وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ ڈویژن کے مرکزی دفتر میں یوم القدس کے زخمیوں میں ایم پی اے سید محمد رضا، ایم ڈبلیوایم کوئٹہ ڈویژن کے سیکرٹری جنرل سید محمد عباس، کونسلر کربلائی رجب علی اور کونسلر کربلائی عباس علی نے زخمیوں میں چیکس تقسیم کیے اس دوران ایم پی اے سید محمد رضا نے کہا کہ یوم القدس کے شہداء بلند پایہ کے شہداء تھے جنہوں نے ایک عظیم مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انکے پاک خون کی بدولت پاکستانیوں کا سر عالم اسلام میں بلند ہو گیا کیونکہ ان شہداء نے اپنا خون اس بیت المقدس اور قبلہ اول کی آزادی کے لیے بہایا جسکے تقدس کا ذکر خود پروردگار عالم نے اپنی کتاب میں فرمایا، جسکی آزادی تمام مسلمانان عالم کے لیے سوالیہ نشان بنا ہوا ہے۔ تمام امت مسلمہ پر یہ فرض بنتا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے لیے اپنی آواز بلند کرے ورنہ اس معاملے میں ہماری غفلت خدا کے حضور میں مجرمانہ غفلت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ ان شہداء کو قومی اور حکومتی سطح پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے تمغہ شجاعت سے نوازتے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑھ رہا ہے کہ خود انہیں شہداء اور زخمیوں پر (FIR) کاٹی گئی جو انتہائی شرمناک عمل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ حتی الامکان ان شہداء کے خانوادوں اور زخمیوں کی دلجوئی ہوسکے۔آخر میں یہ اعلان کیا گیا کہ جن زخمیوں کو چیکس نہیں ملے وہ ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی دفتر سے رابطے میں رہے اُنکے چیکس پاس ہونگے۔ اس موقع پر زعماء و اکابرین کی ایک بڑی تعداد شریک تھے۔