The Latest

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے شعبہ تنظیم سازی کی جانب سے تنظیمی فعالیت کو بڑھانے اور امور تنظیم سازی پر زیادہ بہتر انداز میں توجہ دینے کیلئے صوبائی سطح پر 7 رکنی تنظیم سازی کونسل تشکیل دے دی گئی ہے۔ جس کے اراکین میں صوبائی سیکرٹری تنظیم سازی سید عدیل عباس زیدی، غلام اصغر تقی، نیاز حسین دشتی، سید شفقت کاظمی، منظر عباس، ڈاکٹر مشتاق حسین بھٹی اور مصور عباس شامل ہیں۔ عدیل عباس زیدی کے مطابق اس تنظیم سازی کونسل کے قیام کا مقصد ضلع، تحصیل اور یونٹ تک تنظیم کو فعال بنانا، تنظیمی ڈھانچہ کی مضبوطی، رابطوں کو مضبوط کرنا اور ریکارڈ سازی ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کونسل کی پہلی میٹنگ 20 اگست بروز اتوار ملتان میں طلب کی گئی ہے۔ 

وحدت نیوز(قم) مجلس وحدت مسلمین قم کے زیر اہتمام ملک عزیز پاکستان کی 70ویں یوم آزادی کی مناسبت سے ایک پروقار پروگرام مجلس کے دفتر میں منعقد ہوا۔ جس میں المصطفٰی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی قم کے اسٹوڈنٹس، ایم ڈبلیو ایم قم کی کابینہ و مجلس مشاورت کے دوستوں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امور خارجہ حجۃالاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت شیرازی تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں ملک عزیز پاکستان کی 70 ویں جشن آزادی کی مناسبت سے تمام اہلیان وطن اور محب وطن قوتوں کو مبارکباد دی اور آزادی کے فلسفہ اور اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان دو بڑے چلنجز کا شکار ہے، ایک تکفیریت و دہشتگردی اور دوسرا جمہوریت نما آمریت۔ آج نواز شریف بظاہر جمہوریت کی باتیں کر رہا ہے، لیکن حقیقت میں جمہوریت کے لبادے میں آمریت کو پروان چڑھا رہا ہے اور اداروں کے ٹکراو کی سیاست پر تلا ہوا ہے۔ اسی طرح انہی جمہوریت نما آمر حکومتوں کی داخلی اور خارجی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں ملک تکفیری دہشت گردوں کے ہاتھوں جل رہا ہے، آئے روز کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان، لاہور کراچی سمیت ملک بھر میں دہشت گردی ہو رہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ 1947ء کے جذبہ ایثار کیساتھ ملک عزیز کے بیٹوں کو ان دو چلنجز کے مقابلے میں میدان میں آکر قائداعظم محمد علی جناح (رہ) اور علامہ اقبال (رہ) کے پاکستان کو دہشت گردوں، لٹیروں اور غاصب تکفیریوں سے نجات دینے کی ضرورت ہے۔

