وحدت نیوز(گلگت) ڈوگرا حکومت کے پنجوں سے خطہ گلگت بلتستان کو آزاد کروانے والے غازیوں، مجاہدوں اور شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ستر سال گزرنے کے باوجودوفاق کا سرزمین گلگت بلتستان کے آئینی تشخص کومعین نہ کرنا لمحہ فکریہ ہے۔گلگت بلتستان کو آئینی تشخص دیئے بغیر پاک چائنہ اقتصادی کوریڈور کے راستے میں بہت سی دشواریاں درپیش ہونگی۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے جشن آزادی گلگت بلتستان کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میںکہا کہ کرنل حسن خان اور بابر خان کی سرکردگی میں خطہ گلگت بلتستان کو ڈوگرا کی غلامی سے آزاد کرانے والے قومی ہیروز کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا جنہوں نے اپنے جان ومال کی پرواہ کئے بغیر زمانے کے طاغوت سے ٹکر لیا اور اٹھائیس ہزار مربع میل پر محیط خطہ گلگت بلتستان کو ڈوگراہ فوجیوں کے تسلط سے آزاد کروایا۔انہوں نے کہا کہ انہی قومی ہیزوز کی قربانیوں کا ثمر ہے کہ آج مملکت خداداد پاکستان کی سرحدیں ہمسائیہ ملک چین کے ساتھ منسلک ہوگئیں اور سی پیک جیسے میگا منصوبے کیلئے راستہ ہموار ہوگیا۔قیام پاکستان کیلئے قوم نے جس قدر قربانیاں دی ہیں گلگت بلتستان کے عوام نے استحکام پاکستان کیلئے اس سے کئی گنا زیادہ قربانیاں دی ہیں۔افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ نااہل حکمرانوں نے ہمارے قومی ہیروز کے احسانات اور قربانیوں کو یکسر بھلا دیا ہے اور رفتہ رفتہ ہمارے قومی یادگاروں کو مٹایا جارہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جس والہانہ عقیدت اور محبت کے ساتھ یہاں کے عوام نے ریاست پاکستان کا ساتھ دیا اور استحکام پاکستان کیلئے آج بھی پے درپے قربانیاں دے رہے ہیں اس کا صلہ آج تک نہیں ملا ہے ۔انہوں نے ریاستی مشینری اور حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ وقت ضائع کئے بغیر خطہ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کا تعین کیا جائے اور علاقے کے عوام میں پائی جانیوالی بے چینی کاازالہ کیا جائے۔