وحدت نیوز(نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل و خارجہ اُمور کے سیکریٹری علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے ایک وفد کے ہمراہ نجف اشرف میں پاکستانی نژاد مجتہد آیت اللہ حافظ بشیر حسین نجفی کے صاحبزادے علامہ شیخ علی نجفی سے ملاقات کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد میں ایم ڈبلیو ایم نجف اشرف کے سیکریٹری جنرل علامہ سید مہدی نجفی، اراکین رابطہ کمیٹی شیخ ناصر نجفی بھی ہمراہ تھے۔ ملاقات کے دوران علامہ سید شفقت شیرازی نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی کارکردگی کو بیان کیا۔ جس پر شیخ علی نجفی المعروف ابو صادق نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عراق کی مرجعیت ایم ڈبلیو ایم کے ساتھ ہے اور اس حوالے سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ شیخ علی نجفی نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے شیعوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کی ضرورت ہے۔ تاکہ ایک کلمہ پر جمع ہو کر مسائل تشیع کو بہتر طریقے سے حل کرسکیں۔ جس پر علامہ شفقت شیرازی نے کہا کہ پہلے بھی مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں وحدت کے لیے کوشاں ہے اور آئندہ بھی یہ کوشش جاری رہے گی۔ اس موقع پر علامہ سید شفقت شیرازی نے شیخ علی نجفی کو پاکستان آنے کی دعوت دی، جس پر اُنہوں نے آمادگی کا اظہار کیا۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران مجالس عزا، جلوس عزاداری اور کسی خطیب کی حد بندی یا کسی عالم دین کی زبان بندی قبول نہیں کی جائے گی۔ اگر چاروں صوبوں کی کسی حکومت نے بھی ایسا اقدام کیا تو ملک بھر میں اس کیخلاف شدید احتجاج کیا جائے گا۔ اسلام آباد کے وحدت سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں مجلس وحدت مسلمین کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان تمام مکاتب فکر کو اپنے طور طریقہ سے عبادت کرنے کی مکمل آزادی دیتا ہے، لہٰذا ایسے کسی اقدام کو برداشت نہیں کیا جائے گا جس سے عزاداری سید الشہداء متاثر ہوتی ہو یا اس پر حرج آتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ اتنی بوکھلائی ہوئی ہے کہ اسے یہ بھی نہیں معلوم کہ کون زندہ ہے اور کس کو مرے ہوئے دس سال بیت گئے ہیں۔ انہوں نے ضلعی اور مقامی انتظامیہ کی طرف سے بنائی گئی ایسی رپورٹس کو مسترد کیا ہے جس میں انتظامیہ کو یہ تک نہیں معلوم کہ کون حیات ہے اور کون جہان فانی سے کوچ کرگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی رپورٹس کو دیکھ کر انتظامیہ کی اہلیت پر سوال اٹھتا ہے کہ آخر وہ کر کیا رہی ہے؟۔ دس دس سال پرانی رپورٹس کی بنیاد پر عزاداری کو محدود کرنا کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہے اور نہ ہی کسی قسم کی قدغن کو برداشت کیا جائے گا۔
وحدت نیوز(نجف اشرف) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل و سیکریٹری اُمور خارجہ علامہ سید شفقت حسین شیرازی نے مجلس وحدت مسلمین نجف اشرف کے وفد کے ہمراہ شہید باقرالصدر کی جماعت حزب الدعوہ الاسلامیہ کے سیکرٹری جنرل علامہ شیخ علی مرزا سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد میں نجف اشرف کے سیکرٹری جنرل علامہ سید مہدی نجفی کے علاوہ نجف اشرف میں اراکین رابطہ کمیٹی سید علی نقی شیرازی، شیخ ناصر عباس نجفی، سید عمران کاظمی، محمد سجاول نجفی شامل تھے۔ شیخ علی مرزا نے مجلس وحدت مسلمین کے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے نجف اشرف میں مجلس وحدت مسلمین کی فعالیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ نجف اشرف میں مقیم پاکستانی طلبا انتہائی ذہین اور متحرک ہیں۔ اس موقع پر شیخ علی مرزا کا کہنا تھا کہ نجف اشرف میں مجلس وحدت مسلمین کے مسئول علامہ سید مہدی نجفی انتہائی فعال ہیں۔ اُنہوں نے اس موقع پر علامہ شفقت شیرازی کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہم ہر میدان میں مجلس وحدت مسلمین کے شانہ بشانہ ہیں۔ جس مشن کا آغاز مجلس وحدت مسلمین نے کیا ہے ہم اُسکی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین نے شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان میں بہت جلد کامیابی حاصل کی ہے۔ آخر میں ایم ڈبلیو ایم نجف اشرف کے سربراہ علامہ سید مہدی نجفی نے علامہ شیخ علی مرزا کو دفتر نجف اشرف کی کارکردگی رپورٹ پیش کی، جسے حزب الدعوہ الاسلامیہ کے مرکزی رہنما نے سراہا۔
