The Latest

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے نامور قوال امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کالعدم جماعتوں کی کارستانی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات حکومت کی دہشت گردوں کے خلاف کاروائی میں تساہل پسندی کا نتیجہ ہیں۔ کراچی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر بے بس دکھائی دے رہے ہیں۔حکومتی صفوں میں دہشت گردوں کے لیے نرم گوشہ رکھنے والوں کی موجودگی ایسے واقعات کا باعث ہے جب تک ریاستی اداروں میں موجود کالی بھیڑوں کا صفایا نہیں ہوتا تب تک دہشت گرد اسی طرح معصوم جانوں کو نشانہ بناتے رہیں گے۔انہوں نے کہا امجد صابری کو محب اہلبیت ہونے کی سزا دی گئی ہے۔ایک مصروف شاہراہ پر قتل کی یہ واردات قانون نافذ کرنے والوں کی نا اہلی اور لاپرواہی کی بدترین مثال ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ امجد صابری کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے۔علامہ ناصر عباس نے مرحوم کی بلندی درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کے صاحبزادے ایڈوکیٹ اویس سجاد کی پرسرار گمشدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ماضی میں اس طرح کے واقعات میں کالعدم مذہبی جماعتیں ملوث رہی ہیں۔جب تک ان کالعدم جماعتوں کا مکمل صفایا نہیں ہوتا تب تک قانون و انصاف کی بجائے ظلم و بربریت کا راج رہے گا۔ملک دشمن عناصر نے ہائی کورٹ کے جسٹس کے بیٹے کو اغوا کر کے عدلیہ پر حملہ کیا اور یہ ثابت کرنے کی کوشش کی ہے کہ ان کی گرفت تاحال مضبوط ہے اور انہیں کسی بھی شخصیت تک بآسانی رسائی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر سندھ حکومت دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کرتی اور کالعدم جماعتوں کو پنپنے کا موقعہ فراہم نہ ہوتا تو آج صورتحال مختلف ہوتی۔ ملک میں امن و امان کی ناگفتہ بہ صورتحال کے باعث ہر شخص عدم تحفظ کا شکار ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنی ذمہ داریاں مزید چوکس رہ کر ادا کرنا ہو گئیں۔ اویس سجاد کی بازیابی کے لیے سندھ حکومت کی طرف سے فوری اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔

وحدت نیوز(اسلام آباد) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الہی اور سابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے اپنے اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ ایم ڈبلیو ایم کے احتجاجی کیمپ میں مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ چوہدری پرویز الہی نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک ملک گیر سیاسی و مذہبی جماعت کے سربراہ گزشتہ 40 روز سے بھوک ہڑتال پر ہیں اور حکومت ان کے مطالبات پر کان نہیں دھر رہی جو سراسر زیادتی ہے۔ انہیں انصاف دینا وفاقی حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے مگر حکومت کی جانب سے تاحال کسی بھی قسم کی پیش رفت نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہیں خوامخواہ دیوار کے ساتھ لگایا جا رہا ہے۔ ہم اس پرامن احتجاج کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور حکومت کو یہ باور کرانے آئے ہیں کہ ان کے مطالبات تسلیم کیے جائیں بصورت دیگر حالات کی ذمہ داری حکومت پر ہو گی۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہ احتجاجی کیمپ میں آمد پر دونوں سیاسی رہنماوں اور ان کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سفاک اور بےحس ہو چکی ہے۔ اس وقت احتجاج کا یہ سلسلہ یورپ سمیت دنیا بھر کے تمام ممالک میں پھیل چکا ہے لیکن یہاں سے دو کلومیٹر سے بھی کم مسافت پر وزیر اعظم ہاوس، پریزیڈنسی، پارلیمنٹ، سپریم کورٹ اور دیگر وزارتیں موجود ہیں لیکن کسی میں اتنی اخلاقی جرات نہیں کہ وہ آکر ہماری بات کو سن سکے۔ ان جابر حکمرانوں سے جمہوریت کا ڈھونگ رچایا ہوا ہے۔ انہیں عوام کی بالکل پرواہ نہیں۔ حکومت اس پرامن احتجاج کو مشتعل کرنے کی دانستہ کوشش میں مصروف ہے۔ ہم ایک مہذب اور پُرامن قوم ہیں۔ حکومت اپنے شاطرانہ ہتھکنڈوں سے ہمیں پُر تشدد راستے پر نہیں لے جا سکتی۔ ہم نے پرامن انداز میں اپنے احتجاج کے سلسلے کو آگے بڑھانا ہے۔ نیوز بریفنگ میں علامہ ظفر حسن نقوی، علامہ اصغر عسکری اور نثار فیضی سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

