The Latest
وحدت نیوز (ملتان) مجلس وحدت مسلمین ملتان کی ضلعی شوری کا اجلاس 22 جون کو جامعہ شہید مطہری ملتان میں منعقد ہوگا۔ اس حوالے سے مجلس وحدت مسلمین ملتان ضلعی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی نے ''اسلام ٹائمز ''سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کنونشن کے دعوت ناموں کی تقسیم کا مرحلہ جاری ہے اور اس موقع پر تین سال کے لیے نئے سیکرٹری جنرل کا انتخاب کیا جائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کنونشن میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی اور صوبائی سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی کی شرکت بھی متوقع ہے۔ اُنہوں نے بتایا کنونشن کے انتظامات مکمل ہوچکے ہیں اس کنونشن میں ملتان کی اہم شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے۔
وحدت نیوز (لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران طاہر نے قائداعظم کی ریذیڈنسی، سردار بہادر ویمن یونیورسٹی، بولان میڈیکل کمپلیکس پر دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا یہ حملے اسلام، وطن اور علم دشمن قوتوں کی گھناونی سازش ہیں جو پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرکے عوام میں خوف و ہراس اور مایوسی پھیلانا چاہتے ہیں مگر پاکستان کی محب وطن عوام کے حوصلے بلند اور عزائم پختہ ہیں، ہم اپنے وطن کے چپہ چپہ کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گئے۔
اطہر عمران طاہر نے کہا کہ قائداعظم کے آخری دورِ حیات کی آرامگاہ قائداعظم ہاؤس زیارت پر حملہ اصلاً وجودِ پاکستان پر حملہ ہے اور یہ پارلیمنٹ اور وزیراعظم ہاؤس پر حملے سے زیادہ اہم نوعیت کا حامل ایک سنگین ترین معاملہ ہے، جس پر ملک میں ہنگامی حالات کا نفاذ بھی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیارت ریزیڈنسی سانحہ المناک تاریخی اور قوم کو ہلا دینے والا واقعہ ہے جس پر پوری قوم کو نوٹس لینا چاہئے۔
وحدت نیوز( بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے ترجمان فدا حسین نے کوئٹہ میں طالبات کی بس پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ دھماکہ نے جس میں ایک درجن سے زائد طالبات کی جانیں چلی گئیں زمانہ جہالت کی یاد تازہ کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پر حملہ کے بعد بولان میڈیکل ہسپتال میں حملہ صرف غیر اسلامی ہی نہیں بلکہ غیر انسانی فعل ہے۔ یہ فعل عرب زمانہ جہالت کے ابوجہلوں کے وارثوں کی کارستانی ہے کہ ان دنوں عورتوں کو زندہ در گور کرتے تھے اور آج دھماکوں میں ریزہ ریزہ کر رہے ہیں۔ یہ حملہ علم پر حملہ ہے، معرفت پر حملہ ہے، دانش پر حملہ ہے، عقل پر حملہ ہے، خرد پر حملہ ہے اور حکمت پر حملہ ہے۔
فدا حسین نے کہا کہ علم و جہالت کا مقابلہ ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا، ظلم و جہالت کے خداوں کی یہ بھول ہے کہ دھماکوں سے چراغ علم کو گل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ ان علم دشمنوں، جہالت کے خداوں اور زمانے کے ابوجہلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نہ یہ بھی کہا کہ اس دھماکے اور زیارت حملہ کے پیچھے ایک ہی ہاتھ نظر آتا ہے اور ہدف وطن عزیز کو کمزور کرنا ہے اور اس معاملے میں بیرونی طاقتوں کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔
وحدت نیوز (پشاور) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور قائمقام سیکرٹری جنرل علامہ سید عامر حیدر شمسی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں بے گناہ طالبات کا قتل عام اور زیارت میں قائد اعظم محمد علی جناح کی رہائشگاہ کو نذر آتش کرنا ظلم کی انتہاء اور دہشتگردوں کی درندگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین ضلع پشاور کے زیراہتمام منعقدہ افکار خمینی (رح) کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ظالموں نے جس طرح کوئٹہ میں بے گناہ طالبات کو دھماکہ میں قتل کیا وہ انسانیت کو شرما دینے والا عمل ہے۔ ان بچیوں کے چہرے بھی پہچاننے کے قابل نہیں رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ظلم کی انتہاء ہے۔ آج تمام مسلمانوں کو درندہ صفت دہشتگردوں کیخلاف میدان عمل میں آنا ہوگا۔ دہشتگرد ملک اور اسلام کے بہت بڑے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی طرح زیارت میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کی رہائشگاہ کو شرپسندوں نے نذر آتش کرکے ثابت کر دیا کہ وہ جس طرح قائد اعظم کے پاکستان کے دشمن ہیں اسی طرح وہ قائد اعظم کی ذات کے بھی دشمن ہیں۔ بانیان پاکستان کا پاکستان تو جل ہی رہا تھا، اب تو ان کے گھر بھی محفوظ نہیں رہے۔ یہ صورتحال تمام محب وطن قوتوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔
وحدت نیوز (بلتستان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نےزیارت میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی آرام گاہ پر ہونے والے حملے اور وطن عزیز پاکستان کے پرچم کو اتارنے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل خفیہ اداروں کی غفلت کا نتیجہ ہے۔
ریاستی ادارے وطن عزیز کے مقدسات کی توہین نہ ہونے دیں اور مجرمین کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی آرام گاہ پر حملہ پاکستان دشمنوں، اسلام دشمنوں، انسانیت دشمنوں اور زمانے کے ابوجہلوں کی سیاہ کاری ہے۔ اس طرح کی ذہنیت رکھنے والے فتنہ پروروں اور دشمنان پاکستان سے آہنی ہاتھوں نمٹنے کی ضرورت ہے، ان سے ذرہ برابر بھی ہمدردی اور نرم گوشہ رکھنا وطن عزیز سے غداری کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک فتنہ پروروں، دہشت گردوں اور پاکستان دشمنوں کے گرد گھیرا تنگ نہیں کیا جاتا اور آہنی ہاتھوں سے نہیں نمٹا جاتا وطن عزیز میں امن قائم ہونا مشکل ہے۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک تھپڑ پر سوموٹو لینے والی عدلیہ اب کہاں ہے؟ ’’اسلام ٹائمز‘‘ سے ٹیلی فون پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اس دہشت گردی کا بیج آمر ضیاءالحق نے بویا تھا جو آج ایک تناور درخت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقام افسوس ہے کہ ہماری برسراقتدار جماعتیں اور سکیورٹی ادارے بھی ملک دشمن عناصر کے ہاتھ ملک کی تباہی و بربادی کے مناظر دلچسپی کیساتھ دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرزمین پاکستان پر ہر روز بہنے والا بے گناہ ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور بچوں کا خون ہمارے سول اور ملٹری اداروں کے سربراہوں کے ضمیروں کو جھنجھوڑنے کیلئے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت کو جہاں لوڈشیڈنگ کے باعث ووٹ نہیں ملے تو دوسرا بڑا فیکٹر دہشت گردی تھا جس کی وجہ سے عوام نے انہیں مسترد کر دیا، اب موجودہ حکومت نے بھی اگر گذشتہ حکومت کی طرح غفلت کا مظاہرہ کیا تو اپنی مدت پوری نہیں کر پائے گی۔
ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی ذمہ داری بن چکی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف کسی بھی موثر اور فوجی کارروائی کے احکامات جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کیرانی روڈ کوئٹہ، سانحہ عباس ٹاؤن کراچی پر بھی لئے گئے سوموٹو ایکشن بھی سرد خانے میں ڈال دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ استعماری قوتیں نہ فقط سیاسی جماعتوں کے ذریعے بلکہ عدلیہ، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں موجود وطن فروشوں کو ڈالروں میں تنخواہیں بانٹ کر وطن عزیز کی جڑیں کھوکھلی کروا رہی ہیں۔ علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ کوئٹہ میں قائداعظم محمد علی جناح کی ریذیڈنسی، یونیورسٹی بس اور بولان میڈیکل کالج پر مقامی اور اسرائیلی ایجنٹوں کے راکٹ اور بم حملے نہ صرف قابل مذمت ہیں بلکہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے منہ پر ذلت آمیز طمانچہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیگناہ یونیورسٹی طالبات کا خون کس کی گردن پر ہے، یہ بہت جلد واضح ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی میں امریکہ، اسرائیل اور بھارت کا ہاتھ ہے جو ملک میں امن اور چین و ایران کیساتھ پاکستان کی دوستی کو برداشت نہیں کر رہے۔
وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن ضلع ملیر کے انٹرا پارٹی الیکشن میں سید سجاد اکبر زیدی کودوبارہ آئندہ تین سال کیلئے نیا ضلعی سیکرٹری جنرل منتخب کرلیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ''افکار امام خمینی (رح)'' کنونشن مرکزی امام بارگاہ جعفر طیار سوسائٹی میں منعقد ہوا۔ جس میں ضلعی کابینہ اور یونٹس کے اراکین نے شرکت کی۔
جبکے تقریب سے خصوصی خطاب سابق ڈویژنل سیکریٹری جنرل علامہ سید صادق رضا تقوی نے کیا اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیر کے بزرگ رہنما ڈاکٹر سید حسن جعفررضوی بھی موجود تھے ۔
مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژ ن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید رضا نقوی ، سیکریٹری امورتنظیم سازی میثم عابدی اور رابطہ سیکریٹری مولانا علی انور نے نے الیکشن کی نگرانی کی۔پہلے مرحلے کی رائے شماری کے بعد سجاد اکبر زیدی ، احسن عباس رضوی اور ثمر عباس زیدی کے نام سامنے آئے جب کے دوسرے اور حتمی انتخابی مرحلے کے بعدضلعی شوریٰ نے کثرت رائے سے سید سجاد اکبر زیدی کو مجلس وحدت مسلمین ضلع ملیرکا نیا میر کاررواں منتخب کرلیا۔ ڈویژنل رابطہ سیکریٹری علامہ علی انور جعفری نے نومنتخب سیکریٹری جنرل کے نام کا اعلان کیا، جبکےڈویژنل ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید رضا نقوی نے نومنتخب ضلعی سیکریٹری جنرل سید سجاد اکبر زیدی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
آخر میں نو منتخب ضلعی سیکرٹری جنرل سید سجاد اکبر زیدی تمام مہمانوں ،شرکاء کنونشن اور اراکین ضلعی شوریٰ کا شکریہ ادا کیا۔
وحدت نیوز (تہران) ڈاکٹر حسن فریدون روحانی ایران کے صوبے سمنان میں پیدا ہوئے ابتدائی تعلیم وہی سے حاصل کی جبکہ دینی تعلیم میں آپ نے محقق داماد، شیخ مرتضی حائری، محمد رضا گلپائیگانی، محمد فاضل لنکرانی، محمود شاہ آبادی جیسے نامور علمائے کرام و مراجع عظام سے کسب فیض کیا۔ آپ نے تہران یونیورسٹی سے قانون میں ماسٹر کیا آپ نے برطانیہ سے قانون میں ہی ایم فل کیا جبکہ گلاسکو یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ آپ شروع سے ہی امام خمینی کی انقلابی تحریک کے حامی تھے جس کے سبب آپ پر کئی بار تقریر کرنے پر پابندی کے علاوہ شہر بدری جیسے حالات کا سامنا کرنا پڑا، آپ وہ پہلی شخصیت ہیں جنہوں نے امام خمینی کے بیٹے مصطفی خمینی کی شہادت کی مجلس ترحیم سے خطاب کرتے ہوئے امام خمینی کو لفظ امام سے پکارا جس کے بعد ساواک یعنی شاہ کی خفیہ ایجنسی آپ کے پیچھے پڑ گئی جس پر شہید بہشتی اور شہید مطہری کے مشورے پر آپ ملک سے باہر چلے گئے۔
ملک سے باہر بھی آپ ایرانی طلاب میں امام خمینی کی تحریک کی ترویج میں مصروف رہے یہاں تک کہ جب امام خمینی کو فرانس جلاوطن کیا گیا تو آپ امام خمینی کے ساتھ فرانس میں ان شخصیات کا حصہ بنے جو امام خمینی کے ہمراہ تھیں ۔ انقلاب اسلامی ایران کی کامیابی کے بعد آپ کی پہلی آفیشل ذمہ داری میں ملک کی افواج کو منظم کرنا اور اس میں بہتری لانے کی کوشش تھی اس کے علاوہ آپ مسلط شدہ جنگ کے دوران دفاعی اعلیٰ کونسل کے ممبر بھی رہے جبکہ جنگ کے دوران آپ نے متعدد دیگر خدمات بھی انجام دیں ،جن میں سپریم لیڈر کے معاون ،خاتم الانبیا نامی آپریشن میں خدمات وغیرہ ہیں۔ آپ مجلس شوری کے ممبر منتخب ہوئے اور قانون سازی کے عمل میں بیس سال تک خدمات انجام دیں ،جبکہ وزرات اطلاعات اور ریڈیو ٹی وی کی کونسل میں بھی آپ نے خدمات انجام دیں آپ کی بہترین خدمات پر رہبر انقلاب کی جانب سے آپ کو تین مختلف میڈل بھی دیئے گئے۔
ڈاکٹر روحانی ملکی امن و امان کمیٹی، تشخیص مصلحت نظام کونسل میں بھی خدمات انجام دیتے رہے ہیں، آپ نے اس کمیٹی کی قیادت بھی کی جو پرامن ایٹمی مذاکراتی ٹیم کا کردار ادا کر رہی ہے اور دنیا نے شاید آپ کو اسی مذاکراتی ٹیم میں انجام دیئے جانے والے خدمات سے پہچانا۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے صدارتی انتخابات میں ایک مستقل امیدوار کے طور پر شرکت کی جس بعد میں اصلاح طلب یا تبدیلی کے خواہان پارٹیز نے حمایت کی جن میں شہر فہرست سابق صدر ہاشمی رفسنجانی، سید محمد خاتمی،حسن خمینی وغیرہ شامل ہیں، ڈاکٹر روحانی معاشرے میں انصاف و برابری،حکمت و تدبیر جیسے نعروں سے میدان میں اترے ہیں۔ ایران کو اس وقت عالمی سطح پر خارجہ پالیسی (انرجی ایٹمی مسئلہ، مشرق وسطی کے حالات) میں کافی مشکلات کا سامنا ہے جبکہ ملک کے اندر بڑھتی ہوئے مہنگائی کا سامنا ہے اب دیکھنا یہ ہے نومنتخب صدر اس سلسلے میں کتنا مؤثر قدم اٹھاسکتے ہیں۔
وحدت نیوز (تہران) اسلامی جمہوری ایران کے گیارہویں صدارتی انتخابات میں ڈاکٹر حسن روحانی کو ووٹوں کی گنتی ختم ہونے پر کامیاب قرار دے دیا گیا ہے۔ انہوں نے 1،86،13،329 حاصل کئے جو کل ووٹوں کا 50.70 فیصد ہے۔ ان کے مقابلے میں موجود امیدواروں میں تہران کے میئر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف دوسرے نمبر پر رہے، جنہوں نے مجموعی طور پر 50،73،652 ووٹ حاصل کئے جو کل ووٹوں کا 15.76 فیصد ہے۔ ان کے بعد ڈاکٹر محسن رضائی، ڈاکٹر سعید جلیلی، ڈاکٹر علی اکبر ولایتی اور سید محمد غرضی ہیں جنہوں نے بالاترتیب 35،93،507 (11.16%)، 36،65،234 (11.38%)، 19،69،351 (6.11%)، 3،91،840 (1.21%) ووٹ حاصل کئے۔ ایران کے وزیر داخلہ مصطفیٰ محمد نجار کے مطابق 3 کروڑ 67 لاکھ 13 ہزار 329 افراد نے اپنے ووٹ ڈالنے کے حق کو استعمال کیا یعنی ووٹ ڈالنے کی شرح 72.7فیصد رہی، جو کی کسی بھی جمہوری ملک میں ایک ریکارڈ کی حیثیت رکھتی ہے۔
وحدت نیوز (حیدرآباد) مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدرآباد کے زیر اہتمام سانحہ کوئٹہ اور زیارت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے دہشتگردی کیخلاف بھرپور نعرہ بازی کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکرٹری جنرل مولانا امداد علی نسیمی، مولانا گل حسن مرتضوی، سیکرٹری میڈیا سیل عاصم مرزا، میڈیا سیکرٹری اور آفس سیکرٹری اجمل مہدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی کی وجہ سے ملک اور عوام خون و خاک میں غلطاں ہیں اور تمام سیاسی پارٹیاں اقتدار کی بندر بانٹ میں مصروف ہیں۔ دہشت گرد ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں اور پاکستان کے عوام کو مختلف عنوانوں کے تحت موت کے گھاٹ اتارا جار ہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آثار قدیمہ اور مقدسات کی توہین کی جا رہی ہے جس کی تازہ مثال کوئٹہ اور زیارت کے حالیہ واقعات ہیں۔ زیارت میں قائد اعظم کی رہائش گاہ کو مسمار کیا گیا۔ جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ کوئٹہ تو کئی سالوں سے دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے جس میں شیعہ، سنی محب وطن عوام کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی ہے۔ آخر حکمران ان دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کیوں نہیں کرتے؟ ان کالعدم تنظیموں پر پابندی لگا کر انہیں عوام کے سامنے واضح کیوں نہیں کرتے؟ ان کے ساتھ مذاکرات کیوں کیے جا رہے ہیں۔