وحدت نیوز(گلگت) شیخ حسن جوہری اور حافظ بلال زبیری کیخلاف مقدمے کا اندراج آمرانہ طرز عمل ہے۔حکومت اپنے وعدوںکا پاس رکھتے ہوئے عوام کو سفری سہولیات فراہم کرنے کی بجائے ان کے زخموں پر نمک پاشی کررہی ہے۔حکومت اپنے کالے کرتوتوںسے علاقے میں اشتعال انگیزی اور شر پسندی کو فروغ دے رہی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا ہے کہ مولانا حسن جوہری اور حافظ بلال زبیری نے عوامی خواہشات کی ترجمانی کرتے ہوئے حکومت کو آئینہ دکھایا ہے۔جھوٹے وعدوں کرکے عوام کا مینڈیٹ چرانے والی لیگی حکومت کے عزائم بے نقاب ہوتے جارہے ہیں۔انہوں نے شیخ حسن جوہری اور حافظ بلال زبیری پر مقدمات درج کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اپنے دوسالہ دور اقتدار میں آمرانہ طرز عمل کے بدترین ریکارڈ قائم کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سکردو کے عوام کے پرامن احتجاج کو اشتعال انگیزی اور شرپسندی سے تعبیرکرکے حکومت نے پورے بلتستان کے عوام کی توہین کی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سکردو کے عوام کے ساتھ پانچ سال تک جھوٹے وعدے کرتی رہی اور اب حفیظ حکومت بھی پیپلز پارٹی کے نقش قدم پرچل رہی ہے اور آئندہ الیکشن میں نواز لیگ کا وہی حشر ہوگا جو پیپلز پارٹی کا ہوا ہے۔سکردو سے بھاری مینڈیٹ لیکر جیتنے والے سپیکر فدا محمد ناشاد، اکبر تابان اور دیگر ارکان اسمبلی کی سکردو کے عوام بنیادی مسائل سے لاتعلقی مضحکہ خیزہے اور ان حکومتی اراکین کی سکردو کے مسائل سے عدم دلچسپی علاقے کے عوام کیساتھ انتہائی بددیانتی کے مترادف ہے۔