وحدت نیوز(گلگت)صوبائی وزیر زراعت و پارلیمانی لیڈر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان محمد کاظم میثم اور صوبائی وزیر تعمیرات عامہ وزیر محمد سلیم کی سربراہی میں سکردو میں جاری بجلی بحران پر ایک اعلیٰ سطح اجلاس واٹر اینڈ پاور کمپلیکس جی بی میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ برقیات گلگت بلتستان، جی بی آر ایس پی اور ناروے کی بجلی پیدا کرنے والی کمپنی کے ذمہ داران شریک تھے۔
اجلاس میں گلگت بلتستان بلخصوص سکردو شہر میں جاری آئے روز بڑھتی لوڈشیڈنگ کی روک تھام کے لیے قلیل المیعاد اور طویل المیعاد بنیادی طور پر اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ ہوئی۔ اس سلسلے میں سکردو شہر میں کمرشل ضروریات پوری کرنے کے لیے سولر کی تنصیب اور اس پر جاری سروے کے حوالے سے بات ہوئی۔ اس سلسلے میں رواں سال سولر پر کام کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
محکمہ برقیات کی بریفنگ پر ناروے کی ہائیڈرل پاور کمپنی نے سکردو میں دریائے سندھ پر بجلی گھر بنانے کے لیے سروے کرنے اور کچورا فیز تھری کی کیپسٹی بڑھانے کے لیے رضامندی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا نے کہا کہ صوبائی حکومت تمام بیرونی سرمایہ کاروں کو رن آف دی ریور پر ہائیڈرو پاور ہاوسز بنانے کے لیے نہ صرف معاونت کرے گی بلکہ بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی۔
اس موقع پر صوبائی وزراء نے سیکرٹری واٹر اینڈ پاور کو شغرتھنگ پاور پروجیکٹ، غواڑی پاور پروجیکٹ اور ہرپو پاور پروجیکٹ پر کام تیز کرنے اور وفاق سے ریلیز کو فالو اپ کرنے کی ہدایات بھی کیں۔ محکمہ برقیات کی پوری ٹیم نے اس عزم کا اظہار کی کہ سکردو اور گلگت شہر میں جاری لوڈشیڈنگ پر فوری قابو پانے اور مستقبل میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ہرممکن کوشش کرے گی۔