وحدت نیوز (قم) مجلس وحدت مسلمین شعبہ قم نے کوئٹہ میں ازسرِنو شیعہ ٹارگٹ کلنگ کی کارروائیوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ایم ڈبلیو ایم قم کے میڈیا سیکرٹری آغا نذر حافی نے کہا ہے کہ نواز حکومت ملک و قوم کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔ ملک میں آئے روز نہتے اور بےگناہ شہریوں کا تسلسل سے قتلِ عام کیا جا رہا ہے لیکن حکمران فقط زبانی بیانات پر اکتفا کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں انسان کشی کی بدترین مثالیں قائم کی گئی ہیں۔ سانحہ پشاور، سانحہ صفورا، سانحہ تفتان اور سانحہ مستونگ سمیت متعدد واقعات اس امر پر شاہد ہیں کہ اب عوام کی بےکسی اور حکمرانوں کی بےحسی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کوئٹہ میں ازسرِنو ٹارگٹ کلنگ کے آغاز پر خصوصاً گذشتہ 10 دنوں میں ہزارہ برادری کے 8 افراد کو نشانہ بنائے جانے پر گہری تشویش اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کو قوم و قبیلے اور مذہب و مسلک کی تمیز کئے بغیر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے تفتان روٹ پر مسافروں کو درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ بلوچستان کی صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برت رہی ہے۔ سرکاری اہلکاروں کی طرف سے زائرینِ امام حسینؑ کے ساتھ ناروا سلوک انتہائی شرمناک فعل ہے۔ انہوں نے بلوچستان کی صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت ہزارہ برادری اور تفتان روٹ کی سکیورٹی کے حوالے سے عملی اقدامات کرے۔