وحدت نیوز(گلگت)متحدہ اپوزیشن گلگت بلتستان اسمبلی اور گلگت بلتستان کونسل کےاراکین کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کاظم میثم، جاوید منوآ اور کونسل اراکین چیئرمین قائمہ کمیٹی جی بی کونسل ایوب شاہ، ممبر کونسل شیخ احمد علی نوری، ممبر کونسل عبد الرحمن اور ممبر کونسل سید شبیہ الحسنین نے شرکت کی۔ اجلاس میں گلگت بلتستان میں جاری گندم بحران اور مالیاتی بحران سمیت عوامی احتجاجات زیر غور آئے اور ان تمام معاملات پر مشترکہ کوشش اور جدوجہد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ صوبائی حکومت کے وزراء کی مایوس کن پریس کانفرنس پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ہم اس امید پہ تھے کہ صوبائی حکومت گلگت بلتستان کو گندم کے بحران اور دیگر مالیاتی بحران سے نکالنے کے لیے وفاقی حکومت کے آگے مطالبات رکھے گی، لیکن انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کے مطالبات کو پس پشت ڈال دیا۔ اگر صوبائی حکومت وفاق کے ساتھ مطالبات بھرپور انداز میں اٹھاتے تو ہم ان کے ساتھ کھڑے ہوتے، مگر صوبائی حکومت ہر مرحلے پر مصلحت سے کام لیتے ہوئے وفاق کے سامنے گلگت بلتستان کا عوامی مقدمہ کمزور پچ پر لڑ رہی ہے۔ اگلے مہینے سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے لئے بھی پیسے نہیں لیکن صوبائی حکومت اس پہ سنجیدگی دیکھانے کی بجائے سب ٹھیک کا راگ الاپ رہی ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ہم اپنے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور عوامی مطالبات کے حل کے لیے صوبائی حکومت کو فوری اقدامات اٹھانے چاہیے۔ ساتھ ہی صوبائی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وفاق سے اپنے ایشوز حل کرانے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ اپوزیشن اور جی بی کونسل حالیہ ایشوز کے حل کے لیے مشاورت سے آگے بڑھے گی اور عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
ممبران گلگت بلتستان کونسل و متحدہ اپوزیشن کے درمیان گندم ایشو پر مشترکہ جدوجہد پر اتفاق