وحدت نیوز(جیکب آباد) شہید مولانا شفقت عباس مطہری کے قتل اور ملک میں بڑہتی ہوئی دہشت گردی کے خلاف علامہ مقصود علی ڈومکی، آغا سیف علی حیدری اور لطف علی لاشاری کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس موقعہ پر روڈ بلاک کرکے حکومتی نااہلی اور دہشت گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
اس موقع پر احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ کوئٹہ میں دھشت گردوں کا راج ہے جبکہ حکومت اور ریاستی ادارے معصوم انسانوں کے قاتل دھشت گردوں کے خلاف آپریشن سے گریزاں ہیں۔ داعش جیسی بدنام زمانہ دھشت گرد تنظیم کی حمایت کرنے والے اس ملک و قوم کے دشمن ہیں۔عوام اور پاک فوج دھشت گردوں کے خلاف ملک گیر آپریشن کا آغاز کرے پوری قوم اپنی بہادر افواج کی پشت پر کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زائرین کے حوالے سے حکومتی رویہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ تفتان میں سینکڑوں زائرین کو کئی روز تک روکا جاتا ہے جہاں کسی قسم کی سہولیات نہیں۔ حکومت زائرین کے لئے بہتر حفاظتی انتظام کے ساتھ ساتھ تفتان بارڈر پر مناسب ریسٹ ہاؤس تعمیر کرے۔ انہوں نے کہا کہ فیری سروس سے متعلق حکومتی وعدہ وفا نہ ہوا، جبکہ پی آئی اے کا کرایہ عوام کی پہنچ سے باہر ہے۔ حکومت عوام کو سستی ہوائی سہولت فراہم کرنے کے لئے ایران ایئر سے بات کرے۔