وحدت نیوز (کراچی) نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام کا ظلم و ظالم کے خلاف قیام آفاقی پیغام ہے، آپ بلا رنگ و نسل تمام بنی نو انسانوں کیلئے مشعل راہ ہے ،محرم ظلم کے خلاف احتجاج کا نام ہے ۔محرم الحرام نواسہ رسول امام حسین علیہ السلام اور بہتر شہداء کربلا کی یاد میں عزاداری کی جاتی ہے ۔ عزاداری کسی کی محتاج نہیں عزاداری کا سلسلہ دنیا بھر میں صدیوں سے جاری ہے، ایام عزاء کے دوران شہر میں موجود تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ محرم الحرام میں اپنے احتجاج ملتوی کردیں ۔ حکومت اور سکیورٹی ادارے محرم الحرام میں مساجد و امام بارگاہوں کی سکیور ٹی کیلئے سنجیدہ نظر نہیں آتے ڈسٹرکٹ ملیر اور ایسٹ میں سکیورٹی کے انتظامات انتہائی ناقص ہیں جبکہ ڈسٹرک ملیر میں موجود کئی مساجد و امام بارگاہوں کی سڑکیں سیوریج کے پانی سے ڈوبی ہوئی ہیں جس کی صفائی نہ کرانا در اصل سیاسی انتقام لینا ہے ،سندھ حکومت فوری مساجد و امام بارگاہوں کی سکیورٹی کیلئے نفری لگائے اور صفائی سترائی کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کرائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس و حدت مسلمین کے صوبائی سیکر ٹری جنرل علامہ مختار امامی نے و حدت ہاؤس کراچی میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کیا، اجلاس میں حسن ہاشمی، علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن ،علی حسین نقوی،اصغر عباس زیدی،حیدر زیدی، احسن عباس رضوی ،انجینئر رضا نقوی، ڈاکٹر مدثر سمت دیگر رہنماء موجود تھے۔
علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ امام حسین علیہ السلام کی عزاداری کسی کی محتاج نہیں صدیوں سے مجالس و جلوس عزاء کا سلسلہ جاری ہے جو در اصل خود ظلم اور ظالم کے خلاف احتجاج ہے،احتجاج سیاسی جماعتوں کا حق ہے مگر عشرہ محرم الحرام کے احترام میں تمام سیاسی جھگڑوں سے بالا تر ہو کر سو چنا ہوگا،نواسہ رسول کا نام لینے والوں کو ان کے ماہ محرم الحرام کے احترام میں اپنی سیاسی رنجشوں کو بالا طاق رکھتے ہوئے ایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے جس سے شہر میں کشیدگی پیدا ہو اور عزاداران کو مجالس وجلوس عزاء میں شریک ہونے میں پر یشانی ہو۔اجلاس میں ایم ڈبلیوایم مرکزی عزاداری سیل کے زیر نگرانی ڈسٹر ک کے تمام عزاداری سیل میں موجود ذمہ داران کی کار کردگی کا جا ئزہ لیا گیا اور شہر بھر میں جاری مرکزی مجالس عزاء کی موجودسکیورٹی کا بھی جائزہ لیا گیا۔