وحدت نیوز(قم)مجلس وحدت قم کی کابینہ کے ہفتہ واراجلاس میں ایکشن کمیٹی نے تہران ایمبیسی میں پاسپورٹ کے مسائل پر ہونے والی پیشرفت نیز کوئٹہ میں زائرین کو درپیش مشکلات کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تہران ایمبیسی نے دسمبر میں پاکستانیوں کے پاسپورٹ کے مسئلے کو حل کرنے کے حوالے سے یقین دہانی کروائی ہے جبکہ کوئٹہ میں محصور زائرین کی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیا گیاہے۔اس موقع پرمختلف تجاویز سامنے آئیں۔ فی الحال کوئٹہ میں محصور زائرین کے مسائل کے فوری حل کے لئے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام گلزار احمد جعفری ،فنانس سیکرٹری محمد علی شریفی ،آفس سیکرٹری مختار مطہری اور سیکرٹری سیاسیات و ارتباطات عاشق حسین آئی آر نے کہا ہے کہ اگر حکومتِ بلوچستان نے زائرین کو ستانا بند نہ کیا تو تمام دنیا میں احتجاج کرنے کی کال دیں گے ۔ بین الاقوامی سطح پر ایک موثراحتجاج کرنے کے لئے ابتدائی منصوبہ بندی کا کام ایکشن کمیٹی کے سپرد کردیا گیاہے۔
اجلاس میں یہ تجویز بھی دی گئی ہے کہ بین الاقوامی سطح پر زائرین سید الشہدا اور زیارات اعتبات عالیہ کے حوالے سے ایک شیعہ سنّی مسلمان مل کر ایک ادارہ بنائیں جو ان امور کی نگرانی کرے۔