وحدت نیوز(ڈیرہ اسماعیل خان) مجلس وحدت مسلمین ڈی آئی خان کے سیکرٹری جنرل علامہ غضنفر نقوی اور صوبائی رہنما تہور شاہ اور اسد عباس زیدی کی  ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او سے ملاقات،ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ دنوں ہونے والے  شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر بات چیت،علامہ غضنفر نقوی نےتفصیلات بتاتے ہوئے  کہا کہ ایک سال گزر گیا ہے شاہد شیرازی اور دوسرے وکلا کے  قاتل نہیں پکڑے گئےاسی کمزوری کی وجہ سے گزشتہ دنوں دو پولیس نوجوانوں اور شاہد شیرازی کے چچا مظہر شیرازی  کو شہید کیا گیا ہے۔ پولیس کا فرض ہے کہ وہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کرےانہوں نے DCO  اور DPO سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بغیر وجہ گرفتار شیعہ افراد کو بھی فوری رہائی کی جائے۔DCO نے مطالبات پر جلدعمل کی یقین دہانی کرائی۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) پوری دنیا میں بھارتی یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منا کر کشمیری طمانچہ رسید کر رہے ہیں ، بھارت نام نہاد جمہوریت ہے، وہ کشمیریوں کا بنیادی حق غصب کیے بیٹھا ہے، کشمیری بھارتی مظالم کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔ بھارت بڑے شوق سے یوم آزادی منائے مگر اس سے قبل اسے کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق ضرور دینا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری نشرو اشاعت مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر سید عمران حیدر سبزواری نے وحدت سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج نام نہاد جمہوریہ بھارت اپنا یوم آزادی منا رہا ہے۔ ہم منع نہیں کرتے اور نہ ہمیں حق ہے مگر وہ اپنے آپ کو جمہوریہ اور آزاد کہنے سے قبل کشمیر سے اپنی افواج واپس بلائے، خطے میں قیام امن کا خواب کشمیریوں کو حق زندگی دینے سے شرمندہ تعبیر ہو گا۔ بھارت ایک طرف امن و آشا کی بات کرتا ہے جبکہ وہ وہ کشمیر میں بے پناہ ظلم کر رہا ہے، کشمیری بھارتی مظالم کو اسی طرح بے نقاب کرتے رہیں گے۔ آج انڈیا کے یوم آزادی کے موقع پر پوری دنیا میں یوم سیاہ منا کر کشمیری بھارت کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ تم جتنا مرضی اپنی خوشیاں مناؤ مگر تمہاری خوشیاں اس وقت تک ادھوری کرتے رہیں گے جب تک تم ہمیں ہمارا حق نہیں دے دیتے ، بھارت کا اصل یہ ہے کہ وہ ظالم و جابر ہے، وہ آزادی مخالف ہے، وہ مسلمان مخالف ہے، وہ اسلام دشمن ہے، وہ سیکولر نہیں بلکہ ہندہ انتہاء پسند ریاست ہے۔ لیکن وہ کفر تو چل سکتا ہے پر ظلم نہیں انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری انڈیا کے تسلط سے آزاد ہو کر رہیں گے۔

وحدت نیوز(مظفرآباد) مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر کے زیر اہتمام جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے پروقار تقریب، آزادی کی خوشی میں کیک کاٹاگیا، ریاستی سیکرٹری شماریات ڈاکٹر عابد علی قریشی، سیکرٹری اطلاعات سید حمید حسین نقوی اور سیکرٹری یوتھ سید شاہد کاظمی نے خصوصی شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان اسلامی دنیا کا ایٹمی ملک بنا، قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت کے ثمرات اب دنیا کے سامنے آ رہے ہیں ، علامہ محمد اقبال کے خوابوں نے حقیقت کا روپ دھار لیا ، جشن آزادی کے اس پرمسرت موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔ آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ قائداعظم و اقبال کے پاکستان کو بنانے میں جسطرح ہمارے بزرگوں نے کردار ادا کیا تھا اسی طرح ہم اس کو بچانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ خوشی کے اس موقع پر ہم اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو بھی ان کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جو پاکستان زندہ باد کہتے ہوئے اپنی جانوں کانظرانہ پیش کر رہے ہیں ۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔ پاکستان کی تکمیل کے لیے کشمیری اپنی جدوجہد میں اپنا خون پیش کر رہے ہیں ۔ مقررین نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم باہم متحد و منظم ہو کر تحریک آزادی کشمیر میں اپنا حصہ ڈالیں ۔ اخلاقی و سفارتی حمایت کے ساتھ میدان عمل میں بھی آئیں ۔ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کو دکھائیں ۔اور کشمیریوں کی مظلومیت کو اجاگر کریں۔

وحدت نیوز(لاہور) پاکستان کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر وحدت یوتھ لاہور کی جانب سے بائیک ریلی کا اہتمام کیا گیا، ریلی کا آغاز صبح 12 بجے مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی سیکریٹریٹ سے ہوا،جس میں سینکڑوں جوانوں نے شرکت کی،ریلی کی قیادت سیکرٹری یوتھ ضلع لاہور سید سجاد نقوی نے کی،اس موقع پر سید سجاد نقوی کا کہنا تھا کہ یہ آزادی ہمارے بزرگوں کی بے دریغ قربانیوں کا نتیجہ ہےاور آزادی ہماری رگوں میں خون بن کر دوڑ رہی ہے، سیکرٹری یوتھ نے کہا کہ وطن سے محبت کا جذبہ ہمیں ہماری ماؤں کے دودھ سے وراثت میں ملا ہے اور ہم مرتے دم تک پاکستان کی آزادی کا جشن اسی جوش و جذبے سے مناتے رہیں گے،تاکہ دشمن کو یہ پیغام دے سکیں کہ پاکستانی قوم اپنے پاک افواج کے شانہ بشانہ اس پاک دھرتی کا دفاع ہر ممکن یقینی بنانا جانتی ہے. انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے موقع پر بائیک ریلی کے انعقاد کا مقصد پاکستان سے اظہار یکجہتی اور جوانوں میں ملی جذبے کو زندہ و ترو تازہ رکھنا ہے،وحدت یوتھ کی جانب سے شہریوں میں قومی پرچم بھی تقسیم کیے گئے تاکہ اسی قومی دن کے موقع پر آزادی اور امن و محبت کا پیغام گھر گھر پہنچ سکے،یاد رہے کہ ریلی کے شرکاء ملی ترانے گا کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے لاہور کے مختلف روٹس( شادمان، مال روڈ،اسلام پورہ،ساندہ روڈ،ایم اے او کالج،لوئر مال، داتا دربار،آزادی چوک) سےہوتے ہوئے شام 5 مینار پاکستان پہنچے جہاں دعائے امام زمانہ سے ریلی کا اختتام کیا گیا۔

