وحدت نیوز(بدین) سندھ کے ضلع بدین میں عظمت ولایت کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز ہوگیا۔ اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ ضلع بدین کے سیکریٹری جنرل آغا بہادر علی میمن نے بدین میں موجود مختلف اضلاع کے دورہ جات کئے۔ اس موقع پر کارنر میٹنگز سے خطاب میں آغا بہادر علی میمن کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر کو سندھ کی عوام غدیری جذبہ کے ساتھ نشتر پارک میں حاضر ہونگے اور انشاء اللہ ولایت کے پیروکاروں کا یہ عظیم الشان اجتماع ثابت کردے گا کہ غدیر کے ماننے والے آج بھی زندہ ہیں اور ہمیشہ غدیر کے پیغام کو عام کرنے کیلئے اپنی تمام کر کاوشوں کو بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ولایت کے پیروکار سرزمین پاکستان میں دہشت گردوں سے مذاکرات کے خلاف ہیں اور عظمت ولایت کانفرنس میں ثابت کردیں گے کہ ہم نے ہمیشہ ظالم کے ظلم کے خلاف اپنی آواز حق کو بلند کیا ہے چاہے اس کیلئے ہمیں کتنی ہی قربانیاں کیوں نہ دینی پڑیں۔
وحدت نیوز(قم المقدسہ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے قم المقدسہ میں ادارہ امید طلاب پاکستان کی طرف سے دی گئی عید ملن پارٹی میں شرکت کی اور خطاب کیا۔ ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل نے دینی تعلیم کے حصول پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے آپ کو دینی معلومات اور روحانی کردار کا حامل بنانا ہوگا۔ آج پوری دنیا میں عوام حقیقی عرفان اور معرفت کی تلاش میں ہے اور اسی وجہ سے بعض اوقات لوگ عرفان اور معرفت کے جھوٹے دعوے داروں کے چنگل میں پھنس جاتے ہیں۔ انہوں نے دینی طلاب کو اصلاح نفس کی جانب متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کے تمام مسائل کا حل انسانوں کی اصلاح میں پوشیدہ ہے۔ علامہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا پاکستان میں بعض اداروں اور بکے ہوئے حکمرانوں نے جو کچھ کیا، اس کے باعث پہلے تو بنگلہ دیش ہمارے ملک سے الگ ہوا اور اب اس ملک کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ آج اگر پاکستان کی فوج یا سلامتی کے دیگر اداروں پر کوئی حملہ کر رہا ہے تو نہ تو وہ شیعہ ہے اور نہ ہی بریلوی سنی بلکہ یہ وہ افراطی دیوبندی ہیں، جو انہی ایجنسیوں کے ہاتھوں کی پیداوار ہیں اور مینڈکوں کی مانند ان کی تربیت کی گئی ہے اور یہ جونک کی مانند ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں، لیکن قومی سلامتی کے ذمہ دار ادارے نہ تو ان کے پشت پناہ مدارس کے خلاف اقدام کرتے ہیں اور نہ ہی ان کے خاتمہ کیلئے کوئی مناسب اقدام اٹھا رہے ہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ یہ خود ہمارا ہی کیا دہرا ہے کہ آج ہم یہ اعلان کرنے پر مجبور ہیں کہ قومی سلامتی کو سب سے بڑا خطرہ اب بیرونی سرحدوں سے گذر کر اندرونی سرحدوں میں داخل ہو چکا ہے۔
ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے دینی طلاب کو حقیقی نظام رہبریت و ولایت فقیہ سے متمسک رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج ہم شام میں استکبار کی شکست کا مشاہدہ کر رہے ہیں تو یہ سب کچھ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ کی بابصیرت رہبریت کا ہی نتیجہ ہے۔ شام میں استکبار کو نہ صرف فوجی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے بلکہ استکبار جہانی اپنے ترکی، سعودی عرب اور یورپی ممالک جیسے حامیوں سمیت رائے عامہ کی ہمواری اور میڈیا کے میدان میں بھی مقاومت، آزادی کی تحریکوں اور مرکز آزادی شام سے سخت شکست کا متحمل ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ آمریکہ نے ایسے وقت میں مسلط کرنے کی کوشش کی، جب خود ایران کے اندر بعض نام نہاد اور بہت سابقہ دار انقلابیوں کی جانب سے کچھ ایسی باتیں سامنے آ رہی تھیں، جس کی وجہ سے امریکہ اور اسکتبار کو کافی امید وابستہ ہوچکی تھی۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل اپنے چند روزہ دورہ قم کے اختتام پر ایم ڈبلیو ایم شعبہ قم کی جانب سے جمعرات کے روز دی جانے والی عید ملن پارٹی میں بھی خطاب کرینگے۔
وحدت نیوز(جھنگ) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے فلاحی ادارے خیرالعمل فاونڈیشن کی طرف سے عید کے موقع پر صوبہ پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ ضلع جھنگ کے علاقہ اٹھارہ ہزاری میں متاثرین میں خوراک تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ سیلاب سے متاثرہ 50 خاندانوں میں راشن کے پیکٹ تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے مہمان خصوصی ممبر سنٹرل ایگزیگٹو کیمٹی خیرالعمل فاونڈیشن پاکستان و سیکرٹری فلاح و بہبود مجلس وحدت مسلمین صوبہ پنجاب سید مسرت حسین کاظمی تھے۔ تقریب کی صدارت ضلع جھنگ کی مذہبی، سماجی و سیاسی شخصیت علامہ سید اظہر حسین کاظمی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین ضلع جھنگ نے کی۔ اس کے علاوہ صوبائی کابینہ اور ممبر ریجنل ایگزیکٹو باڈی خیر العمل فاونڈیشن صوبہ پنجاب استاد ذوالفقار اسدی کے علاوہ کثیر تعداد میں معززین علاقہ اور میڈیا کے افرادنے شرکت کی۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے سید مسرت حسین کاظمی نے کہا کہ خیر العمل فاونڈیشن پاکستان ملک میں دکھی انسانیت کی بلا تفریق مذہب وملت خدمت سرانجام دینے میں کوشاں ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ایتام کی ماہانہ کفالت پر تقریباً 8 لاکھ خرچ کئے جا رہے ہیں۔ اسی طرح تعمیر وطن پروگرام کے تحت سیلابی علاقوں کے متاثرین میں 250 مکانات بنا کر تقسیم کیے جا چکے ہیں اور اسی سلسلے کی کڑی میں ملک بھر میں رہائشی کالونی کی سکیم کے تحت مزید 200 گھر بنائے جا رہے ہیں۔ جو متاثرین میں تقسیم کیے جائیں گے۔ ملک بھر میں 50 مساجد کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہے اور تقریباً 20 مساجد زیرتعمیر ہیں۔ ملک میں صحت کی بحالی کے لئے پسماندہ علاقوں میں 3 ڈسپنسریاں بنائی جا چکی ہیں اور ایک جدید آلات سے مزین میڈیکل سنٹر ضلع ڈیرہ غازی خان میں اپنی تکمیل کے آخر ی مراحل میں ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ناگہانی آفات سے مقابلہ کرنے کے لیے شعبہ ڈیزاسسٹر مینجمنٹ ہر وقت تیار ہے۔ یہ تقریب اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ جس میں مستحق متاثرین میں راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔
