The Latest
وحدت نیوز(سوشل میڈیا ڈیسک) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں اور ملت جعفریہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ہر قیمت پرملی وحدت کو قائم رکھیں تاکہ مکتب اھلبیت (ع) کے دشمن اپنی سازشوں میں کامیاب نہ ہوسکیں ۔
گذشتہ روز سوشل میڈیا پر جاری ایک پیغام میں علامہ راجہ ناصر عباس کی یہ اپیل سامنے آئی ہے جس کا مکمل متن ذیل میں ہے۔
السلام علیکم ، میری اپنے تمام دوستوں اور مجلس کے ساتھیوں کی خدمت میں گزارش ہے کہہ ہمیں دشمن اندرونی محاذ بنا کر اس میں الجهانا چاہتا ہے آپس میں ایک دوسرے کے خلاف مشغول رکهنا چاہتا ہے،وہ آپ کا براہ راست مقابلہ نہیں کر سکتا ،وہ آپ سے خوف زدہ ہے ،آپ شهید مظلوم علامہ عارف حسینی رہ کے افکار، سیرت اور کردار کے وارث ہیں ،آپ اس عصر کے نمرودوں ، فرعونوں،اور یزیدوں کو شکست دینے والوں اور انکے اقتدار کے بتکدے کو توڑنے والے امام خمینی اور رہبر معظم کے پیرو ہیں.دشمن آپ کی کمٹمنٹ ، ثابت قدمی، بصیرت ،شجاعت،جواں مردی صبر اور استقامت سے بخوبی آگاہ ہے اور آپ کو اپنے مکروہ عزائم میں رکاوٹ سمجهتا ہے.لہذا دشمن ہماری توانائیوں کو اندرونی محاذ میں الجها کر ضائع کرنا چاہتا ہے ،بنا بر یں ہماری توجہ پاکستان کے مظلوموں کے حقوق کی جدوجہد پر مرکوز رہے ،اپنے اندرونی لوگ آئندہ دنوں میں ممکن ہے ایک بڑی پروپیگنڈہ مہم شروع کریں اپنے آپ کو اس وحدت شکن پروپیگنڈہ مہم سے الگ تهلگ رکهیں .اور اپنے ان دوستوں کے بارے خدا کی بارگاہ میں دعا کریں کہ انکے دل ہمارے بارے نرم ہو جائیں .اگر کوئی مجهے دشنام دیتا ہے یا میری توہین کرتا ہے تو قرآن راستہ اپنائیں و اذا مروا باللغو مروا کراما .اللہ تعالی ہماری قوم اور ملت کو سر بلند کرے اور اپنے دشمنوں پر غلبہ عطا کرے۔
واضح رہے کہ علامہ راجہ ناصر عباس کا یہ پیغام اسوقت سامنے آیا ہے کہ جب سوشل میڈیا اور خاص محافل میں گذشتہ چند مہینوں سے ایک فتنہ پرست گروہ جیّد علماء کرام ، ملی تنظیموں ، ذاکرین اھلبیت (ع) اور بالخصوص مجلس وحدت مسلمین ، امامیہ اسٹوڈنٹس ارگنائریشن اور علامہ راجہ ناصر عباس کے خلاف شدید غلیظ پروپیگنڈے میں مصروف ہے تاکہ دشمنان اھلبیت (ع) کی مذموم سازشوں کو عملی جامہ پہنا کر ملت کو باہمی دست و گریبان کیا جاسکے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے ہندوستانی یوم آزادی کی تقریب میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے پاکستان کے خلاف شدید تنقید پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مودی کی مداخلت سفارتی آداب و اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔پاکستان دفتر خارجہ کو اس واقعہ کا سختی سے نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ شہریوں پر انڈین افواج کے وحشیانہ تشدد سے اقوام عالم کی نظریں ہٹانے کے لیے بھارت اس طرح کے بیان دے رہا ہے۔پاکستان میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں بھارت براہ راست ملوث ہے۔ بھارتی وزیر اعظم تعصب میں اندھے ہو کرپاکستان کے خلاف بوکھلائے ہوئے بیان دے رہے ہیں۔مودی آداب حکمرانی سے ناواقف اور سیاسی طرز عمل سے نا آشنا ہے۔ ملک کے سب سے بڑے عہدے پر بیٹھ کرکوئی بھی سمجھدار سیاست دان کسی پڑوسی ملک کے خلاف اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ بیان جاری نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے مودی کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار نہ کیا تو یہ نظریہ پاکستان سے انحراف ہو گا۔علامہ ناصر عباس نے کہا کہ ہم نے اس ملک کو لیٹروں،جاگیرداروں، سرمایہ داروں اور استعمار کے ایجنٹوں سے آزاد کرانے کے لیے تحریک کا آغاز کر رکھا ہے۔ جب تک اس ملک کو قائد و اقبال کے افکار کی حقیقی شکل نہیں دی جاتی تب تک ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔تحریک پاکستان اس جدوجہد کا نام تھاجو ایسی ریاست کے حصول کے لیے کی گئی جہاں بیرونی مداخلت سے آزاد ہو کرہم اسلام کے زریں اصولوں کے مطابق اپنی زندگی بسر کر سکیں۔جہاں بسنے والے ہر شخص کو اس کے مذہب اور عقیدے کا تحفظ حاصل ہو۔ وطن عزیز کے ہر محب وطن شہری کو پرامن اور مستحکم پاکستان کے لیے جاری ہماری جدوجہد میں شریک ہونا چاہیے۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کی ہدایات پر ملک بھر میں یوم آزادی روایتی جوش و جذبہ سے منایا گیا۔اس سلسلہ میں ایم ڈبلیو ایم کے مختلف دفاتر میں تقاریب منعقد کی گئیں جہاں وطن عزیز کی ترقی و استحکام کے لیے دعائیں مانگی گئی اور کیک کاٹے گئے۔جماعت کے مرکزی ، صوبائی اور ضلعی دفاتر پر قومی پرچم بھی لہرائے گئےاور کیک بھی کاٹے گئے۔احتجاجی کیمپ میں کیک کاٹنے کی تقریب میں مرکزی رہنمائوں علامہ اعجاز بہشتی، علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ اصغر عسکری ،علامہ علی شیر انصاری اور کارکنوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی کی قیادت میں علما ء کے ایک اعلی سطح وفد نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر بھی حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔اس کے علاوہ کراچی،اسلام آباد، لاہور، پشاور ،کوئٹہ ، مظفرآبادو گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں سمیت ملک کے دیگر شہروں میں بھی مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں نے یوم آزادی کے سلسلے میں ریلیاں نکالیں۔ ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے وطن عزیز کی قدر و منزلت،ارض پاک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیوں اور ملک کی ترقی و ا ستحکام کے لیے انفرادی ذمہ داریوں کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
وحدت نیوز(لاہور) وحدت یوتھ پاکستان کے مرکزی سیکریٹری مولانا محمد یونس حیدری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ 70ویں جشن آزادی پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں پروقار تقریبات کے انعقاد پر یوتھ کے دوستوں کا تہہ دل سے ممنون و مشکور ہوں. جشن آزادی پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں دوستوں کی حب الوطنی اور ریلیوں کی شکل میں اس کا اظہار نہایت دیدنی تھا. مادر وطن کے باوفا فرزند اسی طرح آئندہ بھی ہر ایشو اور ایونٹ میں استقامت کے ساتھ میدان میں حاضر رہ کر دینی قومی اور ملی غیرت کا ثبوت دیں گے. جن دوستوں ملک بھر میں ریلیوں کے انعقاد اور انہیں پرشکوہ بنانے کے لئے جس طرح کی بھی کوشش کی ہے ان سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں. خاص طور پر وحدت یوتھ لاھور اسی وحدت یوتھ سندھ اور کوئیٹہ کا بے حد ممنون و مشکور ہوں جنہوں نے مختصر سے وقت میں معیاری جشن آزادی کے پروگرامات منعقد کر کے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا. میری دعا ہے کہ اللہ پاک ہمارے جوانوں کو اسی طرح ملک و ملت کی خدمت کرنے اور اس کی تعمیر و ترقی میں حصہ ڈالنے اور ہر میدان میں ثابت قدم رہتے ہوئے ناصر ملت کی آواز بننے اور ان کے پیغام کو ملک کےہر فرد تک پہنچانے کی توفیق عنایت فرمائے. ہمیشہ خوش رہیں اور شاد و آباد. انشاء اللہ مولا امام زمان عج ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔
وحدت نیوز(قم) مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم کے زیراہتمام مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ قم کے زیراہتمام حضرت امام علی رضا[ع] کی ولادت اور یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے مجلس کے آفس میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب سے ایم ڈبلیو ایم قم کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام گلزار احمد جعفری اورامور خارجہ کے مسئول حجۃ الاسلام ڈاکٹر شفقت شیرازی نے خطاب کیا۔مقررین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں قائد شہید معصومین کی معنوی اقدار کے وارث تھے اور آج مجلس وحدت مسلمین اسی ارث کو حاصل کرکے آگے بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ طاغوت کے آلہ کاروں اور نمک خواروں نے ہردور میں پاکستان میں حضرت امام خمینی کے حقیقی پیروکاروں کو داخلی اختلافات میں الجھانے کی کوشش کی ہے اور سازشوں کا وہ سلسلہ ابھی تک چل رہاہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے قائد علامہ عارف حسینی ؒ نے بھی اسلام اور پاکستان کے تحفظ کے لئے ڈٹ کر ان سازشوں کا مقابلہ کیاتھا اور ہم بھی کررہے ہیں۔پروگرام کے اختتام پر ملکی سلامتی اور تمام مسلمانوں کی آزادی و سلامتی کے لئے دعا کی گئی اور کیک بھی کاٹا گیا۔
وحدت نیوز(جعفرآباد) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی ڈپٹی آرگنائزر سہیل اکبر شیرازی نے شہداء چھلگری کے ورثاء سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ چھلگری کو ایک سال ہونے کو ہے ورثاء کا انصاف ودادرسی کے لئے بار بارارباب حکومت کے دروازوں پر حاضرہونا لیکن افسوس ہے کہ ابھی تک وہاں سے خاطر خواہ جواب نہیں ملا یہاں تک کہ شدید زخمیوں کا خاطر خواہ علاج بھی نہیں کروایا گیا ہے،وزیر داخلہ بلوچستان کی جانب سے کئے گئے وعدوں پرعمل درآ مد نہیں ہوا اور واقعہ میں ملوث ذمہ داروں کو بھی ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا ہے حکومتی اداروں کی مسلسل خاموشی ہمیں احتجاج کرنے پر مجبور کر رہی ہے اگر حکومت نے اس مسلہ پر توجہ نہیں دی تو بھرپور انداز میں احتجاج کیا جاے گا درایں اثناء برادر پرویز چھلگری کوسٹی چھلگری کا آرگنائزر مقرر کیا گیا ،عنقریب بلوچستان میں تنظیم سازی کا عمل شروع ہوگا۔
وحدت نیوز(گلگت) سترویں یوم آزادی کے موقع پر اہل وطن کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں،یہ ملک لازوال قربانیوں کے نتیجے میں معرض وجود میں آیا ہے پوری قوم ملک کو لاحق خطرات سے نکالنے کیلئے متحد ہوجائے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے کہا ہے کہ یوم آزادی یوم تشکر ہے اور اس دن خداوند عالم نے مسلمانوں کیلئے ایک علٰحیدہ مملکت کو عطا کیااور اس عظیم نعمت کے حصول میں قائد اعظم محمد علی جناح کی شبانہ روز جدوجہد اور ہزاروں افراد کی قربانیاں شامل ہیں۔وطن عزیز کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ہر شہری کا اولین فریضہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس آزاد ریاست کا خواب قائد اعظم اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا وہ آج تک شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا ہے اور یہ اس ملک کے نااہل حکمرانوں کی کارستانیوں کا نتیجہ ہے۔کبھی آمریت نے اور کبھی جمہوریت کے نام پر ملک کی بنیادوں کوکھوکھلا کردیا گیا۔اپنے ذاتی پسند ناپسند کی بنیاد پر حکمران ملکی وسائل سے ہاتھ صاف کرتے رہے اور آزادی کے کئی سال بعد بھی آج تلک انگریزوں کی غلامی سے نہیں نکل سکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو غیر مستحکم کرنے میں موروثی سیاست کاروں،جاگیرداروں اور استعماری طاقتوں کے گماشتوں کا بڑا کردار رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ اندرونی و بیرونی دشمنوں سے مقابلہ کرنے کیلئے ہر قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔گلگت بلتستان کے غیور عوام ملک عزیز کے اتنے ہی وفادار جتنے کہ دوسروں صوبوں کے عوام ہیں اور ستر سالوں سے حقوق سے محروم رہتے ہوئے بھی ملک سے وفاداری کا دم بھرتے ہیں اور ہمارے جوان ملک کی سرحدات کی حفاظت میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔گلگت بلتستان کے عوام کو ان کی وفاداری کا صلہ ملنا چاہئے تھا جو کہ ابھی تک انہیں نہیں مل سکاجو کہ انتہائی افسوس کا مقام ہے۔ملکی معاشی استحکام کی شہ رگ سی پیک میں گلگت بلتستان کے عوام کا حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے لہٰذا حکومت یہاں کے عوام کے تحفظات کو دور کرے اور جملہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرکے قائد اعظم اور علامہ اقبال کے ادھورے خواب کو شرمندہ تعبیر کرے۔
ایم ڈبلیوایم کے اعلیٰ سطحی وفدکی علامہ مختارامامی کی زیرقیادت جشن آزادی کے موقع پرمزارقائد پر حاضری
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان مولانا مختارامامی کی قیادت میں صوبہ سندھ اور کراچی ڈویژن کے رہنماؤں نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح رحمة الله علیہ کے مزار پر حاضری دی۔ اس موقع پر قائد اعظم کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ پھولوں کا گلدستہ بھی مزار پر رکھا گیا اور پاکستان کے سترویں (70ویں) یوم آزادی پر مملکت خداداد کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ وفد میں علمائے کرام بشمول مولانا علی انور جعفری، مولانا نشان حیدر ساجدی، مولانا صادق جعفری، مولانا احسان دانش، مولانا اسحاق قرائتی، مولانا غلام محمد فاضلی و دیگر جبکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے عالم کربلائی، علی حسین نقوی، ناصر حسینی اور کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل میثم عابدی سمیت مبشر حسن اور کارکنان کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اس موقع پر علمائے کرام سمیت دیگر رہنماؤں نے پاکستان زندہ باد، پاکستان بنایا تھا پاکستان بچائیں گے کے شعار بلند کئے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں مرکزی ترجمان علامہ مختار امامی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن و امان کی بحالی کیلئے ہمیں قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار کی ترویج کرنی ہوگی اور اس پاکستان کی داغ بیل ڈالنی ہوگی جس کا خواب قائداعظم اور علامہ اقبال نے دیکھا تھا، ہمیں چاہیئے کہ جناح اور اقبال کے پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرنے کیلئے اپنا حصہ ڈالیں اور حکمران دہشت گردوں کے خلاف پورے ملک میں آپریشن کے آغاز کا اعلان کریں۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے میڈیا سیل سے جاری شدہ بیان میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء اور صوبائی اسمبلی کے رکن آغا رضا نے وطن عزیز پاکستان کے حصول کیلئے کئے گئے جدو جہد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے آزادی سے پہلے ہماری قوم پر مظالم ہوتے تھے ، ہمیں ہمارے حقوق سے محروم رکھا جاتا تھا اور آزادی کیلئے ہمارے اجداد نے قربانیوں کا ایک سلسلہ شروع کیا اور انکی مسلسل جدوجہد اور کاؤشوں سے ایک آزاد سرزمین کا قیام ممکن ہوا۔ بیان میں کہا گیا کہ جب وطن کی آزادی کے لئے جدوجہد کی نوبت آئی تھی تو اس وقت ہم سب ایک ہوئے تھے۔ ہم ایک اللہ، ایک کتاب ، ایک رسول کے سائے میں اکٹے ہوئے تھے اور بہترین اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا جس کا ثمر ہمیں ایک آزاد مملکت کی صورت میں ملا۔ آج پھر ہم پر مظالم کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوا ہے، مٹھی بھر دہشتگرد ہماری قوم کے معماروں اور افراد کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ تکفیری عناصر کی تعداد پاکستانی قوم سے زیادہ نہیں ہے مگر مسئلہ یہ ہے کہ آج ہم ایک قوم کی حثیت سے کھڑا نہیں ہو پا رہے ہیں۔تکفیری عناصر نے ہمیں فرقوں ، طبقوں، مسلکوں اور مذاہب میں تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ ہم یکجا ہوکر انکا مقابلہ نہ کر سکے مگر ہمیں ملک کے دشمنوں کے سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا اور ایسی اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا جس کا مظاہرہ آزادی کے جدوجہد کے دوران کیا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہاکہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان روز اول سے ہی پاکستان کے استحکام کیلئے کام کرتی آرہی ہے اور ملک بھر کے عوام کے درمیان تفرقوں کو ختم کرنے اور اتحاد و بھائی چارگی کے فروغ کیلئے کوشاں نظر آئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہمیں آج اتحاد و اتفاق کا سہارا لینا ہوگا اور ایک قوم بن کر مٹھی بھر دہشتگردوں کا سامنا کرنا ہوگا کیونکہ تاریخ خود اس بات کی گواہ ہے کہ جب ہم ایک ہوئے تھے تو ہم نے دنیا کی بڑی قوتوں کو بھی شکست دے دیئے تھے اور ہمارا پیارا وطن ہمیشہ قائم و دائم رہے گا کیونکہ اس کے قیام اور استحکام میں سینکڑوں شہیدوں کا لہوں شامل ہے۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم قوم کے شہیدوں کا لہوں رائیگا نہ جانے دے اور ملک کے دشمنوں کو انکے عزائم میں ناکام بنا دے۔
وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستا ن ڈویژن کے سربراہ آغا علی رضوی نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر تمام حب وطن پاکستانیوں کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ عوام مل کر اقبال اور جناح کے گمشدہ پاکستان کو حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چودہ اگست وطن عزیز سے تجدید کا عہد کا دن ہے۔ اس دن ہمارے اجداد نے ہمیں قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کرنے اور اسلامی نظام کو نافذ کرنے کے لیے ایک ریاست دی لیکن مقصد حصول اب تک حاصل نہیں ہو سکا۔پاکستان کو بنانے کے لیے جتنی قربانیاں دی گئی آج اس سے کہیں زیادہ اس ملک کو بچانے کے لیے دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے پالیسی ساز اداروں کی ناقص خارجہ پالیسی اور عاقبت نااندیش حکمرانوں کی وجہ سے وطن عزیز طرح طرح کی مشکلات میں گھیرا ہوا ہے۔ دہشتگردی، قتل وغارت ، اغواء، بدعنوانی، چوربازاری اور دیگر جرائم کا بازار گرم ہے۔ عام کا تحفظ جو حکومت کی اولین ذمہ داری تھی اسے پورا کرنے میں نہ صرف حکومت ناکام ہوئی ہے بلکہ انہیں عوام کے تحفظ کی فکر کرنے کی بجائے سڑکیں بنانے پر تلی ہوئی ہے۔ ناقص خارجہ پالیسی کی وجہ سے اقوام عالم میں پاکستان تنہا ہوتا جا رہا ہے۔ تمام ہمسایہ ممالک سے پاکستان کے روابط افسوسناک حد تک خراب ہے۔ پاکستان کا ایک ہی ہمسایہ ملک چین کے ساتھ رابطہ قدرے بہتر ہے لیکن امریکہ کے دباو کے سبب اس دوستی میں رخنہ پڑ گیا ہے۔ پاکستان کے ریاستی اداروں کو ستر سالہ خارجہ پالیسی میں تبدیلی کر کے نئی پالیسی وضع کرنی چاہیے اور سات سمندر پار موجود امریکہ کی خوشنودی کے لیے اپنے حقیقی اور نظریاتی دوست ممالک کو دشمن نہیں بنانا چاہیے۔ امریکہ ایک طرف پاکستان کو اپنی چنگل میں پھنسایا ہوا ہے اور دوستی کا دم بھرتا ہے دوسری طرف انڈیا کو خطے کا ٹائیگر بنانے کے لیے پیش پیش ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے دوست دشمن کی پہچان ہو ۔پاکستان کی خارجہ پالیسی دشمن تراش پالیسی رہی ہے۔ یوم آزادی کا تقاضا ہے کہ ہم ستر سالہ تاریخ پر نگاہ کرے اور اپنی پالیسی پر نظر ثانی کر کے ملکی مفاد پر مبنی پالیسی ترتیب دیں۔