وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سییکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے عراق میں تمام مکاتب فکر کی ہم آہنگی سے قومی حکومت کے قیام کو خوش آیند قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ عراقی عوام اور سیاسی و مذہبی قیادت اپنے اتحاد اور اخوت کے ذریعے اس مقدس سرزمین کو دہشت گردی سے پاک بنا دے گی۔ جو لوگ عراق کو ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں ان کی سازشیں ناکام بنا دیگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم حیدر العبادی کی کابینہ میں عادل عبدالمہدی، ہوشیار زبیری اور سابق وزرائے اعظم ابراہیم جعفری، نوری المالکی اور ایاد علاوی جیسے کہنہ مشق سیاستدانوں سے عراق کے لئے بہتر مستقبل کی امید ہے۔ دریں اثناء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ انقلاب اور آزادی مارچ نے شریف برادران کے استعفی سے بڑا ہدف حاصل کرلیا ہے اور وہ اس ملک میں نصف صدی پر محیط ظالمانہ استحصالی نظام کو بےنقاب کرنا ہے۔ اب وہ سب مکروہ چہرے عوام کے سامنے بےنقاب ہو چکے ہیں، جنہوں نے دونوں ہاتھوں سے ملکی دولت کو لوٹا۔ اب نواز شریف اور اراکین اسمبلی کی ٹیکس چوری اور کرپشن کی داستانوں سے ملک کا ہر شہری آگاہ ہو چکا ہے۔ لہذٰا آئندہ انتخابات میں بہت سارے لیڈروں کی ضمانتیں ضبط ہوں گی، اور خاندانی بادشاہتوں میں زلزلہ بپا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب مارچ تکفیری سوچ پر کاری ضرب ہے، جہاں اتحاد بین المسلمین کے تحت وحدت اور اخوت کا پیغام دیا جا رہا ہے۔ شیعہ سنی مسلمان متحد ہوکر اسلام دشمن سامراج کا مقابلہ کریں گے اور ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے۔