جشن آزادی پاک وطن

وحدت نیوز(آرٹیکل)14اگست 1947 ہماری قوم و ملت کے لئے وہ دن ہے کہ جس دن شہیدوں کے خون کی سرخی سبزہ میں بدلی اور امن وامان کے سورج کی صبح سفیدی افق پہ طلوع ہوئی، آزادی کا چاند مملکت کے آسمان پہ ابھرااور ستاروں نے اپنی خوبصورتی کے ساتھ چاند کو چار چاند لگا دئیےیوں ہلالی پرچم کو اٹھائے قوم و ملت ایک آزاد و خود مختار پاکستان کی تلاش میں نکلی۔

یہ وہ عظیم قوم ہے کہ جس نے برصغیر میں سب سے پہلے قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر آزادی و استقلال کا شعار بلند کیا اور فکر اقبال کی روشنی میں ایک آزاد اسلامی مملکت کی خواب کی تعبیر کے لئے  جدوجہد شروع کی-

امنگیں اتنی عظیم تھیں کہ عصر حاضر کے سب سے بڑے ،منفرد اور عظیم انقلاب کے عظیم رہبر امام خمینی پاکستانی قوم کو ایک عظیم انقلابی ملت سے یاد کرتےتھے کہ جس نے استعمار و سامراج کے ناپاک عزائم نقش بر آب کر کے ایک ایسی مملکت کو حاصل کیا کہ جہاں شر و فساد،ظلم و بے عدالتی،قوم پرستی،بے انصافی،جھوٹ فساد و فحاشی ، بے راہ روی اور کرپشن سے پاک ایک معاشرہ تشکیل پائے۔

 جہاں ایک پاک و پاکیزہ،عدل و انصاف پر مبنی ایسا الہی نظام ہو جو انبیا علیھم السلام کی امنگوں کی عکاسی کرے-

پاکستان ایک ایسے عظیم اس تصور کے نتیجے میں معرض وجود میں آیاتھا کہ ایسا تصور کہ جو دوسروں کے لئے بھی مشعل راہ بنے۔

 ایران کےموجودہ رہبر حضرت آیت اللہ آلعظمی خامنہ ای فرماتے ہیں موجودہ جمہوری اسلامی ایران کا خواب علامہ اقبال رح نے دیکھا تھا جو ایران میں جا کر شرمندہ تعبیر ہوا-

معلوم ہوتا ہےکہ براعظم ایشیا میں جس قوم نے اسلامی جامع نظام کا تصور پیش کیاتھا وہ اسی خطے میں پروان چڑھنے والے فرزند اسلام و قرآن ہیں اگرچہ ممکن ہے اس زمانے میں قومی شعور اتنا بیدار نہیں تھا کہ فکر اقبال کو حقیقی معنوں میں درک کر سکیں،لیکن معاشرے میں اس قدر شعور ضرور تھا کہ وہ ایک ایسی مملکت چاہتے تھے جو ان کے دین اور آئین کے عین مطابق ہو اور جہاں وہ آزادی سے اپنےدین پرعمل کر سکیں-