وحدت نیوز ( حیدرآباد) 27اکتوبر کو کراچی کی سرزمین مادر وطن سے محبت کر نے والوں کے عشق کی گواہی دی گی ، سندھ بھر سے قافلے عظمت ولایت کانفرنس میں شرکت کریں گے ، ہم اپنے بزرگو ں کی قربانیوں کے نتیجے میں حاصل کردہ پاکستان کو دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں ہو نے دیں گے ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل وترجمان علامہ حسن ظفر نقوی نے حیدر آباد پریس کلب میں پرھجوم پریس کانفرنس کر تے ہو ئے کیا اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین ضلع حیدر آباد کے سیکریٹری جنرل علامہ امداد نسیمی ، مولانا گل حسن مرتضوی ، عروج تقوی، عباس مرتضائی اور دیگر بھی موجود تھے ۔
پریس کانفرنس کر تے ہو ئے علامہ حسن ظفر نقوی نے کہا کہ کراچی کی سرزمین پر پیروان ولایت کا عظیم اجتماع عظمت ولایت ایک نئی تاریخ رقم کرے گا ، یہ اجتماع دہشت گردی لاقانونیت اور مہنگائی کے خلاف سنگ میل ثابت ہو گا ، سندھ بھر سے لاکھوں فرزندان ولایت غدیری وعزم و حوصلے کے ساتھ عظمت ولایت کانفرنس میں شریک ہو نگے ،انہوں نے کہا کہ حکمران عوامی مسائل کے حل میں بالکل ناکام ہو چکے ہیں ،پو ری ریاست آہستہ آہستہ دہشت گردو ں کے سامنے سرینڈر کر تی چلی جا رہی ہے ، اسٹیٹ کمزوری کا مظاہرہ کر رہی ہے اور دہشت گرد ان پر غالب آرہے ہیں ، ہم پاکستان کی پہلی دفاعی لائن ہیں ، اس وطن کے غیور اور باوفا بیٹے اس ملک کی تباہی اور بربادی پر نظارہ گر نہیں بنیں گے ، ہم وطن کی سالمیت کے خلاف اٹھنے والے ہاتھوں کو توڑنا جانتے ہیں ۔
وحدت نیوز (لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور تربیت علامہ سید احمد اقبال رضوی نے مرکزی میڈیا سیل کو جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ۹ ذی الحج یوم عرفہ پر ملک کے مختلف شہروں میں اجتماعی دعائے عرفہ کے پروگرامات منعقد ہونگے ، لاہور میں مرکزی اجتماع وحدت روڈ بھیکے والا موڑ میں منعقد ہو گا جس میں دعائے عرفہ کی تلاوت اور خطاب مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی کریں گے ، کراچی میں جعفر طیار سوسائٹی میں دعائیہ اجتماع و مجلس شہادت حضرت مسلم بن عقیل علیہ السلام منعقد ہو گی ،اس کے علاوہ اسلام آباد ، گلگت ، بلتستان ، کوئٹہ اور ملک دیگر شہرو ں میں بھی اجتماعات منعقد ہو نگے۔
وحدت نیوز(بہاولپور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تربیت علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ مشرق وسطٰی میں ڈکٹیٹروں کی حکومت ہے اور عرب ممالک پر بادشاہ حکومت کر رہے ہیں۔ امام خمینی نے کہا تھا کہ حق مانگنے سے نہیں ملتا بلکہ حق چھیننے سے ملتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی ایس او بہاولپور ڈویژن کے تنظیمی کنونشن سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ، ان کا کہنا تھا کہ اُمید مستضعفین جہاں کنونشن کا مقصد پاکستان سمیت دنیا بھر کے کمزور اور ناتواں لوگوں کی مدد اور اُمید بننا ہے۔ علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان میں کامیابی چاہتے ہیں تو رہبر کے فرمان پر عمل کرتے ہوئے قیام کریں اور میدان میں حاضر رہنا ہوگا۔ ہمیں خانقاہیت کو ترک کرکے میدان میں نکلنا ہوگا۔ امام خمینی کے انقلاب کی کامیابی قوم کو میدان میں حاضر رکھنا ہے، حالانکہ امام کے پاس کوئی اسلحہ نہیں تھا۔ لیکن قوم کی آمادگی اُن کی کامیابی کا سبب بنی۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارا افتخار ہے کہ ہمارے لیڈر سید علی خامنہ ای ہیں۔ پوری دنیا میں ایسا کوئی لیڈر نہیں جو ہمارے عظیم رہنما کے مدمقابل ہو۔ آئی ایس او پاکستان رہبر کبیر امام خمینی، شہید قائد علام عارف حسین الحسینی، ڈاکٹر محمد علی نقوی اور دیگر شہداء کی امانت ہے۔