وحدت نیوز(نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور سیکریٹری امور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے عراق کے شہر نجف اشرف میں مہدی ملیشیاء عراق کے سربراہ سید مقتدیٰ الصدر سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم شعبہ نجف اشرف کے سیکریٹری جنرل علامہ سید مہدی نجفی، ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ شیخ ناصر عباس اور مشاورتی کونسل کے ڈپٹی سیکریٹری علامہ سید علی نقی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران علامہ شفقت شیرازی نے حجتہ السلام سید مقتدیٰ الصدر کو ایم ڈبلیو ایم پاکستان کی تشکیل اور اہداف و اغراض و مقاصد کے حوالے تفصیلی بریفنگ دی اور اب تک کی جانے والی فعالیت کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ اس موقع پر علامہ شفقت شیرازی نے کہا کہ جنرل ضیاء الحق کے زمانے میں پاکستان میں تکفیریت اور طالبانائزیشن کی بنیاد رکھی گئی جس کے نتیجے میں ہزاروں کی تعداد میں شیعان حیدر کرار تہہ تیغ کئے گئے، قائد ملت جعفریہ علامہ عارف حسین الحسینی نے ضیاء الحق کے دور میں ان استعماری سازشوں کو بہت نزدیک سے دیکھا اور اس کے خلاف قیام کیا اور ایک ایسی تحریک کی بنیاد ڈالی جس کا ہدف اور مقصد پاکستان میں شیعہ اور سنی مکتب فکر کے افراد کا اپنے اپنے حقوق کے حصول کی جدوجہد تھا۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اس ہی جرم کی پاداش میں استعماری طاقتوں نے ظالم حکمرانوں کے ذریعے ہمیں شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی کی قیادت سے محروم کردیا لیکن آج شہید قائد کے معنوی فرزندوں نے اس علم کو دوبارہ اٹھایا اور میدان عمل میں آن کھڑے ہیں۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے سید مقتدیٰ الصدر نے کہا کہ ہم ایک مشترکہ مذہب کے پیروکار ہیں اور شریعت، دین اور ولایت علی کا پیروکار ہونے کے ناطے ایک دوسرے کے بھائی ہیں، مجلس وحدت مسلمین کی کوششیں لائق تحسین ہیں، ہم ہر طرح سے آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کے مددگار ہیں، ہمارا دشمن امریکہ اور اسرائیل ہے اور ہم اپنے اتحاد کے ذریعے ہی مشترکہ دشمن یعنی امریکہ اور اسرائیل کو شکست سے دوچار کریں گے۔
وحدت نیوز(نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل وخارجہ اُمور کےسیکریٹری علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے ایک وفد کے ہمراہ نجف اشرف میں پاکستانی مجتہد آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں مجلس وحدت مسلمین نجف اشرف کے سیکرٹری جنرل علامہ سید مہدی نجفی اورعلامہ سید عمران کاظمی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران علامہ سید شفقت شیرازی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی کارکردگی کو بیان کیا۔ بعدازاں مجلس وحدت مسلمین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ بشیر حسین نجفی کا کہناتھا کہ پاکستان میں اس وقت شیعوں کے اندر اتحاد وحدت پیدا کرنا ضروری ہے۔ جب تک تمام جدا جدا رہیں گی کبھی کامیاب نہیں ہو پائیں گے۔ آپ لوگ جو میدان میں کام کررہے ہیں آپ کو چاہیے کہ تمام عمائدین کو ساتھ لے کر چلیں۔ پاکستان کے تمام شیعوں کے لیے دعاگو ہیں اور دعاکرتا ہوں ایک نقطہ پر جمع ہوجائیں۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری گلگت پہنچ گئے ہیں ،جہاں وہ ۳ نومبر کو گلگت سٹی میں ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے زیر اہتمام منعقدہ دفاع وطن کنونشن میں اہم خطاب کریں گے ، گلگت ایئر پورٹ پر مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نےسینکڑوں کارکنان کے ہمراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا والہانہ استقبال کیا، بعد ازاں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو قافلے کی صورت میں صوبائی سیکریٹریٹ لے جایا گیا جہاں صوبائی رہنمائوں نے انہیں دفاع وطن کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔
