وحدت نیوز (خیرپور) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ امریکا کی پیداوار داعش نے عراق اور شام سمیت دیگر اسلامی ممالک میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد پاکستان میں بھی خون کی ہولی کھیلنا شروع کردی ہے، کے پی کے کی پولیس بیگناہ شہریوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، ملک بھر میں شیعہ رہنماؤں اور کارکنوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا کر بدامنی پیدا کرنے کی مذموم سازش کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محسنین اکیڈمی کے دورے کے موقع پر میر ارشاد تالپور، سید جمن علی شاہ اور تنویر حیدر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ ہم اتحاد بین المسلمین کے داعی ہیں، خیرپور سمیت شکارپور ،جیکب آباد اور دیگر اضلاع میں کالعدم تنظیموں کی تربیت گاہیں اور سہولت کار بڑی تعداد میں موجود ہیں جن کیخلاف کارروائی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں ہونیوالی دہشت گردی کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا، اسرائیل اور بھارت سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کیلئے دہشت گردی کا جال بچھا رہے ہیں، پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے جو دشمن کی ہر سازش کو فوج کے ساتھ مل کر کچل دے گی۔