البتہ جہاں قوم و ملت کی یہ امنگیں تھیں وہاں زخم خوردہ دشمن بھی آرام سے نہیں بیٹھا تھا اور اس نے ابتدا ہی سے اس مملکت خداد کو نشانہ بنانا شروع کر دیااور سازشوں میں جت گیا ،چنانچہ پہلے روز سے قوم کے سربراہوں کو نشانہ بنانا، ملک میں عدم استحکام کے لئے سازشیں،ملک پہ ایسے حکمرانوں کو مسلط کرنا جو ملک کے مفادات کے خلاف اور بیرونی طاقتوں کے مفادات میں کام کرتے رہے،ملکی سرحدوں کو بے امنی کا شکار کرنا اور ہمسایہ ممالک کے زریعے جنگیں مسلط کرنا،فرقہ واریت اور قوم پرستی جیسی جنگوں میں جھونکنےکی کوشش کرنا۔۔۔

یہی وہ سازشیں اور منجملہ مسائل ہیں کہ آج بھی ملک کو دیمک کی طرح کھائی جا رہی ہیں تو دوسری جانب لیکن اس عظیم ملت کی استعمار اور سامراج مخالف سوچ اواستقامت میں بھی کوئی کمی نہیں ،یہ قوم ان سازشوں کا ڈٹ کرمقابلہ کررہی ہے ۔

مسلمان ممالک میں سے پاکستان ان گنے چنےممالک میں سے ہےجس کے پاسپورٹ پہ آج بھی غاصب ریاست اسرائیل سفر کرنے پر پابندی ہے ،پاکستان نے آج تک اسرائیل کو جائز ملک کے طور پہ تسلیم ہی نہیں کیا ،اسی طرح تمام بین الاقوامی مسائل میں پاکستانی عوام ہمیشہ مظلوموں کی حامی اور ظلم کے خلاف سیسہ پلائی ہو ئی دیوار بنکر سامنے آئے ہیں ،پاکستانی قوم ہمیشہ اسلام کے خلاف ہو نے والی عالمی سازشوں کے مقابلے میں آہنی چٹان بنکر سامنے آئی ہے ،ان گذشتہ سالوں میں سلمان رشدی کا فتنہ ہو یا پیامبراسلام ص کی شان اقدس میں گستاخی، جس قوم نے سب سے پہلے رد عمل دکھایا وہ پاکستانی قوم ہی توہے بلکہ سلمان رشدی کے خلاف امام خمینی رح کے فتوی سے پہلے پاکستانی قوم نے اپنی غیرت و حمیت اسلامی کا اعلان کیا جس میں کچھ لوگ گولیوں کا نشانہ بنے تو امام خمینی نے فرمایا عشق پیامبر اکرم ص اور عزت اسلام کے دفاع میں جتنے لوگ لقمہ اجل بنے وہ سب شہید ہیں-

پاکستانی قوم آج دنیا کے مختلف ممالک میں اسلامی پیغام کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پہ بھرپور طریقے سے پہنچانے کے لئے دن رات کوشاں ہے،آج اکثرغیر اسلامی ممالک میں مساجد اور اسلامی مراکز کو قائم کرنے والی یہ قوم جذبہ اسلامی میں سرشار نظر آتی ہے اور غیرمسلم ممالک میں رہتے ہوئے بھی اپنی قوم و مملکت کے ساتھ محبت اور رشتے کو برقرار رکھا ہے ،خواہ انہیں اپنے وطن سے نکلے ہوئے سالہا سال گذر گئےہوں خواہ ان کی دوسری نسل بیرون ملک پیدا ہو ئی ہو لیکن آج بھی اپنے سینوں میں اپنے وطن سے محبت لئے ہو ئے ہیں ،آج بھی ان کا دل وطن اور اہل وطن کے ساتھ دھڑکتا ہے ۔

یہ جذبہ ہر مرحلے میں امٹ کر سامنے آتا ہے یہاں تک کھیل کے میدان سے لیکر ملکی اہم ایشوز تک ۔

بین الاقوامی سطح پہ جتنی اسلامی تحریکیں چلیں ملت پاکستان ہمیشہ ان تحریکوں کا حصہ بنی یا ان تحریکوں کی بھر پور حمایت کی،آج بھی حرمین شریفین اور کربلا و نجف یا پھر حرم زینبی ہو یا دیگر مقامات مقدسہ ہوں ان  کی حفاظت کے لئے ہماری قوم پیش پیش ہے،جس زمانے میں آل سعود نے اپنے بے بنیاد عقائد پہ عمل کرتے ہوئے مقامات مقدسہ کو مسمار کرنا شروع کیا تو یہ پاکستانی عوام ہی تھی کہ جس نے سب سے پہلے احتجاج کیا۔

