The Latest

وحدت نیوز (کراچی) مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل سید میثم رضا عابدی کی والدہ محترمہ مختصرعلالت کے بعد بارضائے الہٰی انتقال فرما گئیں، مرحومہ کے انتقال پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ، صوبائی اور ضلعی قائدین بشمول علامہ راجہ ناصرعباس جعفری، علامہ حسن ظفر نقوی ، علامہ احمد اقبال رضوی،ناصر شیرازی، علامہ اعجاز بہشتی، علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ اصغر عسکری، ملک اقرارحسین ، علی احمر زیدی، نثار فیضی، مہدی عابدی، اسد عباس نقوی سمیت دیگر نے میثم عابدی سے انکی والدہ کے انتقال پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیااور مرحومہ کی مغفرت اور پسماندگان کے لیئے صبر جمیل کی دعا کی ،علاوہ ازیں مرحومہ کی نماز جنازہ امام بارگاہ شہدائے کربلا ؑ انچولی سوسائٹی میں علامہ رضی جعفرنقوی کی زیر اقتداء ادا کی گئی جبکہ تدفین مقامی قبرستان میں عمل میں آئی، نماز جنازہ میں عزیز واقارب سمیت مختلف مذہبی وسماجی شخصیات اور ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی ، علامہ احمد اقبال رضوی، علامہ باقر عباس زیدی ، علامہ حیدر عباس عابدی، علامہ علی انور جعفری، علامہ مبشر حسن ودیگر موجود تھےجبکہ مرحومہ کا سوئم مسجد وامام بارگاہ سید الشہداءآئی آر سی میں منعقد ہوئی جس میں عزیز واقارب سمیت مختلف مذہبی وسماجی شخصیات نے شرکت کی ۔

وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی پولیٹیکل کونسل کے کوآرڈینیٹر آصف رضا ایڈووکیٹ کا ایم ڈبلیوایم کے کونسلر حلقہ 12کربلائی رجب علی کے حلقے کا دورہ،انہوں نے علاقہ عوام سے ایم ڈبلیوایم کونسلرکی کارکردگی کے حوالے سے بات چیت کی اور سوالات کیئے ،عوام کا ایم ڈبلیوایم کونسلرکی کارکردگی پر مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار ،واضح رہے کہ حلقہ 12 کی اکثریت آبادی پشتون قوم پر مشتمل ہے۔

