وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی نے کہا ہے صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت حالیہ طوفانی برفباری اور متوقع حادثات و مشکلات کے پیش نظر گلگت بلتستان بلخصوص استور اور بلتستان کو ایمرجنسی زون قرار دیکر فوری طور پر خصوصی گرانٹ کا اعلان کرے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پورے خطے بلخصوص استور اور بلتستان کی صورتحال انتہائی خراب ہے تمام اداروں کو جان فشانی کے ساتھ سڑکوں کی بحالی، بجلی کی بحالی، ادویات کی فراہمی، غذائی اجناس کی فراہمی اور دیگر صورتحال نمٹنے کے لیے الرٹ رہنا ہوگا۔ انتظامی اداروں کو تمام نواحی علاقوں سے رابطے میں رہنا ہوگا اور ریسکیو ٹیم کو الرٹ کرنے کی ضرورت ہے۔
آغا علی رضوی نے مزید کہا کہ عوام کسی بھی مشکل کی صورت میں اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔ انتظامی اداروں کی طرف سے سستی بھی ہوجائے تو عوام بلخصوص جوانان آگے بڑھیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرے۔
انہوں نے مطالبہ کیا وزیراعظم حالیہ طوفانی برفباری سے مشکلات کے شکار عوام کو خصوصی گرانٹ کا اعلان کرے بلخصوص یوٹیلیٹی سٹور میں اشیائے ضرورت کی کم نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کے ساتھ دیگر ہنگامی اقدامات اٹھانے کے احکامات صادر کریں۔ نہایت افسوس کی بات ہے گلگت بلتستان انتظامیہ عوام کو دہشتگرد ثابت کرنے کے لیے پھرتیاں دکھاتی ہیں لیکن انتظامی صورتحال یہ ہے برف صاف کرنے کے لیے ایک جدید مشینری بھی موجود نہیں ہے۔ دوسری طرف ائیر پورٹ کی صفائی نہ ہونے اور آل ویدر فلائٹ آپریشن نہ ہونے کی وجہ سے عوام محصور ہو کر رہ گئے ہیں اور زمینی فضائی رابطے معطل ہیں۔