وحدت نیوز(گلگت) گلگت بلتستان میں حالیہ شدید برفباری سے دور افتادہ علاقوں میں عوام شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔محکمہ خوراک کی غفلت سے کارگاہ اور نلتر میں بروقت راشن نہ پہنچانے سے گندم کا بحران پیدا ہوا ہے۔ریکارڈ توڑ برفباری کی وجہ سے رابطہ سڑکیں بلاک ہیں ،عوام کی پریشانیوں کاکوئی پرسان حال نہیں۔چیف سیکرٹری صورت حال کا ازخود نوٹس لیکر فوری اقدامات کی ہدایات صادر کرے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی سے وحدت ہائوس گلگت میں کارگاہ اور نلتر کے نمائندہ وفود نے ملاقات کرکے حالیہ برفباری کے نتیجے میں عوامی مشکلات سے آگاہ کیا۔اس موقع پر انہوںنے کہاکہ انتظامیہ کو چاہئے کہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے دورافتادہ علاقوں جہاں قدرتی آفات سے رابطہ سڑکیں بلاک ہونے کا خدشہ موجود رہتا ہے وہاں پہلے سے احتیاطی تدابیر اختیار کی جانی چاہئیں۔موجودہ صورتحال میں گلگت بلتستان کے بیشتر اضلاع کے دورافتادہ علاقوں کا ضلعی ہیڈکوارٹر سے رابطہ منقطع ہوچکا ہے اور خوراک کی قلت پیدا ہوچکی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ محکمہ خوراک کی غفلت سے آج کارگاہ میں ایک سو دس گھرانے محصور ہوکررہ گئے ہیں اور پندرہ دن سے کوٹہ کا گندم بھی نہیں پہنچاہے ۔کارگاہ کے عوام غذائی قلت کا شکار ہوچکے ہیں ، رابطہ سڑک مکمل بلاک ہے اور شدید برفباری کے بعد برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔برفانی تودے گرنے سے انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہیں۔انتظامیہ کو چاہئے کہ فوری اقدامات کرکے دورافتادہ علاقوں کے عوام کو گندم کی ترسیل یقینی بنائیں۔