وحدت نیوز(اسلام آباد)بارہ نومبر آزادی فلسطین مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم اجلاس جامعہ الصادق اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصر عباس شیرازی نے کی، اجلاس میں ضلع اسلام آباد کی مختلف تنظیموں اور انجمنوں کی طرف سے بھرپور شرکت کی گئی، جن میں انجمن دعائے زہرا، پاک حیدری اسکاوٹس، امامیہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن راولپنڈی ڈویژن، کرم ویلفیئر سوسائٹی، پاراچنار یوتھ راولپنڈی اسلام آباد، جانثاران اہلبیت، دستہ غلامان عباس اور دیگر آرگنائزیشن کے ذمہ داران شریک تھے، بڑے پیمانے پر چلائی گئی آگاہی مہم اور عوامی روابط کے تحت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے آزادی خواہ مرد و خواتین، بچے بوڑھے اور جوان ہزاروں کی تعداد میں شرکت کریں گے اور اپنے مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں گے۔
اس موقع پر تمام اسٹیک ہولڈرز نے پروگرام میں بھرپور شرکت اور اسے کامیاب کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، سید ناصر عباس شیرازی، شیخ اعجاز بہشتی، سید ظہیر نقوی، اسد اللہ چیمہ نے پروگرام کے انتظامات اور کمیٹیوں کو حتمی شکل دیتے ہوئے اس پر تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس کے شرکاء کی جانب سے آزادی فلسطین مارچ کی کامیابی کے لیے دیئے گئے مفید مشوروں پر بھی گفتگو کی گئی۔