وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹوئٹرپر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی افواج کے ہاتھوں دس ہزارمعصوم بچوں کے قتل عام پر اقوام ِ عالم کی مجرمانہ خاموشی عالم اسلام کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ہر وہ حکمران اس ظلم میں حصہ دار ہے جس کی زبان پر فلسطینی مسلمانوں کی حمایت میں سکوت طاری ہے۔عالمی استعماری طاقتیں اس بدمست ناسور کی مانند ہیں جسے ہنستے بستے گلستان اجاڑنے میں لطف ملتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم امہ اگر آج ان خونخوار بھیڑیوں کے خلاف متحد نہیں ہوئی تو باری باری سارے مسلم ممالک اس کا شکار بنتے جائیں گے۔فلسطین میں اسرائیلی درندگی کے خلاف عالمی انسانی حقوق کے نام نہاد علمبرداروں کی خاموشی اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ عالم اسلام کے خون کی ان کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں۔اپنی نسلوں کی بقا کے لیے امت مسلمہ کا اتحاد اولین شرط اور حالات کے متقاضی ہے۔