وحدت نیوز (مظفرآ باد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی معاون مسئول برائے شعبہ تنظیم سازی علامہ اصغر عسکری اور مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین کا دورہ آزاد کشمیر ۔ وحدت سیکرٹریٹ میں ریاستی کابینہ کے اجلاس میں خصوصی شرکت ۔ اجلاس میں تنظیمی و ملی امور پر گفتگو کی گئی ۔ اجلاس میں ریاستی سیکرٹری جنرل علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا سید طالب حسین ہمدانی ، سیکرٹری تنظیم سازی سید حسین سبزواری ،سیکرٹری سیاسیات سید محسن رضا جعفری ایڈووکیٹ ، سیکرٹری شماریات ڈاکٹر عابد علی قریشی ، سیکرٹری اطلاعات سید حمید حسین نقوی ، سیکرٹری جنرل مظفرآباد مولانا سید مجاہد حسین کاظمی و دیگر نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ اصغر عسکری نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین محرموں و مظلوموں کی آواز کا نام ہے ۔ قریہ قریہ اس جماعت کے جانے کا مقصد مظلوموں و محروموں کو مضبوط کرنا ہے ۔ ہم نے درس کربلا کو آگے بڑھانا ہے ۔ ملت محرومہ اب ملت محرومہ نہیں رہی ۔ بلکہ مجلس وحدت مسلمین ان کی مظبوط آواز بن چکی ہے۔ ملک اقرار حسین نے کہا کہ ہم نے الہی اقدار کو فروغ دینا ہے ۔ تعلیمات آل محمد علیھم السلام کے مطابق کام کر رہے ہیں ۔ ناصر ملت کی بھوک ہڑتال ہو یا کوئی بھی احتجاج ہم نے ہمیشہ مظلوم کی بات کی ہے ۔ مظلوم چاہے کسی مسلک و مذہب کا ہو ہم اس کے حامی و مددگار بن کر کھڑے ہوں گے ۔ سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین آزاد جموں و کشمیر علامہ سید تصور حسین نقوی الجوادی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین آزاد کشمیر میں ایک بھرپور جماعت کے طور پر جانی جاتی ہے ۔ لوگ اس کے پروگراموں میں بھرپور شرکت کر کے اپنی نصرت کا اظہار کرتے ہیں ۔ مجلس نے آزاد کشمیر میں اتحاد بین المومنین و اتحاد بین المسلمین کے لیے اچھے اقدامات اٹھائے ۔ مسائل کے باوجود اپنی آواز کو دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے بالعموم اور مقبوضہ کشمیر کی محکوم عوام کے لیے بالخصوص اٹھایا ۔ آخر میں علامہ اصغر عسکری نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور عالم اسلام کے مسائل حل کے لیے دعا کروائی۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل خواہر زہرہ نقوی نے ضلع ملتان کا تنظیمی دورہ کیا،جہاں امام بارگاہ "جوادیہ(ع)" ضلع ملتان میں خواتین کی کثیر تعداد سے "جشن عید میلاد النبی(ص) اور ماہِ مبارکہ ربیع الاول" کی مناسبت سے خطاب بھی کیا۔آپ نے اپنے خطاب میں ماہِ ربیع الاول کی اہمیت و خصوصیت پہ تفصیلی روشنی ڈالی،امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اتحاد بین المسلمین اور مذہبی ہم آہنگی ضرورت اور افادیت اور اسکے لئے کوشش اور جدوجہد پہ زور دیا۔اسکے علاوہ ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین ضلع ملتان کی کابینہ سے بھی تفصیلی میٹنگ کی اور مختلف امور کا جائزہ لیا۔خانم   ناصرہ بتول کا بطور  سیکرٹری جنرل انتخاب عمل میں لایا گیا۔پروگرام "دعائے سلامتی امام زمانہ(ع) و ملک و ملتِ جعفریہ" کے لئے دعاوں کے ساتھ اختتام پزیر ہوا۔

وحدت نیوز(علی پور)مجلسِ وحدت مسلمین شعبہ خواتین پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل خواہر زہرہ نقوی نے ضلع علی پور کا تنظیمی دورہ کیا جہاں ماہِ ربیع الاول  میں عیدِ میلاد النبی(ص) اور عیدِ زہرہ(ع) و عیدِ شجاع کی مناسبت سے  ایم ڈبلیوایم شعبہ خواتین ضلع علی پور کی جانب سے خواتین اور بچوں کیلئے جشنِ میلاد کا اہتمام کیا گیا۔ جسمیں خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔میلاد میں خطاب کرتے ہوئے مرکزی سیکرٹری جنرل خواہر زہرہ نقوی نے ماہِ ربیع الاول کو وحدتِ اسلامی اور امتِ مسلمہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے اظہار کا بہترین زریعہ قرار دیا۔بافرمانِ رہبرِ کبیر  ہفتہ وحدت کی اہمیت اور ضرورت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔اسکے علاوہ عیدِ زہرہ(ع) کی مناسبت سے  کہاکہ اہلبیت(ع) کی خوشیاں ہماری ہر خوشی پہ مقدم ہیں۔ اور خصوصی طور پہ جشنِ آغازِ امامت کی مناسبت سے بطور منتظرین زمہ داری بیان کی،اسکےبعد  ضلع علی پورکی شعبہ خواتین کیساتھ پھر ایک تفصیلی میٹنگ ہوئی، جسمیں  خواہر موفیزہ بطور جنرل سیکرٹری  ضلع علی پور اور خواہر تبسم زہرہ  ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل  کا انتخاب عمل میں آیا اور تقریبِ حلف برداری ہوئی، ایم ڈبلیوایم  شعبہ خواتین ضلع علی پور کی جانب سے شھداء ملتِ  جعفریہ کےخانوادہ کی فلاح و بہبود کیلئے مرکزی سیکرٹری جنرل خواہر زہرہ نقوی کونقدڈونیشن بھی پیش کیا گیا۔

