وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے جنرل سیکرٹری ارباب لیاقت علی ہزارہ نے اگلے ہفتے منعقد ہونے والے ہزارہ کلچر ڈے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کے ہر فرد کیلئے ہزارہ ہونا فخر کی بات ہے کیونکہ ہم نے دلیری اور دیگر صفات آئمہ اطہار و انبیاء کرام سے حاصل کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری قوم کے ہر فرد کو اس ثقافت کی پیروی کرنی چاہئے جو ہم نے انبیاء کرام، رسول پاک (ص) اور امام علیؑ سے حاصل کی ہے۔ ہم اسی اسلامی ثقافت کو فروغ دیتے آئے ہیں۔
انہوں نے قوم پرست جماعت ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے رقص و موسیقی کے محافل کو ثقافت کا نام دینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایچ ڈی پی کی ثقافت کو مسترد کرتے ہیں۔ ہم عوام الناس میں یہ شعور پیدا کرنا چاہتے ہیں کہ ایسی غیر اخلاقی سرگرمیوں میں اپنی اولادوں کو مشغول نہ کرے اور نہ ہی اس غلط ثقافت کو اپنائے۔ ہماری اصل ثقافت دلیری، شجاعت اور غیرت پسندی ہے۔