وحدت نیوز (جامشورو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندہ کے سیکریٹری جنرل علامہ مقصودعلی ڈومکی نے اصغریہ کے مرکزی سیکریٹریٹ المہدی سینٹر جامشورو پہنچ کر اصغریہ آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر فضل حسین اصغری اور اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر سے ملاقات کی علامہ مقصودڈومکی نے دونوں رہنماؤں کو گذشتہ ایک ماہ سے جاری قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی بھوک ہڑتال اوراحتجاجی تحریک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی،اصغریہ آرگنائزیشن اور اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنایزیشن کے مرکزی قائدین نے ریاستی جبروتشدد کے خلاف جاری قائد وحدت علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کی پر امن جمہوری جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعلان کیااور اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔

وحدت نیوز (سرگودھا) متعصب ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کے ہاتھوں لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار ہونے والی پاکستانی شہری سیدہ مسرت بانو مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی خصوصی کوششوں سےرہا ہوگئیں، زرائع کے مطابق ہفتے کودینی طالبہ  سیدہ مسرت بانو ایران کے شہر مشہد سے لاہور پہنچی ہی تھیں کہ متعصب ایف آئی اے انتظامیہ اور پنجاب پولیس نے انہیں دہشت گرد قرار دے کرگرفتار کرکے سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا تھا، جس کے بعد سیدہ مسرت بانو کو سرگودھا منتقل کر دیا گیا تھا۔اطلاعات کے مطابق سوشل میڈیا پر بلاجواز گرفتاری کی خبر آتے ہی پاکستانی اداروں پر شدید تنقید کی گئی تھی، جس کے بعد مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنی خصوصی کوششوں سے سیدہ مسرت بانو کو رہائی دلائی، جس پر سیدہ مسرت بانو کے اہل خانہ نے اسلام آباد پریس کلب کے سامنے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے بھوک ہڑتالی کیمپ پہنچ کر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کا تہہ دل سے خصوصی شکریہ ادا کیا۔

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے سیدہ مسرت بانوکی بلاجواز گرفتاری پر اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سے صرف تبلیغ کے لئے پاکستان آنے والی خاتون کو اس انداز میں ایئرپورٹ سے گرفتار کرنا سراسر ظلم و زیادتی ہے،  عالمہ اور مبلغہ جو اسلامی جمہوریہ ایران سے صرف تبلیغ کے لئے پاکستان آئیں تھیں، انہیں ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے گرفتار کیا اور انسداد دہشت گردی کے ادارہ (سی ٹی ڈی) کے حوالہ کر دیا،جنہیں بعد ازاں عدم ثبوتوں کی بنیاد پر رہا کرنا پڑا،اس عمل سے ریاستی اداروں کا تعصب ظاہر ہوتا ہے ، مقتدر حکمران اور عسکری قیادت اس متعصبانہ اقدام کا فوری نوٹس لیں سازش میں ملوث اہلکاروں کو فوری معطل کیا جائے ۔

وحدت نیوز(ٹیکسلا) مجلس وحدت مسلمین پاکستان ،امامیہ آرگنائزیشن اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کےباہمی اشتراک سے جامعۃ القائم ٹیکسلا میں عظمت شہداء کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس سے مختلف علماء کرام نے خطاب کیا ۔تنظیمی عہدہ داروں ،علماء اور علاقے کے عمائدین نے اس کانفرنس میں بھر پور شرکت کی ۔ عظمت شہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےمرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل جناب حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ احمداقبال رضوی نے کہاکہ آج پاکستان میں بنو امیہ کا دور دہرایا جا رہا ہے اور شیعیان حیدر کرار کو مختلف بہانو ں سے دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔عزادار وں کے خلاف بے بنیاد مقدمات بنائے جا رہے ہیں اور انہیں پابند سلاسل کیا جارہا ہے ،خطباء و واعظین پر ایک ضلع سے دوسرے اضلاع تبلیغ دین کے سلسلے میں پابندی لگائی جارہی ہے ۔ عزاداری کے اوقات کو محدود کیا جارہا ہے ۔ماتم داری اور عزاداری کے جلوسوں کے روٹوں کو تبدیل یا اس کے ٹائم میں کمی کی جارہی ہے ۔ شیعہ وسنی مکتب فکر کی جانب سے ہر قسم کی مذہبی مجالس اورمحافل کے انعقاد پر قدغن لگائی جارہی ہے ۔ یہ ظلم ہے اور ہم ملکر اس ظلم کا مقابلہ کریں گے ۔ شیعہ وسنی میں کوئی اختلاف نہیں ۔ہمارا اختلاف تکفیری سوچ سے ہے جو ملک کی جڑوں کو دیمک کی طرح چاٹ رہی ہے ۔ جس سے ملک میں بدامنی اور فرقہ واریت کو ہوا دی جارہی ہے ۔ اس سوچ کے حامی آج اسٹبلشمنٹ کے اندر موجود ہیں ۔جو اس سوچ کو وطن عزیزمیں پروان چڑھانے میں ممدومعاون رہے ہیں ۔
    
