثال قربانی دی وہ بقاء اسلام کی ضمانت ہے۔ شہدائے کربلا نے ظلم و استبداد کی فضاء میں حق و صداقت اور پرچم اسلام کو بلند کرتے ہوئے یزیدی سلطنت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا۔انہوں نے کہا کہ عصر حاضر کی یزیدیت کو رسوا کرنے کے لئے ہمیں حضرت امام حسین علیہ السلام کے نقش قدم پر چلنا ہوگا کربلا ہر دور کے انسانوں کے لئے نظام حیات اور بہترین درسگاہ ہے۔
انہوں نے ملک بھر میں دھشت گردی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وقفے کے بعد ایک مرتبہ پھر کوئٹہ میں ہزارہ شیعہ نسل کشی کا آغاز کیا جا رہا ہے ملک بھر میں ایک سازش کے تحت کالعدم دہشت گرد تنظیموں کی سرپرستی کرتے ہوئے فرقہ وارایت اور نفرت کو ہوا دی جا رہی ہے۔ ریاستی ادارے ملک میں دھشت گردی کی نئی لہر کو روکیں۔