وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندہ کے پیغام وحدت کنونشن میں آئندہ تین سال کے لئے علامہ مقصود علی ڈومکی صوبائی سیکریٹری جنرل منتخب ہو گئے۔ صوبہ سندہ کے لئے نو منتخب سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے صوبائی کنونشن سے خطاب اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین ، الٰہی اہداف کی حامل جماعت ہے ، جو دین خدا کی سربلند ی اور پیغام حسینیت ؑ کی سربلندی کے لئے مصروف عمل ہے۔ ہم دین خدا کے ناصر و مددگار ہیں۔
انہوں نے کراچی اور ڈی آئی خان میں معصوم انسانوں کی شہادت کو المناک قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ دھشت گردی کے خاتمے کے تمام تر دعووں کے باوجود آج بھی ملک کے گلی کوچوں میں قاتل دھشت گرد دندناتے پھر رہے ہیں۔ سندہ کے طول و عرض میں دھشت گردی کے مراکز اور ٹریننگ کیمپس کے خلاف فوجی آپریشن ناگزیر ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندہ حکومت نے وارثان شہداء سے جو معاہدہ کیا ، اس پر عمل در آمد ضروری ہے۔ سندہ حکومت کی عہد شکنی ناقابل قبول ہے۔ آج بھی جیکب آباد اور شکارپور کے وارثان شہداء سراپا احتجاج ہیں، شکارپور میں وارثان شہداء اور زخمیوں کی احتجاجی تحریک سندہ حکومت کی نا اہلی کا ثبوت ہے۔ مجلس وحدت مسلمین ہر مرحلے پر خانوادہ شہداء اور مظلوموں کے ساتھ ہے۔