وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے تنظیمی پیام وحدت کنوکشن کے اختتام پر آئندہ تین سال کیلئے برادر میثم رضا عابدی ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے نئے سیکریٹری جنرل منتخب ہو گئے ہیں، امام بارگاہ عزاخانہ ابوطالبؑ سولجر بازارمیں منعقدہ کنونشن میں ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویژن کے اراکین کابینہ اور چھ اضلاع سے عہدیداران نے اپنے خفیہ حق رائے دہی کے نتیجے میں نئے سیکریٹری جنرل کا انتخاب کیا، جبکہ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مختارامامی ، صوبہ سیکریٹری فلاح وبہبود الفت عالم کربلائی اور سیکریٹری روابط شفقت علی لانگا نے الیکشن کمیشن کے اراکین کی حیثیت سے انتخابی عمل کی نگرانی کی، میثم عابدی کے مد مقابل سید رضا امام اور سجاد اکبر زیدی کے نام بھی انتخابی عمل میں شامل تھے۔نومنتخب سیکریٹری جنرل میثم عابدی سے مرکزی ترجمان علامہ مختارامامی نے ان کے عہدے کا حلف لیا، اس موقع پر نومنتخب سیکریٹری جنرل میثم عابدی کا کہنا تھا کہ ایک بھاری ذمہ داری میرے کاندھو ں پر ڈال دی گئی ہے، آپ تمام دوستوں کے تعاون کے بغیر اس الہیٰ وضیفے کی انجام دہی ناممکن ہے، انشاءاللہ آئندہ تین سال جماعت کے تنظیمی ڈھانچے کی مذید مضبوطی کیلئے اقدام بروئے کار لائے جائیں گے اور ایم ڈبلیوایم کو وطن عزیز کی ایک مظلوم دوست جماعت کی حیثیت سے روشناس کروائیں گے۔