وحدت نیوز (اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے بیان میں کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 147 ویں یوم پیدائش کے موقع پر پوری قوم کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔بابائے قوم کے نظریات کی حفاظت ہمارا قومی فریضہ ہے ۔بانی پاکستان نے ہمیشہ امت مسلمہ کے وقار کی سربلندی کو مقدم سمجھا۔اسرائیل سمیت ہر اسلام دشمن کے خلاف بانی پاکستان کے فرمودات ریاست پاکستان کی پالیسی کا حصہ ہیں،عالمی حالات کے تناظر میں ہماری یہ اولین ذمہ داری ہے کہ قائد کے نظریات کی حفاظت کے لیے دو ٹوک موقف اپنایا جائے۔
بانی پاکستان نے ہمیشہ امت مسلمہ کے مفادات کے لیےعالم اسلام کے موقف کی تائید کی۔ان کی زبان سے ادا ہونے والے الفاظ محض ایک شخص کی رائے نہیں تھے بلکہ ایک مدبر اور عالمی رہنما کے طے شدہ ریاستی پالیسی کے زیریں اصول تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم کے پاکستان میں طبقاتی تفریق اور استحصال کی کوئی گنجائش نہیں،گزشتہ نصف صدی سے زائد عرصے سے خراب نظام کی بہتری ہر حال میں ضروری ہے،ملک کے متوسط اور نچلے طبقے کی بہتری کےلیے حکومت کو ترجیحی بنیادوں پر ایسے اقدامات کرنا ہوں گے جن کے فوری ثمرات حاصل ہوں، ملک میں انتہاپسندی ،پسماندگی،غربت اور ناخواندگی کو شکست دے کر قائداعظم کے حقیقی پاکستان کی تشکیل کی جا سکتی ہے۔