وحدت نیوز(بھکر) مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی کال پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح بھکر میں بھی ایم ڈبلیو ایم ضلع بھکر کے زیراہتمام جی پی او چوک پر استقبالیہ کیمپ لگایا گیا، استقبالیہ میں ایم ڈبلیو ایم بھکر کے ضلعی سیکرٹری جنرل سفیر حسین شہانی ایڈووکیٹ اور دیگر رہنما موجود تھے۔ اس موقع پر شرکائے جلوس کے لیے چائے اور پانی کی سبیل کا بھی اہتمام کیا گیا۔ استقبالیہ کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے سفیر حسین شہانی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں تمام مسالک کے درمیان وحدت کے فروغ کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے، ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی جانب سے ہفتہ وحدت کو جوش و خروش کے ساتھ منانے کا اعلان اس کا واضح ثبوت ہے۔ بھکر میں نامساعد حالات کے باوجود قائد وحدت کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ہم نے استقبالیہ کیمپ لگا کر ضلعی انتظامیہ کو اتحاد اور وحدت کا پیغام دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ پُرامن افراد کے خلاف کارروائی کی بجائے انتشار پسند عناصر کے خلاف کارروائی کرے، اسی میں پاکستان کی بھلائی ہے۔

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی ہدایت پر ملک بھر میں عید میلاد النبی (ص) کے موقع پر استقبالیہ کیمپ، چائے اور پانی کی سبیلوں کا اہتمام کیا گیا۔ ملتان میں ایم ڈبلیو ایم کے زیراہتمام امام بارگاہ حسین آباد دولت گیٹ، جیل موڑ چوک اور چوک شاہ عباس پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے۔ ملتان کے مرکزی استقبالیہ کیمپ میں مخدوم سید وجاہت حسین گیلانی، ممبر قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر، ممبر صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری، علامہ اقتدار حسین نقوی، ضلعی سیکرٹری جنرل سید ندیم عباس کاظمی، علامہ قاضی نادر حسین علوی، چیئرمین سرائیکستان نوجوان تحریک مظہر عباس کات، علامہ طاہر عباس نقوی، مولانا عمران ظفر، مولانا سلمان محمدی، مولانا ممتاز حسین ساجدی، مولانا علی حسین نقوی، مولانا علی رضا، سید دلاور عباس زیدی، سید وسیم عباس زیدی، ملک شجر عباس کھوکھر، ملک ثمر عباس کھوکھر اور دیگر برادران نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر میلادالنبی (ص) کے جلوسوں کے شرکاء پر گل پاشی کی گئی اور عاشقان رسول کا شاندار استقبال کیا گیا۔ استقبالیہ کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ بارہ ربیع الاول سے سترہ ربیع الاول تک ہفتہ وحدت عالم اسلام کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں، ہم ہر سال 12 ربیع الاول کو استقبالیہ کیمپ لگا کر اس ہفتہ وحدت کا آغاز کرتے ہیں اور دنیا کو بتاتے ہیں کہ ہم کس طرح وجہ تخلیق کائنات (ص) کا ذکر کرتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ 16 ربیع الاول کو جامع مسجد الحسین گلشن مارکیٹ سے گھنٹہ گھر چوک تک عظیم الشان میلاد ریلی نکالی جائے گی۔ مذہبی و سیاسی رہنمائوں نے مجلس وحدت مسلمین کے اس اقدام کو عملی وحدت کا نمونہ قرار دیا۔ مخدوم وجاہت حسین گیلانی نے اس موقع پر اس اتحاد و وحدت کی کامیابی کے لئے خصوصی دعا کرائی۔ 

