وحدت نیوز(خیر پور ناتھن شاہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع دادو کی سیلاب متاثرہ تحصیل خیر پور ناتھن شاہ میں سیلاب کے دوران ایک سانحہ میں ایک ہی خاندان کے 19 افراد کی المناک موت ہر گاؤں پیر گوٹھ پہنچ کر ان کے ورثاء رئیس قربان مغیری رئیس لیاقت خان مغیری و دیگر سے تعزیت کی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم دادو کے ضلع صدر اصغر علی حسینی و اراکین ضلعی کابینہ سیکرٹری فلاح سید منتظر مہدی، سیکرٹری تنظیم منظور خاصخیلی، پولٹیکل سیکرٹری عبداللطیف کاندھڑو ،سیکرٹری یوتھ احسان چانڈیو، سیکرٹری اطلاعات محمد وسیم اور تحصیل صدر خیرپور ناتھن شاہ سید نور احمد شاہ ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر سانحے کے متاثرین نے بتایا کہ ابھی تک حکومت کی جانب سے کوئی بھی اس المناک سانحے پر تعزیت تک کے لئے نہیں آیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ المناک سانحے کے متاثرین کے غم میں شریک ہیں۔ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت نا کرکے حکومت اور سندھ کے حکمرانوں نے بے حسی کی نئی مثال قائم کی ہے اس المناک سانحے پر پورا سندھ سوگوار نظر آیا۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے تنظیمی دوستوں کے ہمراہ متاثرین سیلاب کی خیمہ بستی کا دورہ کیا اور متاثرین سیلاب میں کپڑے تقسیم کئے۔انہوں نے کشتی میں سوار ہو کر پانی میں ڈوبے ہوئے دیہاتوں اور گھروں کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی مکمل بحالی تک حکومت اور فلاحی اداروں کی اپنی سرگرمیاں جاری رکھنی چاہئے کیونکہ اس وقت بھی لاکھوں لوگ پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں اور ہزاروں لوگ بے گھر ہیں۔