وحدت نیوز(گلگت)صوبائی وزیر زراعت گلگت بلتستان کاظم میثم کی سربراہی میں ایم ڈبلیو ایم جی بی کے وفد نے سیکرٹری واٹر اینڈ پاور سجاد حیدر سے بجلی بحران کے حل کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ لی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ سکردو شہر اور گلگت شہر میں بجلی کے بحران کے سبب پینے کے پانی کے بھی شدید مسائل آ رہے ہیں۔ ندی نالوں میں پانی نہ اترنے اور سدپارہ ڈیم میں پانی کی سطح کم ہونے کے سبب شدید مشکلات کا شکار ہے۔ فوری طور پر ان مسائل کے حل کے لیے اقدامات نہ اٹھائے گئے تو بحران میں اضافہ ہو جائے گا۔
اس موقع پر سیکرٹری واٹر اینڈ پاور نے کہا کہ ملکی صورتحال کے سبب جس کمپنی نے سکردو کے لیے 30 میگاواٹ بجلی فراہم کرنی تھی انکی سرگرمی بھی تعطلی کی شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلٰی کی ہدایات پر سکردو شہر میں سولر کی تنصیب کے لیے فزیبلٹی پر کام جاری ہے تاکہ کمرشل صارفین کے لیے دن کے وقت بجلی کی فراہمی یقینی ہو۔
انہوں نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ رواں اے ڈی پی میں پاور ہاوسز کی بحالی اور نئے پاور ہاوسز کی تعمیر کے حوالے سے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ایم ڈبلیو ایم وفد میں رکن جی بی کونسل و پولیٹیکل سیکریٹری مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان شیخ احمد علی نوری،رکن اسمبلی و ضلعی صدر ایم ڈبلیو ایم شیخ اکبر رجائی،صوبائی رہنما ایم ڈبلیو ایم غلام عباس اور کاچو ولایت ہمراہ تھے۔