وحدت نیوز (قم) اس سال حج کے دوران حاجیوں کی پے در پے شہادتوں اور زخمی ہونے کے واقعات سے پورا عالمِ اسلام سوگوار ہے۔ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح اسلامی جمہوریہ ایران میں بھی شہید ہونے والے حاجیوں کے ایصالِ ثواب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے قرآن خوانی اور دعاوں کے پروگرامات تسلسل سے جاری ہیں۔ ایم ڈبلیو ایم شعبہ قم کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام غلام محمد فخر الدین کے زخمی ہونے کی خبر آنے کے بعد ان کی جلد صحت یابی کے لئے بھی خصوصی اور انفرادی و اجتماعی طور پر دعائیں کی جا رہی ہیں۔ مجلس وحدتِ مسلمین قم کے دفتر سے جاری پریس ریلیز کے مطابق قائم مقام سیکرٹری جنرل حجت الاسلام گلزار احمد جعفری، میڈیا سیکرٹری آغا نذر حافی، سیکرٹری سیاسیات آغا عاشق حسین آئی آر اور آفس سیکرٹری آغا مختار مطہری نے اپنے بیان میں جہاں شہید ہونے والے حاجیوں کے ورثاء سے اظہارِ تعزیت کیا ہے، وہیں عالم اسلام سے یہ اپیل بھی کی ہے کہ اس سانحے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کروائی جائیں۔ مجلس وحدتِ مسلمین قم کی کابینہ کی نمائندگی کرتے ہوئے مذکورہ اراکین نے کہا کہ او آئی سی کو چاہیے کہ وہ اس موقع پر اپنی ذمہ داریوں کو نبھائے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا شاہی خاندان عیاشیوں میں مست اور دہشت گردی کے فروغ میں مصروف ہے، لہذا سعودی عرب میں پائے جانے والے تمام مقدس مقامات کے انتظامات او آئی سی کو اپنے ہاتھوں میں لے لینے چاہیئے۔