وحدت نیوز (اسلام آباد) کرمان بم دھماکوں میں 100 سے زائد شہداء کی تعزیت پیش کرنے کے لئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی، وفد کی قیادت مرکزی جنرل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی کر رہے تھے۔
وفد میں مجلس علمائے مکتب اہلبیت پاکستان کے مرکزی صدر علامہ سید حسنین عباس گردیزی، مجلس علمائے مکتب اہلبیت کے جنرل سیکرٹری علامہ اصغر عسکری اور مرکزی آفس مسئول ارشاد حسین بنگش بھی شامل تھے۔اس موقع پر وفد نے اندوہناک سانحہ پر افسوس کرتے ہو کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی قوم اپنے ایرانی بھائیوں کے غم میں برابر کی شریک ہے اور اس مشکل وقت میں انکے ساتھ کھڑے ہیں۔ چونکہ فلسطین کا مسئلہ امت مسلمہ کا مسئلہ ہے ایران کو فلسطین کے ساتھ کھڑے ہونے کی سزا دی گئی ہے اور فلسطینی کاز کی حمایت کی پاداش میں معصوم شہریوں کا خون بہایا گیا ہے، انشاءاللہ مظلوم فلسطینی فاتح ٹھہریں گے اور ان کی جیت اسرائیل کی نابودی اور انکے اتحادیوں کی بدترین شکست پر منتج ہو گی، عالم اسلام کے مفادات کے لئے اسلام دشمن قوتوں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے وفد کا شکریہ ادا کیا۔