وحدت نیوز(میانوالی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع میانوالی کا تنظیمی کنونشن گزشتہ دنوں ضلعی سیکریٹریٹ میں منعقد کیا گیا ، جسمیں ضلع بھر سے اراکین شوریٰ نے شرکت کی ۔جب کے صوبائی سیکرٹری امور نوجوانان مولاناسید حسن رضا ہمدانی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اراکین شوریٰ نے اتفاقِ رائے سے سید مظفر حسین شاہ کو متفقہ طور پر نیا ضلعی سیکرٹری جنرل منتخب کر لیا ۔مولاناسید حسن رضا ہمدانی نے نومنتخب ضلعی سیکرٹری جنرل سے حلف لیا اور شرکاء سے خطاب کیا۔اس سے قبل علمدار حسین ملک ایڈووکیٹ مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے ۔تقریب میں عیسی خیل سے ڈاکٹر امیر حسین شاہ اور قمرمشانی سے قیصر عباس خان نے سے شرکت کی۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ عظمت ولایت کانفرنس میں وطن عزیز کے با وفا بیٹوں اور دہشت گردی کا شکار شہداء کے خانوادوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کرکے طالبان سے مذاکرات کے خلاف فیصلہ سنا دیا، ریاست کے ذمہ داران اپنی بزدلی کو حکمت کا نام دے کر شہداء کے خون سے غداری کے مرتکب ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عظمت ولایت کانفرنس کی عظیم الشان کامیابی کے بعد کراچی ڈویژن کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سید حسن ظفر نقوی کا کہنا تھا کہ آج بانیان پاکستان کی اولادیں میدان عمل میں وارد ہوچکی ہیں اور انشاء اللہ کسی کو بھی ملکی سالمیت کا سودا نہیں کرنے دیں گے، اگر ریاست کے ذمہ داران یہ سمجھتے ہیں کہ وہ پاکستان کے عوام کی امیدوں کے برخلاف فیصلہ کریں گے توانہیں جان لینا چاہیئے کہ محب وطن عوام وطن کا دفاع کرنے کیلئے دہشت گردوں سے مذاکرات کرنے والی جماعتوں کو شدید عوامی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے عظیم الشان عظمت ولایت کانفرنس کے انعقاد اور اسے کامیاب بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر نے پر تمام قومی و ملی تنظیموں ، اداروں ، شخصیات کا شکریہ ادا کیا خصوصاً امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ، امامیہ اسکاؤٹس ، پیام ولایت فاؤنڈیشن ، شہید فاؤنڈیشن ، اصغریہ آرگنائزیشن ، ہیت آئمہ مساجد وعلماء امامیہ پاکستان ، مجلس ذاکرین امامیہ، مرکز ی تنظیم عزاء ، سندھ حکومت ، پولیس انتظامیہ ، رینجرز انتظامیہ اور دیگر تمام اداروں کا بھر پور شکریہ ادا کر تے ہو ئے ان تمام اداروں کی کامیابی کی دعا کی ۔
وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کوئٹہ کے میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان کے مطابق گزشتہ روزایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ سید ہاشم موسوی کی قیادت میں مجلس وحدت مسلمین کے وفد نے ارباب عبدالظاہر کے خاندان سے اظہار ہمدردی اور یکجہتی کیلئے ارباب ہاؤس کا دورہ کیا ۔وفد میں ممبرصوبائی اسمبلی سید محمد رضا ،علامہ ولایت حسین جعفری اور مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ ڈویژن کے سیکرٹری جنرل سید عباس علی موسوی اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔علامہ سید ہاشم موسوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں صدیوں سے رہنے والے برادر اقوام اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ امن اور بھائی چارے سے رہ رہے ہیں لیکن ایک منظم سازش کے تحت کوئٹہ کے مثالی امن اور بھائی چارے کی فضاء کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی وجہ سے کاروبار،تعلیم،ملازم پیشہ افراد اور دیگر تمام طبقے کے لوگ متاثر ہو رہے ہیں اور عوام میں شدید عدم تحفظ اور مایوسی پائی جاتی ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ دن دہاڈے بھرے بازار سے جہاں پیدل چلنا مشکل ہے وہاں اغواء کاروں کا کاروائی کر کے نکل جانا تمام سیکورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔آخر میں انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ارباب عبدالظاہر کاسی کو باحفاظت فی الفور بازیاب کیا جائے اور مزید اس قسم کے واقعات کے تدارک کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