وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان پولیٹیکل کونسل کا اجلاس رکن جی بی کونسل و صوبائی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین شیخ احمد علی نوری کی صدرات میں منعقد ہوا۔رکن جی بی کونسل شیخ احمد علی نوری نے کہا کہ ریونیو ایکٹ گلگت بلتستان کے عوام کے مفاد میں ہونا چاہیے اور غیر ضروری ٹیکسسز سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہو گا اور مجلس وحدت مسلمین کسی بھی صورت عوامی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے کہا صوبائی حکومت عوام کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے اور پاور منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام مشینری کو متحرک کیا جائے۔گندم کے حالیہ بحران کے حوالےسے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سے اس سلسلے میں بات کی جائے گی اور آٹے کے بحران پر قابو پانے کے لیے کوئی کوتاہی نہیں کریں گے۔بلتستان یونیورسٹی کے وہ سی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس مادر علمی میں میرٹ کی بنیاد پر تعیناتی ہونی چاہیے۔انہوں نے متعلقہ اداروں سے صوبائی صدر مجلس وحدت مسلمین آغا علی رضوی سمیت تمام بے گناہ افراد کو فورتھ شیڈول سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ وفاق کی جانب سے گندم کوٹے میں کمی کا فیصلہ ناقابل فہم ہے عوامی مسائل کے حل کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کے حوالےسے سے انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان اس مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر زراعت و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کاظم میثم،رکن اسمبلی و ضلعی صدر شیخ اکبر علی رجائی،رکن اسمبلی و مرکزی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کنیز فاطمہ،معاون خصوصی وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان الیاس صدیقی،صوبائی ترجمان ایم ڈبلیو ایم حاجی غلام عباس،مطہر عباس اور محمد سلیم نے شرکت کی۔