آج شیعہ و سنی میں وحدت ہے ۔ ہم اپنے اپنے نظریے پر قائم رہتے ہوئے اور ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام کرتے ہوئے انشاءاللہ عید کے بعد اپنی احتجاجی تحریک کو ایک نئی جہت دیں گے ۔ ہم ہر قسم کے ظلم کے خلاف ملکر مقابلہ کریں گے اور اپنے شہداء سے کیے گئے وعدوں کو نہیں بھلائیں گے ۔ ہم کب تک صبر کریں ؟کراچی ،کوئٹہ ، پاراچنار ،ڈیرہ اسماعیل خان ، گلگت بلتستان جہاں شیعیان حیدرکرار کی آبادیاں ہیں، کو مقتل گاہ میں تبدیل کردیا گیا ۔ ہماری زمینوں پر قبضہ کرایا جارہا ہے ۔ ہماری احتجاجی تحریک خالصتاً آئینی اور قانونی ہے ۔ ہماری اس تحریک کو دنیا میں سراہا جا رہا ہے ۔ ہم ہر قسم کے تشدد کے خلاف ہیں ۔ہم اپنا حق پر امن طریقے سے مانگ رہے ہیں ۔ اب ہماری آواز کو دبایا نہیں جا سکتا ۔ ہم اپنے حقوق کو لے کر رہیں گے ۔ انشاءاللہ عید الفطر کےبعد قائد وحدت نے لانگ مارچ کی کال دے دی ہے ۔اس لانگ مارچ کا قوم بھرپور ساتھ دے گی ۔اس لانگ مارچ کا رخ حکومت کے ایوانوں کی جانب ہو گا ۔ اب ہم خاموش نہیں رہیں گے اور ہر ظلم کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ہم نے اس وطن عزیز کی خاطر قربانیاں دی ہیں اور ہم اپنے شہداء کے ناحق بہائے گئے خون سے بے وفائی نہیں کریں ۔ہم ملک پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے میں اپنا بھر پور کردار اداکرتے آئے ہیں اور ادا کرتے رہیں گے ۔

