وحدت نیوز(اسلام آباد)چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 5 اگست 2019ء کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ دن ہندوستان کے مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے عیاں کرتا ہے، یہ یوم استحصال ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، تحریک آزادی کشمیر کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے لاکھوں شہداء کو خراج عقیدت و سلام پیش کرتا ہوں، پوری قوم کشمیر کے غیور اور بہادر عوام کے ساتھ کھڑی ہے، جو سالہاسال سے بھارتی ظلم و استبداد کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں، یہ وہ دن ہے جب بھارت نے کشمیری عوام پر اپنے غیر معمولی ظلم وبربریت کی انتہاء کر دی، دنیا بھارتی مظالم سے تو پہلے ہی واقف تھی لیکن کشمیری عوام کا محاصرہ کرکے اس نے حد کردی، قابض فورسز نے شب و روز کشمیری عوام کو اپنے مظالم کا نشانہ بنایا ہوا ہے، روزانہ گھر گھر تلاشی اور جیلوں میں کئی بے گناہ جوانوں کو بے دردی سے شہید کر دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے چار سالوں کے دوران مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کی شرمناک کوشش کی ہے، آرٹیکل 370 اور A-35 غیر منصفانہ اور جنیوا کنونشن 4 کے آرٹیکل 49 کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، مودی سمیت بھارت کی تمام حکومتوں نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو اپنے پاؤں تلے روندہ ہے، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے باوجود عالمی برادری کی مسلسل خاموشی افسوسناک ہے، انسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ کشمیر سمیت پورے ہندوستان میں جاری ہے، مغربی میڈیا نے جب بھارتی عیاری اور مکاری کو آشکار کیا تو اس پر قدغنیں لگا دی گئیں، ہمارے حکمران دنیا کے سامنے کشمیری عوام کے مضبوط موقف کو پیش کرنے سے قاصر ہیں، جس کی بدولت ہندوستان اپنے ناجائز قبضے کو تقویت دے رہا ہے۔