وحدت نیوز(سکردو)امام جمعہ گیول سکردو شیخ نذیر انصاری کی سربراہی میں نئے مکلفین کی حوصلہ افزائی اور بنیادی شرعی احکام کی تفہیم کے لیے ایک عظیم الشان جشن بلوغت کا اہتمام جامعہ مسجد گیول سکردو میں ہوا۔ جشن میں علاقے کے نامور علماء کرام حجت الاسلام شیخ مہدی انصاری، حجت الاسلام شیخ محمد شریفی اور اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی و پارلیمانی لیڈر ایم ڈبلیو ایم جی بی محمد کاظم میثم سمیت علاقے کے سرکردگان اور زعما نے خصوصی شرکت کی۔ جشن بلوغت میں علاقہ بھر کے نئے مکلف نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
مکلفین اور نوجوان روزہ داروں کی حد بلوغت پر پہنچنے پر علما کرام نے ان کی حوصلہ افزائی کی اور شرعی احکامات و وظائف سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر اپوزیشن لیڈر نے بھی نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ علماء کرام نے ہر سطح پر جشن بلوغت کو بنیادی ضرورت قرار دی۔ اس جشن میں نوجوانوں سے شرعی احکامات کے حوالے سے مقابلے کا انعقاد ہوا جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے مکلفین کو انعامات سے نوازا گیا۔ والدین اور سرکردگان کی جانب سے اسے نہایت سراہا گیا۔