وحدت نیوز(کراچی) صوبائی اور شہری انتظامیہ کی غفلت نے بارانِ رحمت کو زحمت بنا دیا۔سند ھ حکومت کے 11 سالوں کی کارکردگی کی قلعی کھل گئی۔ شہر قائد پاکستان پیپلز پارٹی ،ایم کیو ایم ،پی ٹی آئی حکومت نے بارش سے قبل انتظامات کے صرف زبانی دعوے کئے۔کے الیکٹرک کی نااہلی اور غفلت نے اہلِ کراچی کی جانیں لے لیں۔9 معصوم شہریوں کی قتل کی ذمہ دار کے الیکٹرک انتظامیہ ہے۔ ان خیالات کااظہار مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ سید باقرعباس زیدی نے میڈیاسیل سےجاری اپنے بیان میں کیا۔
انہوںنے کہاکہ کے الیکٹرک کی وجہ سے معصوم شہریوں کے قتل پرانسداد دہشت گردی کا مقدمہ چلایا جائے۔کراچی سے اربوں روپے کمانے کے باوجود کے الیکٹرک انفرااسٹریکچردرست نہ کرسکی۔سپریم کورٹ اور وفاقی حکومت معصوم شہریوں کی جانوں کے ضیاع کا نوٹس لیں ۔ کے الیکٹرک کا معاہدہ ختم کر کے اسے واپس حکومتی تحویل میں لیا جائے۔کے الیکٹرک حالیہ بارشوں میں معصوم شہریوں کی قاتل بن گئی ہے۔