وحدت نیوز(سکردو)صدر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان آغا علی رضوی کی زیر صوبائی کابینہ کا اہم اجلاس صوبائی سیکریٹریٹ سکردو میں ہوا۔ اجلاس میں رکن گلگت بلتستان کونسل شیخ احمد نوری، نائب صدر شیخ علی محمد کریمی،نائب صدر شیخ اشرف شگری،ضلعی نائب صدر شیخ علی حسین حلیمی، سینئر نائب صدر مولانا کاظم،یوتھ ونگ کے صدر اطہر کاظمی و دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
اجلاس میں شیعہ نوجوانوں کی جبری گمشدگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور اداروں سے ان بے گناہ جوانوں کی بازیابی کا مطالبہ کیا گیا اجلاس میں بلتستان یونیورسٹی میں ہونے والے سپورٹس وویک کے نام پر فحاشی کے پروگرامز کے انعقاد پر سخت غم وغصے کا اظہارکیا گیا اور کہا کہ جامعہ بلتستان میں فحاشی کے پروگرامز کسی بھی طور پر برداشت نہیں کریں گے ۔
اجلاس میں پی ڈی ایم حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور گلگت بلتستان کے گندم کی قیمتوں میں اضافے پر عوامی موقف کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا گیا عوام کسی بھی مسئلے اور بحران کے خلاف جب بھی میدان میں ہونگے مجلس عوام کے ساتھ کھڑی نظر آئے گی۔
اجلاس میں ایم ڈبلیو ایم کے تحت جون میں عظمت شہداء و استحکام پاکستان کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا جس میں ملک بھر سے مجلس کے مرکزی قائدین اور جید علمائے کرام شرکت کریں گے۔ اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین صوبائی تنظیم سازی کونسل تشکیل دی گئی اور تنظیمی امور کو منظم کرنے کیلئے مرکزی کردار سازی کے رکن شیخ جان حیدری کو صوبائی ڈپٹی سیکرٹری تنظیم سازی کا اضافی عہدہ دیا گیا تاکہ صوبے میں تنظیم سازی کے امور کو منظم کیا جاسکے۔