وحدت نیوز (کراچی) شہر قائد میں گرمی کی شدت میں اضافہ شہریوں کے لئے امتحان سے کم نہیں، گرمی سے بلبلائے شہریوں پر لوڈشیڈنگ اور واجبات کی عدم ادائیگی کا بہانہ بناکر اذیت دی جارہی ہے،ایک شہری کی بھی جان کو پہنچنے والے نقصان کی ذمہ دار کے الیکٹرک انتظامیہ ہو گی، جعفرطیارسوسائٹی میں نان پیمنٹ کی آڑ میں بجلی بندش کی مذمت کرتے ہیں ، ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے پولیٹیکل سیکریٹری سید علی حسین نقوی نے وحدت ہاؤس ملیر کے دورے کے موقع پر ضلعی سیکریٹری جنرل احسن عباس رضوی اور انکی کابینہ کے اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے ہیٹ اسٹروک الرٹ جاری ہوجانے کے باوجود کے الیکٹرک انتظامیہ شہریوں کو کسی قسم کا ریلیف فراہم نہیں کررہی ، شہر کے مختلف علاقوں میں معمول کے مطابق لوڈشیڈنگ جاری ہے ،جبکہ گذشتہ سال ہیٹ اسٹروک کے نتیجے میں شہر قائد کے ہزاروں شہری اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے تھے، گوکہ یہ قدرتی عمل تھا لیکن اس قدرتی آفت پر کے الیکٹرک انتظامیہ نے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے نتیجے میں سونے پر سہاگے کا کام کیااور شدید گرمی اور اوپر سے لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی چیخیں نکال دی تھی، گذشتہ برس کے اس سنگین سانحے سے سبق حاصل کرنے کے بجائے کے الیکٹرک انتظامیہ اسی روش پر کاربند ہے ، جو کہ مزید سانحات کو جنم دینے کی ایک مذموم سازش معلوم ہوتی ہے، علی حسین نقوی نے کے الیکٹرک انتظامیہ کی جانب سے جعفرطیارسوسائٹی فیڈر کی واجبات کی عدم ادائیگی کا بہانہ بناکربندش کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ انتظامیہ ہو ش کے ناخن لے 50فیصد سے زائد بلنگ کے باوجود بجلی کاٹنا غیر اخلاقی فعل ہے، ہیٹ اسٹروک اور بجلی بندش کے باعث ہونے والے کسی بھی جانی ومالی نقصان کی ذمہ داری کے الیکٹرک انتظامیہ پر عائد ہوگی۔