وحدت نیوز (اسلام آباد) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ میں ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی اور اپنی جماعت کی جانب سے مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم نے حکمرانوں کے ظلم کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کی ہے۔ ملک میں جاری دہشت گردی، لاقانونیت اور ریاستی اداروں کی بربریت کے خلاف جنگ میں مجلس وحدت مسلمین تنہا نہیں بلکہ پوری قوم اس کے ساتھ کھڑی ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری نے اپنے پیغام میں مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعد جس طرح علامہ ناصر عباس ہمارے ہم قدم رہے، اسی طرح ہماری بھی انہیں بھرپور حمایت حاصل رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ملت تشیع کی نمائندہ مذہبی و سیاسی جماعت ہے اور ان کی طرف سے کئے جانے والے مطالبات ملک و قوم کے مفاد میں ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے خرم نواز گنداپور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت مکمل طور پر بےحس اور عوام کے جان و مال کے تحفظ سے سبکدوش ہوچکی ہے۔ علامہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ملک کے حکمران ظلم و بربریت کی علامت بن چکے ہیں۔ موجودہ حکومت میں شیعہ نسل کشی میں جو شدت آئی ہے، وہ حکومت اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے درمیان گہرے روابط کا نتیجہ ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کو سہولت کاروں کے خلاف استعمال کرنے کی بجائے ان مسلمانوں کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے، جو رسول ﷺ اور آل رسول ﷺ کا ذکر کرتے ہیں، قانون و انصاف کو حکمرانوں نے گھر کی لونڈی سمجھ رکھا ہے۔ منصفانہ نظام کے قیام اور ملک دشمن عناصر کی بیخ کنی کے لئے پوری قوم کو مل کر آواز بلند کرنا ہوگی۔