آج بھی یہ مملکت اور قوم استعماری و سامراجی سازشوں کا  براہ راست نشانہ ہیں-چنانچہ اج گذشتہ کئی دھائیوں سے ملک میں کبھی سنی اور کبھی شیعہ کو گولیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور کبھی اس سر زمین کے فرزندوں کو بموں کا نشانہ بنایا جاتا ہے-بیرون ملک قوتوں  نے ملک میں ایسے مدارس جنم دئیے جو فرقہ واریت کو ہوا دیں اور مسلح گروہوں کو وجود لایاگیا تاکہ ملک کو خانہ جنگی میں جھونکا جا سکے لیکن یہ توپاکستانی قوم کی بیداری اور شعور کا نتیجہ ہے کہ ٓاج بھی اس ملک میں اسلامی اخوت اور رواداری باقی ہے-
اور ملک میں دونوں مکاتب فکر شیعہ اور سنی ایک دوسرے کے شانہ بشانہ زندگی بسر کر رہے ہیں آج جہاں ہم ایک طرف سترہویں یوم آزادی منا رہے ہیں تو دوسری جانب ہمیں بہت سی سازشوں کا بھی سامنا ہے۔

اور اس میں اہم سازش سیاسی عدم استحکام کی سازش ہےیہ سیاسی عدم استحکام ہی ہے کہ جس کے سبب معدنی اور مادی وسائل سے مالا مال ملک اور محنت کش قوم فقر و غربت میں زندگی بسر کرتی ہے-

 ملک پرایسے نا اہل حکمران مسلط ہوگئے ہیں جو ملک اور عوام کے ساتھ نہ صرف مخلص نہیں بلکہ دانستہ یا نادانستہ انہی سازشوں کا حصہ ہیں ۔

 حال ہی میں معزول ہونے والے وزیر اعظم نواز شریف کہ جن کو سپریم کورٹ نے بہت سی بدعنوانیوں کے الزام میں وزارت کے عہدے سے معزول کیاہے اس کا ایک بڑا نمونہ ہیں۔

 آج جب ہم جشن آزادی منا رہے ہیں تو ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ جن مقاصد کے لئے اس ملک کی بنیاد رکھی گئی تھی مل کر ان مقاصد کے لئے جدو جہد کریں گےاور ملک کو نااہلوں اور مفاد پرستوں کے ہاتھوں سے نکال کر اس کی بھاگ ڈور امانت دار لوگوں کے ہاتھوں میں دیں گے اور اس آزاد و خود مختار ریاست کی ترقی و بہتری کے لئے کام کرے گے ۔

ہمارا سلام ہو بانی پاکستان محمد علی جناح کہ جن کا نام دو عظیم شخصیات کے ناموں کا امتزاج ہےپرسلام ہوان مجاہدین پر جنہوں نے اس مملکت خدادکی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی اور مسلسل حفاظت کررہے ہیں سلام ان ہزاروں شہدا پر جنہوں نے اس ملک کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کی قربانی کا نذرانہ پیش کیا- سلام ملت کے ہر فرزند پہ جو آج بھی اس وطن کی خدمت میں مصروف ہیں -

پاکستان زندہ باد

تحریر۔۔۔غلام حر شبیری

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی کی قیادت میں کراچی ڈویژن کے رہنماؤں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح رحمت اللہ علیہ کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر قائد اعظم کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ پھولوں کا گلدستہ بھی مزار پر رکھا گیا اور پاکستان کے سترویں (70ویں) یوم آزادی پر مملکت خداداد کے لئے خصوصی دعا کی گئی اور یوم آزادی کے حوالے سے ایم ڈبلیو ایم کی جانب سے نمائش چورنگی مرکزی کیمپ پر کیک کاٹا گیا اور شاندار آتش بازی بھی کی گئی ۔کراچی مزار قائد وفد میں علمائے کرام بشمول علامہ مبشر حسن ،مولانا علی انور جعفری، مولانا اظہر نقوی، مولانا نشان حیدر ساجدی، مولانا صادق جعفری، مولانا احسان دانش، و دیگر جبکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے علی حسین نقوی، ناصر حسینی اور کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل میثم عابدی سمیت مبشر حسن اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر علمائے کرام سمیت دیگر رہنماؤں نے پاکستان زندہ باد، پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے کے شعار بلند کئے۔