وحدت نیوز(اٹک) علامہ راجہ ناصر عباس جعفری سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان کےبهوک ہڑتالی کیمپ کے مطالبات کی حمایت میں ملک گیر تحریک کے سلسلہ میں صوبہ پنجاب میں رابطہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے،مجلس وحدت مسلمین پاکستان پنجاب کی ھنگر سٹرائیک 4 جسٹس کے حوالے سےعوامی رابطہ مہم کے سلسلہ میں  ضلع اٹک کے زیر اہتمام سنجوال مسجد جعفر یہ میں ضلع بھر کی ماتمی سنگتوں ، علماء کرام زاکرین ، بانیان مجالس ، متولیان مساجد و امام بارگاہ ، اور مختلف طبقہ ھائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عمائدین ملت کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا گیا جس کی صدارت نامزد ضلعی أرگنائزر سید باقر حسین نقوی نے کی شرکاء کی بڑی تعداد سے علامہ اعجاز حسین بہشتی مرکزی سیکرٹری تربیت ، برادر نثار علی فیضی مرکزی سیکرٹری تعلیم اور نامزد سیکرٹری جنرل سید باقر نقوی نے شیعہ نسل کشی کے خلاف ناصر ملت علامہ راجہ ناصر عباس کی بھوک ہڑتال کے اغراض و مقاصد اور اب تک کی پیش رفت پر خطاب کیا ، علامہ اعجاز بہشتی نے کہا کہ یہ بھوک ہڑتال اور تحریک ملت کی عظمت کی عکاس ہے جو کامیابی سے ہمکنار ہو گی اس موقعہ پر شرکاء نے مجلس وحدت مسلمین کی شیعہ نسل کشی کے خلاف تحریک میں بڑھ چڑھ کر شرکت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین صوبہ جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے پہلے مرحلے میں گیارہ رکنی صوبائی کابینہ کا اعلان کر دیا، نامزد صوبائی کابینہ کی تقریب حلف برادران جامعہ مسجد الحسین نیو ملتان میں منعقد ہوئی جس میں مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے خصوصی شرکت کی۔ مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے نامزد صوبائی کابینہ سے حلف لیا۔ جنوبی پنجاب کی پہلی صوبائی کابینہ میں سلیم عباس صدیقی اور محمد اصغر تقی کو ڈپٹی سیکرٹری جنرل، احسان اللہ خان بلوچ کو سیکرٹری سیاسیات، سید عدیل عباس زیدی کو سیکرٹری نشرواشاعت، سید محمد ثقلین کو سیکرٹری میڈیا سیل، سید جواد رضا جعفری کو سیکرٹری تنظیم سازی، سید فرخ مہدی کو سیکرٹری تربیت وتبلیغات، مولانا اسد عباس آہیر کو امام سجاد فائونڈیشن، طاہر عباس مگسی کو سیکرٹری فلاح وبہبود، انجینیئر سخاوت علی کو سیکرٹری تعلیم اور علی رضا خان کو سیکرٹری روابط کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ سید اقتدار حسین نقوی، بہاولپور، مظفرگڑھ، علی پور، رحیم یارخان، میانیوالی، بھکراور خانیوال کے سیکرٹری جنرل اور اُن کے نمائندگان موجود تھے۔

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے سالہائے گزشتہ کی طرح امسال بھی آئی آر سی لان میں دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا۔ دعوت افطار میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکریٹری تربیت علامہ اعجاز بہشتی، خیرالعمل فاؤنڈیشن کے چیئرمین علامہ باقر زیدی، جعفریہ الائنس پاکستان کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری شبر رضا، آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی محرکین علامہ مرزا یوسف حسین، صغیر عابد رضوی، مجلس ذاکرین امامیہ کے سربراہ علامہ نثار قلندری، آئی ایس او کراچی کے صدر یاور عباس، پیام ولایت فاؤنڈیشن کراچی کے صدر اسلم علوی، جے ڈی سی کے جنرل سیکریٹری ظفر عباس، سماجی رہنما ثمر عباس، اسکاؤٹ رابطہ کونسل کے سردار حسین اور معروف ذاکر اہل بیت (ع) علامہ فرقان حیدر عابدی سمیت علامہ جعفر رضا نقوی، علامہ موسیٰ عابدی، علامہ علی نقی، علامہ شیخ غلام محمد فاضلی، علامہ محمد علی فاضل قمی، میثم عابدی، منور جعفری، یعقوب حسینی، ذکی ہاشمی، علی احمر زیدی، معروف اسکالر راشد احد سمیت بڑی تعداد میں شیعہ تنظیموں کے عہدیداران اور ایم ڈبلیو ایم کے ذمہ داران نے شرکت کی۔ دعوت افطار کے شرکاء سے علامہ اعجاز حسین بہشتی، علامہ مرزا یوسف حسین، علامہ نثار قلندری، علامہ فرقان حیدر عابدی، شبر رضا سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے خطاب کیا اور ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی بھوک ہڑتال اور ان کے مطالبات کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر نظامت کے فرائض علامہ مبشر حسن نے سرانجام دیئے۔ قبل ازیں نماز مغربین علامہ مرزا یوسف حسین کی اقتداء میں ادا کی گئی۔

وحدت نیوز(آرٹیکل) آج انسان کے سامنے صرف دو راستے ہیں،ظلم کرکے زندہ رہنا یا مظلوم بن کر۔یہ دونوں راستے استعمار کے بتائے ہوئے ہیں۔آج پوری دنیا کے ذرائع ابلاغ کے زریعے انہی دونوں راستوں کی تشہیر کی جاتی ہے۔

 ایک عام انسان جب سیاستدانوں کے بیانات سنتا،اخبارات پڑھتا اور ٹی وی دیکھتاہے تو وہ یوں سمجھتاہے کہ جیسے انسانیت ایک بند گلی میں پہنچ چکی ہے۔اسے یوں محسوس ہوتاہے  کہ جیسے اب انسان کے پاس ظلم کرنے یا ظلم سہنے کے سوا کوئی چارہ ہی نہیں ۔وہ مظلوموں کو بے سہارا،انسانیت کو مایوس اور انسانی اقدار کو قصہ پارینہ سمجھنے لگتاہے۔

حالانکہ انبیائے کرام اور دینِ اسلام نے انسان کے سامنے ایک تیسرا راستہ بھی  رکھا ہے۔وہ تیسرا راستہ جسے ہم صراطِ مستقیم کے نام سے جانتے ہیں، صراطِ مستقیم وہ راستہ ہے  جو حدِ وسط ہے،جو کلمہ اعتدال ہے،جو میزانِ حق ہے اورجو نورِ مستقیم ہے۔

صراطِ مستقیم یہ ہے کہ جس طرح ظلم کرنا ننگ و عار ہے اسی طرح ظالموں سے ہمکاری،ظالموں کی طاقت سے لوگوں کو مرعوب کرنا اور عوام النّاس کو ظلم قبول کرنے پر راضی کرنے کی کوشش کرنا بھی ذلت و رسوائی ہے۔

صراطِ مستقیم  ،لوگوں کو مظلوم بنانے کا دین نہیں بلکہ مظلوموں کو ظالموں کے خلاف کھڑا کرنے کا نام ہے۔

اس وقت استعماری طاقتیں مکمل منصوبہ بندی سے صراطِ مستقیم پر پردہ ڈالے ہوئے ہیں۔ میڈیا میں دنیا کے سامنے مسلمانوں کے صرف دوچہرے پیش کئے جارہے ہیں،مسلمان یا تو دہشت گردی کرتے دکھائی دے رہے ہیں اور یا پھردہشت گردی کے شکار ہورہے ہیں۔مزے کی بات یہ ہے کہ دہشت گردی کی تربیت بھی مساجد اور مدارس سے دی جاتی ہے  جبکہ دہشت گردوں کے ہاتھوں مارے جانے والوں کی نماز جنازہ پڑھانے والے بھی مدارس و مساجد کے ترجمان ہوتے ہیں۔

مارنے والے اور مرنے والے دونوں کو اسلامی چہرے کے طور پر بڑھ چڑھ کر متعارف کروایا جاتاہے۔جبکہ اسلام کے حقیقی چہرےکو کہیں پر نہیں دکھایاجاتا۔

اگر کہیں پر  کو ئی مسلمان رہنما انسانی حقوق کی بات کرے،مظلوم کو مظلوم بن کررہنے سے نفرت دلائے تو اسے باقرالنمر اور شیخ زکزاکی کی طرح منظر عام سے ہٹادیاجاتاہے۔

استعمار کو گوارا نہیں کہ کوئی مسلمان رہنماانسانی حقوق، احترامِ آدمیت،آزادی رائے،بیداری اقدار اور عدالتِ عمومی  کی بات کرے۔استعمار یہ چاہتا ہے کہ مسلمان فقط  دہشت گرد کہلوائیں یا  پھر صرف مظلوم بن کر آنسو بہائیں۔

اس وقت پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں،حکومت کی طرف سےبے گناہ لوگوں کی گرفتاریوں،سرکاری اداروں کی طرف سےدہشت گردوں کی پشت پناہی ،حکومتی سرپرستی میں دینی مدارس کی طرف سے دہشت گردی کی ٹریننگ اورتکفیریت کی تعلیم و تبلیغ کے خلاف  احتجاج کے نام پر جو کچھ ہورہاہے ،وہ چاہے کوئی بھی پارٹی کررہی ہے ،یا کوئی بھی گروہ کررہاہے یہ در اصل دنیا کو اسلام کی حقیقی شکل دکھانے کی ایک سعی اور کوشش ہے۔

مسلمانوں کے ایک دینی پلیٹ فارم سے ،اسلامی رہنماوں کی طرف سے بھوک ہڑتال کیمپ ،عالمی برادری کے لئے ایک پیغام اوربین الاقوامی انسانی اداروں کے لئے ایک لمحہ فکریہ ہے کہ اسلام کی حقیقی شکل وہ نہیں ہے جو تمہیں  دکھائی جارہی ہے۔

اس احتجاج کے ذریعے پوری دنیا کو یہ پیغام مل رہاہے کہ جو بے گناہ انسانوں پر ظلم کرتاہے اور یاپھر مظلوم بن کر اپنی مظلومیت کی لاش پر آنسو بہاتارہتاہے وہ اسلام ، اسلام ِ محمدی ؐ نہیں ہے۔یہ دونوں اسلام کے وہ چہرے ہیں جو استعمارنے درہم و دینار اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے تراش تراش کر دنیا کے سامنے پیش کئے ہیں۔

اسلام حقیقی وہ ہے جو غافل انسانوں کو بیدار کرتاہے،جو مظلوموں کو ظالموں کے خلاف صف آرا کرتاہے اورجو انسانی اقدار اور مساوات کی علمبرداری کرتاہے ۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا یہ احتجاج دنیا میں اسلام کے اس حقیقی چہرےکو متعارف کروانے کا نکتہ آغاز ہے۔دیگر مذاہب و مسالک اور مختلف ممالک کی شخصیات  کی طرف سے مجلس وحدت مسلمین  کی حمایت اس بات کی دلیل ہے کہ اس احتجاج سے دنیا ایک مرتبہ پھر اسلام حقیقی کے چہرے کی طرف متوجہ ہوئی ہے۔

دنیا کو ایک مرتبہ پھر یہ بات سمجھ میں آنے لگی ہے کہ اسلام فقط مظلوم بن کر جینے،مسجد ،مدرسے اور اذان تک محدود نہیں ہے بلکہ اسلام عادلانہ سیاست ،ظلم کے خاتمے اور مظلوم کو اس کاحق دلانے کا دین ہے۔

وقت کے ساتھ ساتھ اس احتجاج میں جتنی شدت آتی جائے گی ،اسلام حقیقی کا چہرہ اتنا ہی نکھرتا جائے گا۔کل تک جو لوگ یہ سمجھ رہے تھے کہ

آج انسان کے سامنے صرف دو راستے ہیں،ظلم کرکے زندہ رہنا یا مظلوم بن کر۔اب انہیں یہ سمجھ میں آجائے گا کہ ایک تیسرا راستہ بھی ہے اور وہ غافل انسانوں کو بیدار کرنے، مظلوموں کو ظالموں کے خلاف صف آرا کرنےاور انسانی اقدار کی علمبرداری کرنے کا ہے ۔

اس سے پہلے جولوگ استعماری   دنیا کو یہ تاثر دے رہے تھے کہ پاکستان میں تکفیریت نے شیعت کا راستہ روک دیا ہے،وہابیت نے اہل سنت کو دیوار کے ساتھ لگا دیاہے اور سیکولر تنطیموں نے مذہبی قیادتوں کو بلیک میل کردیاہے اور اب  پاکستانی کی دینی تنظیمیں اور مذہبی شخصیات ایک بند گلی میں پہنچ چکی ہیں۔

 اس احتجاج کے ذریعے وہ  سیکولر اور سعودی عرب کے وظیفہ خور خود بند گلی میں پہنچ گئے ہیں،اب وہ اپنی ہی بنائی ہوئی بند گلی کے افق پر مجلس وحدت مسلمین کے فکری و نظریاتی سورج کو ابھرتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔

سورج روشنی پھیلاتاہے،

روشنی اپنے وجود کا اظہار کرتی ہے

چونکہ روشنی وجود رکھتی ہے

اندھیرے کی مجبوری ہے کہ

اندھیرا اپنے وجود کا اظہار نہیں کرسکتا

 وہ صرف سورج کو ڈوبنے کی بددعائیں دیتاہے

اندھیرے کی بددعائیں روشنی کا راستہ نہیں روک سکتیں

دنیا میں روشنی پھیل رہی ہے۔۔۔

ہم رہیں نہ رہیں  روشنی رہے گی

سلام اس روشنی پر کہ جس نے

لوگوں کو بند گلیوں سے نکال کر

انسانیت کی تاریک راہوں میں

اجالا کیا

سلام ان پر کہ  بھوک اور پیاس سے

جن کے پژمردہ جسموں کامستعار نام “اجالا “ہے۔

 

 

تحریر۔۔۔۔۔۔۔نذر حافی

This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree