وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے کونسلرکربلائی رجب علی نے اپنے بیان میں کہا کہ ملکی ترقی کے لیے ہمیں رواداری، برداشت اور اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔پاکستانی معاشرے کی موجودہ صورتحال نا گفتہ بہ ہے۔ ہماری خوشیوں اور غموں کے پیمانے اور معیارات بدل گئے ہیں۔حادثات ، سانحات ، مصائب اور آفات کی کثرت اور اس کی اذیت سے بچنے اور خود کو بچانے کا سب سے آسان راستہ ہم نے ڈھونڈ لیا ہے کہ بڑے سے بڑے حادثے اور سانحے کے اثرات کو اپنے اندر اُترنے نہ دوں۔ اپنی اصلاح ، اپنے اعمال اور معاملات کا جائزہ لے کر خود کو درست کرنا ایک دشوار کام ہے۔ لہذا ہم اپنے معاشرے کی بربادی کے صرف نوحہ خواں بن کر رہ گئے ہیں۔ ہر محفل ، دفتر ہر گھر اور ہر ادارے میں اپنی اخلاقی ، معاشرتی ، معاشی و سیاسی صورتحال کی ابتری پر ہم نہایت دل سوزی سے ماتم کناں ہوتے ہیں۔لیکن اس کے اسباب پر غور نہیں کرتے ۔جو اخلاقی اوصاف ہمارے عمل میں دکھائی دینے چاہیں وہ ہماری گفتگو کا حصہ بن کر رہ گئے ہیں۔ ان حالات میں ہمیں اپنے نقطہ نظر کو تعمیری اور مثبت بنانا ہوگا۔ حالات اور واقعات کی بابت مایوسی ، افسردگی ، حزن و ملال کا رویہ اپنانے کی بجائے مثبت اور تعمیری رویہ اپنانا چاہیے۔