وحدت نیوز(کراچی) سیکریٹری امور سیاسیات مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ سید علی حسین نقوی نے صوبائی سیکٹریٹ سے جاری ہونے والے اپنے بیان میں آج بلوچستان کے ساحلی شہر جیوانی میں دھشت گردوں کی جانب پاک بحریہ کے گاڑی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا ، اسرائیل و پاکستان دشمن قوتوں کے آلہ کار دہشتگردوں کی مذموم بزدلانہ کاوشیں ملک کو ترقی کی شاہراہ سے دور نہیں کر سکتیں۔ پاکستان کی محب وطن 20 کروڑ عوام سی پیک منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کے لیئے عزم مصعمم رکھتی ہے۔چند مٹھی بھر دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے بلوچستان کی غیور اور محب وطن بلوچ قوم ہرگز خوفزدہ نہیں ہوگی،انہوں کہا کہ پاک بحریہ کے جری جوانوں کی شہادت پر ہم شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیئے دعاگو ہیں،آخر میں انہوں نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو فی الفور گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے۔