وحدت نیوز (سکردو) صوبائی وزیر زراعت و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان محمد کاظم میثم نے اسسٹنٹ کمشنر آفس گمبہ اور کمشنر بلتستان ڈویژن شجاع نے اسسٹنٹ کمشنر آفس سکردو میں ڈومیسائل ڈیسک کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر دونوں اسسٹنٹ کمشنرز نے ڈومیسائل ڈیسک کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر سکردو کیپٹن (ر) شہریار شیرازی ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجراء کے سلسلے میں تمام اختیارات پہلے ہی سے تفویض کرچکے ہیں اور اس کا آج باقاعدہ افتتاح بھی کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ڈیسک کے قیام سے لوگوں کے وقت کا ضیاع نہیں ہوگا اور متعلقہ تحصیل سے ضروری دستاویزات بمعہ رپورٹ آنے کے بعد لوگوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹ تیار ملے گا اور ڈومیسائل کے حصول کے لئے دورانیہ زیادہ سے زیادہ ایک دن کا ہوگا۔ عوام کی آسانی کے لئے تجربہ کار سٹاف اور تمام سہولیات اسی ڈیسک پر فراہم کی گئی ہے، تاکہ عوام الناس کو گھر کی دہلیز پر ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجراء میں کسی بھی قسم کی دقت کا سامنا نہ ہو۔ کیونکہ ایک سائل ڈومیسائل حاصل کرنے کے لئے متعلقہ سب ڈویژن سے ڈپٹی کمشنر آفس آنا پڑتا تھا۔ اب اس کو ختم کر کے متعلقہ سب ڈویژن کے اسسٹنٹ کمشنرز کو اختیارات سونپے گئےہیں جس سے عوام الناس کو براہ راست فائدہ حاصل ہو گا۔