وحدت نیوز(سکھر)مجلس وحدت مسلمین ضلع سکھر شعبہ خواتین کے زیر اہتمام ولادت باسعادت شہزادی کونین حضرت فاطمہ زہرا س کی مناسبت سے سالانہ بضعتہ الرسول کانفرنس کا انعقاد مہران کلچرل سینٹر میں کیا گیا جس میں خصوصی شرکت اور خطاب سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجا ناصر عباس جعفری اور مرکزی سیکرٹری جنرل شعبہ خواتین و ایم پی اے سیدہ زہرا نقوی نے کیا ۔
کانفرنس سے خطاب میں محترمہ سیدہ زہرا نقوی کا کہنا تھا کہ خداوند عالم کا شکر ہے کہ اس نے توفیق بخشی کہ آج جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کہ نام پر ہم سب یہاں موجود ہیں قائد وحدت علامہ راجا ناصر عباس جعفری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوۓ ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی جانب سے ملک کے مختلف اضلاع میں خاتون جنت جناب سیدہ سلام اللہ علیہاکی ولادت کے موقع پر جشن کی محافل ، سیمینار اور کانفرنسز کا انعقاد کیا گیا اور یہ تمام تر کاوشیں اور ملک بھر میں شعبہ خواتین کا فعال ہونا قائد وحدت علامہ راجا ناصر عباس جعفری حفظ اللہ کی سرپرستی کا نتیجہ ہے جنھوں نے اپنی بھرپور قائدانہ صلاحیتوں سے خواتین کو اس ملک میں میدان عمل کی راہ دکھائی۔
ان کا کہنا تھا کہ بطور خاتون عائلی زندگی کی ذمہ داریوں کے علاوہ مختلف شعبہ ہاۓ زندگی سے تعلق رکھنے کے والی ہماری بہنیں جو اس الہی جماعت کے مقدس سفر میں ہمارے ساتھ ہیں واقعاً لائق تحسین ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک خاتون کے لیے ان گنت گھریلو اور انفرادی ذمہ داریوں کے ساتھ معاشرے میں بھی مثبت تعمیری و اجتماعی کردار ادا کرنا کسی طور آسان نہیں لیکن جناب سیدہ سلام اللہ علیھا کی پیروکار بی بی کے مشن کو زندہ رکھنے کے لیے اپنی کاوشوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