وحدت نیوز(سکردو)مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صدر سید علی رضوی نے کہا ہے کہ حکومت یہاں سٹیٹ سبجیکٹ رول بحال کرے، عوام غیروں کو زمینیں بیچنے سے اجتناب کریں، جو نمائندے عوام کی خبر ہی نہیں پوچھتے اور جو مسائل کے حل کیلئے دن رات کوششیں کر رہے ہیں، ان میں فرق کرنا ہوگا۔ سکردو یادگار شہدا پر احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ بعض نمائندے شروع دن سے مسائل حل کرنے کیلئے کوششیں کر رہے ہیں، ہم کوششیں کرنے والے تمام نمائندوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انجمن تاجران کے صدر غلام حسین اطہر کا فیصلہ حتمی ہوگا، وہ جو کہیں گے وہی کریں گے۔ امید ہے کہ مخلص نمائندے مسائل حل کرکے عوام کے درمیان آئیں گے تو ہم خراج تحسین پیش کریں گے۔ مسائل کے حل کیلئے ایک پیسے کا کام نہ کرنے والوں اور کام کرنے والوں میں تمیز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں غیر معمولی اضافہ ناقابل قبول ہے، واپڈا والے اپنا قبلہ درست کریں۔