ہفتہ وحدت۔۔۔ایٹمی طاقت سے بڑھ کر

وحدت نیوز(آرٹیکل) ہفتہ وحدت کا آغاز ہوگیاہے،مسلمان اپنے آخری نبیﷺ کی ولادت کا جشن منانے میں مصروف ہوگئے ہیں۔پیغمبر رحمت ﷺ کی ولادت کا جشن ،مسلمانوں کو سیرت نبویؐ پر عمل پیرا ہونے کی دعوت دیتاہے۔ایک طرف مسلمان جشن ِ ولادت پیغمبرؐ بنانے میں لگے ہیں اور دوسری طرف یہ بھی آج کی ہی خبر ہے کہ  کراچی سے پانچ دہشت گردوں کو تخریب کاری کی کاروائی  کرنےسے پہلے گرفتار کیا گیاہے۔پولیس کے مطابق یہ دہشت گرد ایک لمبے عرصے سے کراچی میں رہ رہے تھے اور انہوں نےافغانستان سے اسلحے اور بارود کی تربیت حاصل کی ہے۔دہشت گردوں نے کئی بچوں کو اغوا کر کے تاوان وصول کرنے اور سائٹ ایریا کی فیکٹری مالک سے بھتہ وصول کرنے کا اعتراف بھی کیا  ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ ان پانچوں میں سے ایک کا تعلق بھی کسی غیر مسلم کمیونٹی سے نہیں ہے۔یہ پانچوں مسلمان ہیں اور ۱۲ ربیع الاول کو مسلمانوں پر ہی شب خون مارنا چاہتے تھے۔

چونکا دینے والی بات یہ بھی ہے کہ ان پانچوں  کا تعلق طالبان سے ہے اور ہمارے قارئین کو یاد ہوگا کہ ۲۰۱۴میں  بھی انہی دنوں میں طالبان نے ۱۶ دسمبر کو آرمی پبلک اسکول پشاور پر حملہ کر کے ادارے کے سربراہ کو آگ لگائی تھی اور مجموعا ۱۴۴ افراد کو شہید کیا تھا۔

سولہ دسمبر کی تاریخ کو ہی بنگلہ دیش بھی ہم سے جدا ہوا تھا اور اس سال اتفاق سے سولہ دسمبر کی تاریخ ہفتہ وحدت میں آرہی ہے۔دشمنان اسلام ہرگز یہ نہیں چاہتے کہ مسلمان وحدت اور اخوت کے ساتھ رہیں چنانچہ اس مرتبہ ہفتہ وحدت کے موقع پر ہمارے سیکورٹی اداروں کو  پہلے سے کئی گنا زیادہ چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔

جہاں تک گرفتار شدہ دہشت گردوں کی افغانستان میں تربیت کی بات ہے تو ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے بعد یہ حقیقت اب کسی سے مخفی نہیں رہی کہ افغانستان اور بھارت  دونوں  ہی پاکستان کو اپنا مشترکہ دشمن سمجھتے ہیں۔

میڈیا میں متعدد چھپنے والی رپورٹس سے عیاں ہے کہ پاکستان میں سرگرم تمام پاکستان دشمن ٹولے را کی سرپرستی میں افغانستان میں ٹریننگ حاصل کرتے ہیں۔ان گروپوں کے نام مختلف ہیں لیکن مشن ایک ہی ہے کہ پاکستانی عوام کا قتلِ عام کیاجائے،پاکستان کے تجربہ کار اور جرات مند فوج اور پولیس کے جوانوں  کو تہہ تیغ کیا جائے،پاکستان کے دانشوروں ،ڈاکٹروں اور اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ کی جائے۔

ابھی گزشتہ روز ہی چارسدہ روڈ پر دہشت گردوں نے فائرنگ  کر کے محکمہ انسداد دہشت گردی کے افسر ڈی ایس پی ریاض الاسلام  کو ہلاک کیا ہے۔اس قتل کی ذمہ داری بھی طالبان نے قبول کی ہے۔

دہشت گردوں نے اپنا نیٹ ورک مضبوط کرنے کے لئے شروع میں یہ تاثر دیا کہ ہم فقط اہل تشیع کے دشمن ہیں جبکہ وقت کے ساتھ ساتھ ان کے چہرے سے نقاب الٹتا گیا اور یہ حقیقت واضح ہوتی گئی کہ دہشت گردسرزمینِ عراق و شام کی طرح ارضِ پاکستان کے دشمن ہیں اور تمام پاکستانیوں کے خون کے پیاسے ہیں۔

دہشت گردی کا سرطان یوں تو پورے ملک میں پھیلا ہوا ہے لیکن اس کا موجودہ مرکز بلوچستان ہے۔بلوچستان میں  افغان ایجنسی این ڈی ایس  کے دہشت گردوں کی نقل و حرکت،حقانی نیٹ ورک کی موجودگی،القاعدہ اور را  کے نیٹ ورکس  نیز ”لشکر جھنگوی العالمی“کے بارے میں خبریں آئے روز میڈیا میں گردش کرتی رہتی ہیں اور پاکستان دشمن کاروائیاں ہوتی رہتی ہیں۔بنگالیوں کی طرح بلوچوں کو بھی پاکستان سے متنفر کرنے کے لئے اور پاکستان کے دیگر علاقوں کے رہنے والوں کو اہل بلوچستان سے نفرت دلانے کے لئے مختلف  انداز میں  کام کیا جارہاہے۔

ایک طرف خود قبائلی تعصب کی آڑ میں بعض بلوچ قبائل کو خود مختاری کا نعرہ لگواکر پاکستان کی سالمیت کے خلاف اسلحہ اور ٹریننگ دی جاری ہے،دوسری طرف ہزارہ قبیلے پر قاتلانہ حملوں کے ذریعے اہل بلوچستان کے درمیان  قبائلی اور مسلکی نفرت کی خلیج کو وسیع کیاجارہاہے ،تیسری طرف خود ہزارہ برادری سے لوگوں کو متنفر کرنے کے لئے زائرین کا استحصال کیاجارہاہے اور چوتھی طرف عوامی وفوجی اورپولیس مراکز کو نشانہ بنا کر حکومتی رٹ کو کمزور ثابت کیاجارہاہے۔

یعنی خود بلوچستان کی سرزمین کو ہی پاکستان کو توڑنے کے لئے استعمال کیاجارہاہے۔یہ سب کچھ بظاہر مختلف لوگ کررہے ہیں لیکن درحقیقت ایک ہی ایجنڈے”پاکستان توڑنے” کی تکمیل کررہے ہیں۔

اس مرتبہ ہفتہ وحدت کی مناسبت سے جہاں ہمیں مذہبی رواداری کو نبھانے کی کوشش کرنی چاہیے وہیں اجتماعی شعور اور ملی بیداری کے لئے بھی سعی کرنی چاہیے۔اپنی تقریروں اور تحریروں کے ذریعے ہمیں ملک دشمن عناصر کی فعالیت اور ان کے مذموم مقاصد کا پردہ بھی چاک کرنا چاہیے۔

ہفتہ وحدت کے وسیلے سے پاکستان کو دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کے لئے اجتماعی شعور پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔لوگوں کو یہ سمجھانے کی ضرورت ہے کہ  ملک دشمنوں کے خلاف ،وحدت کی طاقت، ایٹمی طاقت سے بڑھ کرہے۔




تحریر۔۔۔۔۔نذر حافی

This email address is being protected from spambots. You need JavaScript enabled to view it.

وحدت نیوز(ملتان) مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے۔ انسداد بدعنوانی کے حوالے سے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ پانامالیکس اور میگا اسکینڈلز میں بے نقاب ہونے والے افراد قومی مجرم ہیں۔ کرپٹ افراد کا کڑا احتساب ہونا چاہئے، تاکہ ملک میں سے کرپشن کا خاتمہ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ'' گلوبل کرپشن بیرومیٹر'' کے مطابق ملک میں سب سے زیادہ کرپشن حکومتوں میں رہنے والی سیاسی جماعتوں میں ہے، جبکہ سیاستدان دوسرے، کاروباری طبقہ تیسرے اور پولیس چوتھے نمبر ہے۔ اتنے بڑے پیمانے پر حکومتی وزراء، چند سیاسی جماعتیں جو مسلسل کئی بار حکومتوں میں رہی ہیں، کے اندر ہونے والی کرپشن لمحہ فکریہ اور باعث تشویش ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ عوام کے خون پسینے کی کمائی لوٹنے والوں کا کڑا احتساب ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ 20 کروڑ پاکستانی عوام کی خواہش ہے کہ پانامالیکس کو جلد ازجلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ وزیراعظم نواز شریف کے بچوں سمیت جن پاکستانیوں کے نام پانامالیکس میں آئے ہیں، ان کو احتسابی عمل سے گزرنا پڑے گا۔ ملک و قوم کی زندگی میں فرد نہیں بلکہ ادارے اہم ہوتے ہیں۔ جمہوریت کا حسن اسی میں ہے کہ عوامی رائے اور جذبات کا احترام کیا جانا چاہئے۔ پانامالیکس کے حوالے سے حکمران چھ ماہ سے لیت و لعل سے کام رہے ہیں۔

وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے عید میلاد البنی حضرت محمد ﷺ کے یوم ولادت کے موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول کا دن مسلمانوں کا اپنے نبی کریم ﷺ سے عشق کے عملی اظہار کا دن ہے۔ امت مسلمہ کی تنزلی کا سب سے بڑا سبب رحمت اللعالمین ﷺ کی حقیقی تعلیمات سے دوری ہے۔ حضور نبی کریم ﷺ نے امت کو اخوت، رواداری اور بھائی چارے کا درس دیا ہے۔ آج اسلام کے نام پر جو گلے کاٹے جا رہے ہیں، وہ دین اسلام کے روشن چہرے کو بدنما ظاہر کرنے کی مذموم کوشش ہے۔ جس کے پس پردہ صیہونی نصرانی ایجنڈا کار فرما ہے۔ اس سازش کو باہمی اتحاد و یگانگت سے شکست دینا ہوگی۔ علماء کی اعلٰی بصیرت اور دانش مندانہ اقدامات سے عدم برداشت کے رجحان کا خاتمہ کرکے معاشرے میں امن و سکون قائم کیا جا سکتا ہے۔ آج کا دن تجدید عہد کا دن ہے، نبی کریم ﷺ کی حقیقی تعلیمات کا فروغ اور اس کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کا آج ہمیں عہد کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام جبر و بربریت سے نہیں بلکہ اسوہ حسنہ سے پھیلا ہے۔ دنیا کے دیگر مذاہب حضور کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات مبارکہ کو بہترین نمونہ قرار دیتے ہوئے اسلام کے نظام عدل و مساوات اور باہمی احترام پر عمل پیرا ہیں۔

علامہ ناصر عباس جعفری کا کہنا تھا کہ حضور کریم ﷺ کی ذات مبارکہ سے محبت کے زبانی اقرار کے ساتھ ساتھ ان کی تعلیمات کو عملی زندگیوں میں نافذ کرکے دشمنان اسلام کی کوششوں کو ناکامی سے دوچار کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین 12 تا 17ربیع الاول تک ہفتہ وحدت و اخوت منا رہی ہے۔ اس دوران ملک بھر میں جشن میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں سمینار منعقد کئے جائیں گے۔ تمام صوبائی و ضلعی دفاتر پر چراغان اور نعتیہ محافل کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے۔ بارہ ربیع الاول کو ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوسوں کے راستوں میں استقبالیہ کیمپ اور سبیلیں بھی لگائی جائیں گی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree