وحدت نیوز (کراچی) شہید ولایت شہید مظفر علی کرمانی اور ان کے باوفا ساتھی شہید نذیر عباس کی 19ویں برسی کے موقع پر مجلس ترحیم کا انعقاد شہید مظفر کے رفقاء کی جانب سے محفل شاہ خراسان سولجر بازار میںکیا گیا ۔
مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی نے ’’ شہادت کی اہمیت ‘‘کے موضوع پرمجلس عزا سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہادتوں سے معاشرے زندہ ہوتے ہیں ۔ شہادتوں سے معاشروں کی روحانی زندگی وابستہ ہے ۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں شہادت کی ثقافت سے عشق رکھنا چاہیئے ،شہید مظفر کرمانی، شہید نذیر عباس اور دیگر شہداء کی شہادتیں انقلاب اسلامی کے اثرات کو روکنے کی ناکام کوشش تھی شہداء زندہ ہیں اور معاشر ے کو زندہ کرتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ بی بی زہرا ؑحضرت حمزہ ؑ کی قبر مبارک کی زیارت کے لئے تشریف لے جایا کرتی تھیں تاکہ شہید کی یاد زندہ رہے ۔ بی بی زہرا ؑ کا یہ عمل شہادت کی عظمت واضح کرتا ہے ۔ رسول خدا ؐ نے بھی حضرت حمزہ کی بھرپور یاد منائی اور خواتین کوان کے گھر پر گریہ کرنے کے لئے بھیجا ۔