وحدت نیوز( گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ گلگت بلتستان کے تحت 3 نومبر کو منعقد کئے جانے والے دفاع وطن کنونشن کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی نے جامع مسجد علی ابن ابی طالب ؑ میں نمازیوں سے گفتگو کی اور کہا کہ گلگت بلتستان کی سرزمین پر وطن کے باوفا سپوت اپنی وحدت کے ذریعے دہشت گردوں سے مذاکرات کی مخالفت کریں گے، گلگت بلتستان کی عوام دفاع وطن کنونش میں شرکت کرکے اس بات کا اعلان کریں کہ ہم 45 ہزار پاکستانیوں کے قاتل طالبان سے مذاکرات کے خلاف ہیں اور اس کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتے رہیں گے تاکہ دنیا جان لے کہ ملت جعفریہ اپنے مولا علی (ع) کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے ہر ظالم کی دشمن اور ہر مظلوم کی مددگار ہے، اور یہی ہمارا نصب العین ہے، اس پر عمل کرنا ہم عبادت سمجھتے ہیں چاہے اس کیلئے ہمیں اپنی جانوں کے نذرانے ہی کیوں نہ دینے پڑیں۔
وحدت نیوز(پشاور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی شوری نظارت کے رکن اور سابق سینیٹر علامہ سید عابد حسین الحسینی نے حکومت پارا چنار کے علاقہ بالش خیل میں اراضی کے مسئلہ پر ہوش کے ناخن لے اور قابضین کیخلاف کارروائی کی جائے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پارا چنار میں انتظامیہ نے ہمیشہ مظلوم عوام پر مظالم ڈھائے ہیں، اور ایک مرتبہ پھر بالش خیل میں اراضی کے قانون مالکان کو نہ صرف تنگ کیا جارہا ہے بلکہ پاڑہ چمکنی قبائل جنہیں حکومتی سرپرستی بھی حاصل ہے، اراضی مالکان کیخلاف محاذ جنگ کھولنے کی کوششیں کر رہے ہیں، اور منگل کے روز کا واقعہ اسی پالیسی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بار بار کہہ چکے ہیں کہ حکومت طوری قبائل کے ساتھ سوتیلی ماں کا سا سلوک کر رہی ہے۔ جس نے کبھی بھی مخالف فریق کو کسی بھی غلطی اور جرم کی سزا نہیں دی۔ جبکہ طوری قبیلے کے لوگوں کو معمولی معمولی باتوں پر پابند سلاسل کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل بھی اہلیان بالش خیل کو اپنے حقوق کے لئے پر امن دھرنا دینے پر جیل بھیج دیا جو ابھی تک جیل میں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاڑہ چمکنی ازخود کچھ کرسکتی بلکہ وہ یہ سب کچھ حکومت کی ایما پر کر رہے ہیں۔
وحدت نیوز(گلگت) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی 6روزہ دورے پر گلگت پہنچ گئے ہیں ، ائیرپورٹ پرصوبائی اور ضلعی رہنماؤ ں نے علامہ امین شہیدی کا استقبال کیا ، بعد ازاں علامہ امین شہیدی نے صوبائی وحدت سیکریٹریٹ میں گلگت بلتستان کونسل کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کی جسمیں 3نومبر کو گلگت سٹی میں منعقدہ دفاع وطن کنونشن کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ شیخ نیئر عباس مصطفوی ، ایم ڈبلیو ایم گلگت ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ شیخ محمد بلال سمائری ، صوبائی ترجمان سعید الحسنین ، صوبائی سیکریٹری اطلاعات عارف قنبری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