وحدت نیوز(کراچی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت اپنی عوام کے حقوق کی ترجمانی کرتے ہوئے گندم پر سبسڈی بحال اور کرپشن میں ملوث وزراء کو برطرف کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وحدت ہاؤس کراچی میں عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنماآغا علی محمد سے گفتگوکرتے ہو ئے کیا۔ اس موقع پرآصف صفوی صداقت اشتر، الیاس خاکی ، علامہ مبشر حسن اور میثم عابدی سمیت دیگر رہنما بھی موود تھے۔ علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ عوامی احتجاج کے باعث گلگت بلتستان انتظامیہ بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرنا چاہتی ہے، دھرنا، احتجاج اور ہڑتال جمہوری دور میں عوام کا بنیادی حق ہے جسے کوئی نہیں چھین سکتا، اگر پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان حکومت نے عوام کے پرامن احتجاج کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی تو مجلس وحدت مسلمین اپنے گلگت بلتستان کے بھائیوں کے حقوق کی آواز کو پورے پاکستان کی سڑکوں پر بلند کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گندم سبسڈی کے خاتمے پر چلنے والی عوامی تحریک کے خلاف طاقت کا استعمال حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