وحدت نیوز(گلگت ) ہمسایہ ملک چین کے گلگت بلتستان سے چیری درآمد کرنے کے لیے آنے والے کاروباری وفد نے وزیرزراعت گلگت بلتستان کاظم میثم سے ایڈیشنل سیکرٹری ایگریکلچر حسین علی اور محکمہ زراعت کے افسران کے ہمراہ ایگریکلچر کمپلیکس میں ملاقات کی۔ اس موقع سے چین سے آنے والے وفد کو گلگت بلتستان آمد پر خیرمقدم کیاگیا۔
انہوں نے گلگت بلتستان میں موجود ایگریکلچر کی پوٹینشنلز پر بریفنگ دی اور یہاں کی تمام اہم پیدوار پر تفصیلی گفتگو کی۔ وزیرزراعت گلگت بلتستان نے خوبانی اور شہتوت کی پروسسنگ اور ویلیو ایڈیشن کے لیے چائینہ کی ٹیکنالوجی کو متعارف کرانے اور اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس اور دیگر لوکل سرمایہ کاروں کے ساتھ ملکر تجارتی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے پر زور دیا۔
اس موقع پر چینی وفد نے گلگت بلتستان گورنمنٹ کی طرف سے بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سال رواں چیری کو اچھی قیمت پر چین میں درآمد کیا جائے گا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن بلخصوص آلو کی بائیو پروڈکس، خوبانی کی پروسیسنگ اور بائی پروڈکس، شہتوت کی پروسیسنگ سمیت دیگر اہم پیداوار کی پروسسنگ اور ویلیو ایڈیشن کے لیے پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز کیا گیا۔