وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین کے ممبر قانون ساز اسمبلی گلگت بلتستان حاجی رضوان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی بی میں کامیاب ہڑتال کر کے عوام نے ثابت کر دیا کہ حکومت کی جانب سے جاری عوام کش پالیسیاں منظور نہیں ہیں۔ عوام پر جبری طور ٹیکسز نافذ کرنے کا جواز ہی نہیں بنتا ہے۔ اگر حکومت ٹیکس لگانے کی شوقین ہے تو گلگت بلتستان کو آئینی دائرے میں لائے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اخباری بیانات اور جھوٹے اعلانات کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کر رہی ہے۔ صوبائی حکومت کی باتوں سے ایسا لگ رہا ہے کہ عوام سے کئے ہوئے وعدے پورے کئے ہیں مگرحقیقت اس کی بلکل برعکس ہے۔ حاجی رضوان نے کہا کہ لیگی حکومت کا کام صرف اخباری بیانات دینا رہ گیا ہے۔ دو سال کا عرصہ گزرنے کو ہے ایک پائی کا کام نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اخباری بیانات کی دنیا سے نکل کر عملی طور پر عوامی مسائل کے حل کے لیے کام کرنا ہوگا، ورنہ ان کی حالت پیپلز پارٹی سے بھی بدتر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لیگی حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