وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی رہنما سید علی حسین نقوی کا ایم ڈبلیوایم ضلع ملیر کے سیکریٹری جنرل عارف رضا زیدی ، علامہ نشان حیدر ، علامہ علی انور جعفری ودیگر کے ہمراہ مسجد وامام بارگاہ سلمان فارسی اسٹیل ٹاؤن کا دورہ، تکفیری دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ، انتظامیہ سے ملاقات ، پولیس حکام سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ، علی حسین نقوی کا ایم ڈبلیوایم کی جانب سے متاثرہ مسجد وامام بارگاہ میں سی سی ٹی وی کیمروں کی فوری تنصیب کا اعلان ۔
تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری سیاسیات علی حسین نقوی وفدکے ہمراہ متاثرہ مسجد وامام بارگاہ پہنچے جہاں انہوں نے نقصانات کا جائزہ اورمسجد وامام بارگاہ کی انتظامیہ سے وقوعہ کی تفصیلات حاصل کیں ، علاقہ مکینوں نے بتایاکہ چند روز قبل مرکزی مسجد وامام بارگاہ جعفریہ اسٹیل ٹاؤن کمپلیکس میں بھی درگاہ کے چندے کے بکس کا تالا توڑ کر پیسے چوری کیئے گئے تھے اور آج یہ واقعہ رونما ہوگیا ہے ،اس مسجد وامام بارگاہ کا تحفظ اسٹیل مل انتظامیہ کی ذمہ داری ہے لیکن یہاں کوئی سکیورٹی گارڈ موجود نہیں تھا۔
ایم ڈبلیوایم کے رہنما علی حسین نقوی نے اس موقع پر فوری طور پر متاثرہ مسجد وامام بارگاہ کی سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا اعلان کیا اور موقع پر موجود پولیس حکام سے مطالبہ کیاکے اس واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے، جبکہ انہوں نے جی ایم سکیورٹی پاکستان اسٹیل ملز سے گلشن حدید اور اسٹیل ٹاؤن میںموجود تمام مساجد وامام بارگاہوں کو موثر سکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔
واضح رہے کہ گذشتہ شب تکفیری دہشت گردوں نے مسجد وامام بارگاہ سلمان فارسی اسٹیل ٹاؤن پر حملہ کرکےاسلامی مقدسات کو شدید نقصان پہنچایا، ذرائع کےمطابق دو سے زائد حملہ آور رات 1سے 2بجے کے درمیان دروازہ توڑ کر مسجد وامام بارگاہ میں داخل ہوئے اور مسجد میں موجود قرآن پاک کے نسخوں ، شبیہ علم حضرت عباس ؑ، ممبر اور دیگر مقدسات کو شہید کردیا،جبکہ مسجد کے کھڑکی اور دروازے بھی توڑےگئے ، الصبح علاقہ مکینوں نے مسجد وامام بارگاہ میں توڑپھوڑ دیکھی تو متعلقہ تھانے کو اطلاع دی اور یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پورے شہر میں پھیل گئی۔