 اس موقع پر اپنے خطاب میں علامہ احمد اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن و امان کی بحالی کیلئے ہمیں قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار کی ترویج کرنی ہوگی اور اس پاکستان کی داغ بیل ڈالنی ہوگی جس کا خواب قائداعظم اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا، ہمیں چاہیئے کہ جناح اور اقبال کے پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرنے کیلئے اپنا حصہ ڈالیں اور حکمران دہشت گردوں کے خلاف پورے ملک میں آپریشن کے آغاز کا اعلان کریں۔ ایم ڈبلیو ایم ایک محب وطن جماعت ہے اور ملک دشمن تکفیریوں کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتی آئی ہے۔ سندھ کی سرزمین جو ہمیشہ امن و محبت کا گہوارہ رہی ہے۔انہوں نے کہاگذشتہ چند سالوں سے ایک سازش کے تحت یہاں دہشت گردوں کے مراکز اور سہولت کار پیدا کئے گئے ہیں۔وطن عزیز کے استحکام کے لیے اتحاد امت انتہائی ضروری ہے۔شیعہ سنی علما کی طرف سے تکفیری گروہوں کی حوصلہ شکنی نے یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں تکفیریت کی کوئی گنجائش نہیں۔جو قوتیں تکفیریت کو پروان چڑھانا چاہتی ہیں انہیں شیعہ سنی وحدت اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) وحدت یوتھ پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد یونس حیدری نے جشن آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے تہنتی پیغام میں کہا ہے کہ ملک کو باوقار،  مستحکم اور پرامن بنانے کا عزم لئے مادر وطن کے ہر جوان سے 14 اگست کا دن تجدید عہد کا تقاضا کرتا ہے۔ وطن عزیز کا فرد فرد جب تک قائد اعظم اور علامہ اقبال کے فرمودات پر عمل پیرا ہونے کا عہد نہیں کرے گا پاکستان ہمیشہ بحرانوں کا شکار رہے گا اور وطن میں امن،  اتحاد، اخوت اور بھائی چارے کی فضا قائم نہیں ہو سکے گی۔ 14 اگست بانیان پاکستان کی عظیم قربانیوں اور جدوجہد کو یاد کرنے اور شہدائے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔

انہوں نے کہاکہ  وطن کے دشمنوں اور ان کی سازشوں کو بے نقاب کرتے ہوئے کربلائی عزم و ارادہ رکھنے والے جوان مادر وطن کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کو ایمان کا حصہ سمجھتے ہیں۔ محب وطن پاکستانی جوان ملک کی تعمیر ترقی اور وطن عزیز کو استعماری غلامی سے نجات دلانے کے لئے ہر ممکنہ قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ وطن عزیز پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں اور عظیم جدوجہد کا ثمر ہے مکتب اھل البیت کے پروردہ جوان اسے چوروں، لٹیروں اور نامحرموں کے ہاتھوں نیلام ہونے نہیں دیں گے۔

وحدت نیوز(ڈی آئی خان) ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک ہفتہ کے دوران تین شیعہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف دھرنا جاری ہے۔گزشتہ روزشہید ہونے والے مظہر شیرازی کی لاش کے ہمراہ ورثا اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد دھرنے میں شریک ہے۔مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی رہنما علامہ اقتدار نقوی بھی اپنے کارکنوں کے ہمراہ دھرنے میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ ڈیر اسماعیل خان کو ملت تشیع کی مقتل گاہ بنا دیا گیا ہے۔ ہمارے نوجوانوں کو آئے روز شہید کیا جا رہا ہے اور قاتل حکومتی گرفت سے آزادی دندناتے پھرتے ہیں۔ گزشتہ روز شہید ہونے والے مظہر شیرازی کے بھتیجے ایڈووکیٹ شاہد شیرازی کو ایک سال قبل شہید کر دیا گیا۔خیبر پختونخواہ کی حکومت ملت تشیع کو تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔آج لوگ جشن آزادی منا رہا ہیں اور ہم اپنے شہدا کی لاشیں رکھ کر انصاف کے حصو ل کے لیے تڑپ رہے ہیں۔خیبر پخونخواہ کے وزیر اعلی ایک نا اہل شخص ہیں ۔وہ عوام کو جان و مال کا تحفظ دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔خیبر پختونخواہ حکومت کی طرف سے ملت تشیع کو اگر یونہی نظر انداز کیا جاتا رہا توپھر ہماری جانب سے کسی بھی تعاون کی امید دل سے نکال دیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات کی منظوری تک دھرنا ختم نہیں ہو گا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree